Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ رجیم چینج سازش کے تحت وجود میں آنے والی امپورٹڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔۔وزیراعلیِ 

Posted on
شیئر کریں:

پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ رجیم چینج سازش کے تحت وجود میں آنے والی امپورٹڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔۔وزیراعلیِ

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ رجیم چینج سازش کے تحت وجود میں آنے والی امپورٹڈ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے حصول کے لیے خیبر پختونخوا کے عوام مارچ میں جوش و جذبے سے شرکت کریں گے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ اس امپورٹڈ حکومت نے اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ ملک کو سیاسی اور معاشی بحرانوں میں دھکیلنے والی حکومت نے نہ صرف اپنے اوپر کرپشن کے کیسز ختم کرائے بلکہ اپنے ذاتی فائدے کے لیے ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی عزت وقار بھی داو پر لگایا۔ انکا نظریہ ہی قومی دولت کو لوٹنا اور اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانا ہے اور اس نظریے کے نیچے اس وقت تمام کرپٹ عناصر متحد ہو گئے ہیں۔ ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، جب تک یہ کرپٹ ٹولہ اقتدار سے چمٹا رہے گا ملکی معیشت بہتر نہیں ہو سکتی۔

 

ہفتہ کے روزوزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں محمود خان نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے خیبرپختونخوا میں تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، پی ٹی آئی کے جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام لانگ مارچ میں شرکت کے لیے پر عزم ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں سے عوام تنگ آ چکے ہیں کیونکہ اس مہنگائی نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے اور اس کرپٹ ٹولے کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی پلان و پالیسی نہیں۔ افراط زر میں روانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے، روپے کی قدر میں کمی آ رہی ہے، صنعتی شعبہ تباہ ہو رہا ہے، ملکی معیشت تباہ ہو رہی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ امپورٹڈ سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں سابقہ وفاقی حکومت نے بیشمار چیلنجز کے باوجود ڈوبتی ہوئی ملکی معیشت کو بہتری کے ٹریک پر گامزن کیا اور بین الاقوامی سطح پر قومی وقار اور تشخص کو بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔

 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام دشمن سیاسی عناصر سے یہ برداشت نہ ہوا اور پی ڈی ایم ڈرامے کے ذریعے ایک جمہوری طور پر منتخب حکومت کے خلاف سازش رچائی گئی۔ مہنگائی کا ڈھونگ رچا کر اقتدار میں آنے والی پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں موجودہ ناگفتہ بہ حالات پر خاموش کیوں ہیں۔ یہ جماعتیں پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مہنگائی کا ڈھنڈورا پیٹتی رہیں اور ہر وقت سراپا احتجاج تھیں۔ کیا اب انہیں عوام کی حالت زار نظر نہیں آ رہی جبکہ مہنگائی پہلے سے کئی گنا بڑھ چکی ہے، روزمرہ استعمال کی ناگزیر اشیائبھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس تمام تر صورتحال پر ناہل سیاسی ٹولے کی مجرمانہ خاموشی باعث تشویش ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمران جو مرضی کر لیں، یہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ان کی حقیقت عوام پر آشکار ہو چکی ہے۔ عوام ان کو مسترد کر چکے ہیں اور ان پر کسی صورت اعتماد نہیں کریں گے۔ تمام ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی واضح برتری نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں اور انشائاللہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی سندھ سمیت ملک بھر میں دو تہائی اکثریت سے حکومت بنائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
67917