Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سود کے خاتمے کے فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست دائر

Posted on
شیئر کریں:

سود کے خاتمے کے فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست دائر

اسلام آباد(چترا ل ٹایمز رپورٹ )وفاقی حکومت نے سود کے خاتمے کے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کر دی ہے۔اسٹیٹ بینک کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے درخواست میں مو قف اپنایا گیا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے خلاف اپیل زیر التواء ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیل واپس لینے کی متفرق درخواست منظور کی جائے۔واضح رہے کہ وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام کے خاتمے کا حکم دیا تھا۔اسٹیٹ بینک نے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے اپیل دائر کی۔

 

ارشد شریف پرفائرنگ میں ملوث ایک شوٹرسے ملنے نہیں دیا گیا، ڈی جی ایف آئی اے

اسلام آباد(سی ایم لنکس) ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ کا کہنا ہے کہ ارشد شریف پرفائرنگ کرنیوالے چار میں سے ایک شوٹر سے ملنے نہیں دیا گیا۔امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے کہا کہ کینیا پولیس کے صحافی ارشد شریف کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا یقین ہے۔انہوں نے کہا کہ کینیا پولیس نے چارمیں سے ایک افسر کو پاکستانی تحقیقات کاروں کے سامنے پیش کرنے سے انکار کیا۔ یہ افسر ارشد شریف پر گولیاں چلانے والوں میں شامل تھا۔اس افسر کا ہاتھ دو ہفتے قبل زخمی ہوا تھا۔افسرتک رسائی نہ دینا عجیب بات ہے کیونکہ اس کا بیان اہم ہوتا۔ڈی جی ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے کینیا کی پولیس کے تین شوٹرز سے پوچھ گچھ کی۔ تینوں شوٹرز کے بیانات میں گھمبیر تضاد تھا اور بیانات غیر منطقی تھے۔ اگلا قدم ارشد شریف کی موت کے مقدمے کا ایکسٹرا ڈیشن ایکٹ کے سیکشن چار کے تحت پاکستان کے اندر ایف آئی اے میں اندراج ہے۔ یہ اندراج وفاقی حکومت کے احکامات پر ہوگا۔ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق کینیا پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت صحافی کے سفاکانہ قتل کی تحقیقات میں تعاون کی پابند ہے۔ مشترکہ ٹیم کی تحقیقات ابھی غیر حتمی ہیں اور ٹیم بہت جلد متحدہ عرب امارات جائے گی۔

 


شیئر کریں: