Chitral Times

Jan 30, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

Posted on
شیئر کریں:

ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

کراچی( چترال ٹایمز رپورٹ )ملک بھر میں آج میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج کا کہنا ہے کہ کراچی میں دو سینٹرز بنائے گئے ہیں، ایک سینٹر این ای ڈی اور دوسرا ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس ہے۔پروفیسر امجد سراج نے بتایا ہے کہ کراچی میں 20 ہزار امیدوار داخلہ ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں، ٹیسٹ کا دورانیہ ساڑھے 3 گھنٹے رکھا گیا ہے، انٹری ٹیسٹ کا آغاز دن 11 بجے ہوا ہے۔پی ایم سی کے چیف کوآرڈینیٹر جواد امین کا کہنا ہے کہ سندھ میں 43 ہزار 994 امیدوار داخلہ ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں، جامشورو یونیورسٹی، نوابشاہ بلاول اسپورٹس کمپلیکس اور خیرپور میں سینٹر بنائے گئے ہیں۔حیدرآباد میں لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسزمیں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ میں کل 15 ہزار 408 طلباء طالبات حصہ لے رہے ہیں۔انٹری ٹیسٹ 329 ایم بی بی ایس، 88 بی ڈی ایس اور 100 بلاول میڈیکل کالج کی نشستوں کے لیے منعقد ہو رہا ہے۔لاہور میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان یونیورسٹی اف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہو رہا ہے۔

 

ترجمان یو ایچ سی کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان پنجاب کے 8 شہروں میں قائم کردہ 25 مراکز میں لیا جا رہا ہے جس میں 83 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں 28 ہزار، ملتان میں 18ہزار، گوجرانوالہ میں 7ہزار، بہاولپور میں ساڑھے 6 ہزارامیدوار امتحان دے رہے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں 12ہزار، ساہیوال میں 4 ہزار، سیالکوٹ اور ڈی جی خان میں ساڑھے 3، 3 ہزار امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے لیے 6 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل نگران عملہ مقرر کیا گیا ہے، امتحانی مراکز پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روکنے کے لیے دفعہ 144نافذ کی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان 200 معروضی سوالات پر مشتمل ہے، ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان میں کم از کم 55 فیصد (110/200) نمبر لانا لازمی ہے جبکہ بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ میں کم از کم 45 فیصد (90/200) نمبر لانا لازمی ہے۔کوئٹہ میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے بلوچستان آئی ٹی یونیورسٹی کے تکتو کیمپس میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔بلوچستان کے میڈیکل کالجز کے لیے انٹری ٹیسٹ میں تقریباً 9 ہزار طلباء و طالبات شریک ہیں۔انٹری ٹیسٹ کی بنیاد پر بولان میڈیکل کالج، لورالائی،خضدار اور تربت میڈیکل کالجز میں داخلے مل سکیں گے۔

 

3 ماہ کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ

کراچی(سی ایم لنکس)سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے صنعتوں کو 15 نومبر سے اگلے 3 ماہ کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے صنعتوں کو 3 ماہ کے لیے گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو 15 نومبر سے 28 فروری تک گیس کی فراہمی بند رہے گی، گیس کی کمی کی وجہ سے صنعتوں کو گیس فراہم نہیں کر سکتے۔ایس ایس جی سی کا مزید کہنا ہے کہ پہلی ترجیح بلوچستان اور سندھ کے گھریلو صارفین ہیں، فیصلہ گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت کیا گیا ہے

 


شیئر کریں: