Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عمران خان نے قانون کے مطابق گھڑی خریدی: فواد چوہدری، گھڑی کے معاملے پر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا، عطا تارڑ

شیئر کریں:

عمران خان نے قانون کے مطابق گھڑی خریدی: فواد چوہدری

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)پاکستان تحریکِ انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے قانون کے مطابق گھڑی خریدی۔اسلام آباد میں رہنما تحریکِ انصاف فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 2018ء میں سعودی بادشاہ نے ایک گھڑی عمران خان کو تحفے میں دی، گھڑی کی کیا قیمت ہے، یہ تنازع چلتا آ رہا ہے، جب تحائف پاکستان پہنچتے ہیں تو توشہ خانے کے حوالے کر دیے جاتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ چیف آف پروٹوکول تحفے وصول کر کے پاکستان لاتے اور توشہ خانے کے حوالے کرتے ہیں، کابینہ ڈویڑن کے تحت تحائف کی ویلیو ایشن ہوتی ہے، قانون تھا کہ 20 فیصد ویلیو ایشن کی قیمت ادا کر کے تحفہ لے سکتے تھے، ہم نے قانون تبدیل کیا، اب 50 فیصد قیمت ادا کر کے تحفہ لے سکتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ گھڑی کی 10 کروڑ قیمت مقرر کی گئی، قانون کے مطابق 20 فیصد قیمت ادا کر کے گھڑی لی گئی، 5 کروڑ 70 لاکھ میں عمران خان نے مارکیٹ میں گھڑی بیچ دی، گھڑی بیچنے پر کیپٹل گین ٹیکس ادا کیا گیا، عمر ظہور نامی کسی شخص کو یہ گھڑی نہیں بیچی تھی، گھڑی بیچنے کے لیے فرح کے حوالے نہیں کی گئی، نہ ان کا اس سے تعلق ہے۔انہوں نے عمران خان سے توشہ خانے کے تحائف خریدنے والے شیخ عمر فاروق ظہور کے حوالے سے یہ کہا ہے کہ عمر ظہور 4 بھائی ہیں، 3 بھائی ناروے کی جیل میں ہیں، عمر ظہور پر بھی کریمنل کیسز ہیں، عمر ظہور نے ماڈل صوفیہ مرزا سے شادی کی تھی، وہ جعلی کاغذات پر اپنے بچوں کو دبئی لے کر گئے، عمر ظہور کے خلاف دبئی میں قانونی کارروائی کا آغاز کر رہے ہیں۔

 

عمران خان کے خلاف گھڑی کے معاملے پر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا، عطا تارڑ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نارکوٹکس کنٹرول عطا تارڑ نے کہا ہے کہ گھڑی چورعمران نیازی کو اپنی چوریوں کا حساب دینا پڑے گا،بیرون ملک سے پاکستان حکومت کو ملنے والے نایاب تحائف بیچنے، دروغ گوئی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر سابق وزیراعظم کو کریمنل کیس کا سامنا کرنا ہوگا،فرح گوگی کووطن واپس لانے کے لیے ریڈوارنٹ جاری ہوں گے۔پی آ ئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دوست ممالک سے ملنے والے تحائف اور ان کی فروخت کی تفصیل گزشتہ شام سامنے آئی،دنیا میں واحد گھڑی ہونے کے ناطے یہ نایاب گھڑی ہے اور منفرد ریٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اس گھڑی کی مالیت 2 ارب کے قریب کی ہے،فواد چوہدری تو ہر چیز کے فضائل بیان کر سکتے ہیں حتی کہ شیطان کی فضیلت بھی پوچھیں تو خوب بیان کریں گے،صرف اس قلم میں 12 اعشاریہ 4 کیرٹ کے ہیرے لگے ہوئے ہیں،گھڑی ساز کمپنی گراف کے مطابق 1 ارب سے زائد کی گھڑی گزشتہ حکومت نے 2 کروڑ کی خریدی۔عطاء تارڑ نے کہا کہ فواد چوہدری نے گھڑی خریدنے اور بیچنے کا جرم قبول کیا،اتنے معصوم بن گئے کہ کیبنٹ ڈویڑن نے قیمت لگوائی اور انہیں معلوم ہی نہیں ہو سکا،آخر ضرورت کیا پیش آئی کہ اس ضرورت کو توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے دبئی پہنچا دی۔

 

انہوں نے کہا کہ مان لیا کہ عمر فاروق دنیا کا برا ترین آدمی ہے پر عمران خان سے برا نہیں ہو سکتا،عمر فاروق گھڑی ٹی وی پر دکھا رہا ہے آخر اس تک گھڑی پہنچی کیسے؟۔انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کس حیثیت سے گھڑی لے کر پرائیویٹ جہاز پردبئی گئیں یا بنی گالہ سے کوئی موکل عمر فاروق تک گھڑی لے گیا،حکومت الیکشن کمیشن کے فیصلے میں سیشن کورٹ اور ایف آئی اے کی انکوائری کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان دبئی اور لندن میں کیس نہیں چاہے کورٹ آف جسٹس یا دنیا کی کسی عدالت بھی جائیں تو چوری ان کی ہی ہے،عمران خان کے خلاف گھڑی کے معاملے پر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا،گھڑی کے معاملہ پر کیس درج کرنے جا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں عطاء تارڑ نے کہا کہ ڈیلی میل کے خلاف کوئی کیس واپس نہیں لیا،ڈیلی میل سے بنیادی کیس ہم جیت چکے ہیں،ڈیلی میل کے جواب پر ہم 13 دسمبر کو جواب جمع کروائیں گے آئندہ سال سماعت شروع ہو گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کو دسمبر کے اختتام سے قبل پاکستان واپس لانا یقینی بنائیں گے۔عطا ء تارڑ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے دنیا کے پانچ ممالک سے ملنے والے قیمتی تحائف سرے سے توشہ خانے میں جمع ہی نہیں کروائے اور نہ ہی ان کوئی ریکارڈ رکھا گیا۔دوسروں کو چور چور کہنے والا تصدیق شدہ چور ثابت ہوچکا، اس چوری اور سینہ زوری پر سابق وزیراعظم نہ صرف نااہل ہوگا بلکہ اسے سزا کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔عمران خان آ ئین اور قانون کے مطابق چور ثابت ہو چکے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
68060