Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس، نشے میں مبتلا افراد کی بحالی کے لئے حکمتِ عملی ترتیب دینے کے لئے اضلاع سے تفصیلات طلب، 

Posted on
شیئر کریں:

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی زیر صدارت اجلاس، نشے میں مبتلا افراد کی بحالی کے لئے حکمتِ عملی ترتیب دینے کے لئے اضلاع سے تفصیلات طلب،

سوات(نمایندہ چترال ٹایمز ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزی نے منشیات کے عادی افراد کو دوبارہ معاشرے کا مفید شہری بنانے اور سماج میں انہیں باعزت مقام دلانے کیلئے ایک جامع فریم ورک اور حکمت عملی کے تحت انکی بحالی کیلئے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے ڈویژن کے تمام اضلاع سے ایک ہفتے کے اندر نشے میں مبتلا افراد کا صحیح ڈیٹا طلب کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی سطح پر خدمات سرانجام دینے والے بحالی مراکز کے اعداد و شمار فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر میں سرکاری سطح پر چلنے والی بحالی سنٹرز کی مزید فعالیت کیلئے اقدامات اُٹھائیں جائیں گے تاکہ وہاں پر نشئی افراد کی مکمل صحت یابی اور دوبارہ معاشرے کے مفید اور کارآمد شہری بنانے کیلئے تمام تر سہولیات میسر ہوں۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کمشنر آفس سیدوشریف سوات میں نشئی افراد کی دوبارہ بحالی کیلئے حکمت عملی اور پلان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیاجس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کے علاوہ سیکرٹری ٹو کمشنر محمد علی خان، ڈویژن بھر کے اضلاع کے انتظامی اور محکمہ سوشل ویلفئیر کے افسران اور نشئی افراد کی بحالی کیلئے خدمات سر انجام دینے والی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں منشیات کے عادی افراد کو دوبارہ معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے سرکاری تنظیموں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی آراکے نتیجے میں ایک جامع عملی ترتیب دینے کے غرض سے مشاورت ہوئی اور اس ضمن میں بامقصد تجاویز زیر غور لائی گئیں۔کمشنرنے اضلاع کی انتظامیہ کو وہاں پر قائم بحالی مراکز میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے دس روز کے اندر اندر وزٹ کرنے اور اس ضمن میں انہیں تفصیلی پریزینٹیشن پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

 

اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ نشئی افراد نہ صرف اپنے خاندانوں کیلئے تکلیف کا باعث ہوتے ہیں بلکہ وہ معاشرے کیلئے بھی کارامد نہیں رہتے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں صوبائی حکومت اور انتظامیہ اس ضمن میں پوری طرح مستعد ہے کہ منشیات کے عادی افراد کی مکمل بحالی ہوسکے اور وہ معاشرے کے مفید شہری بن کر ایک باوقار زندگی بسر کریں۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں فلاحی اداروں کا کردار بھی قابل تحسین ہے جوسرکاری شعبے کیساتھ ساتھ ڈویژن بھر کے متعدد اضلاع میں اپنے بحالی مراکز میں نشئی افراد کی صحت یابی اور بحالی کیلئے اپنی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اضلاع کی سطح پر قائم سرکاری سرپرستی میں چلنے والے بحالی مراکز کو سہولیات سے آراستہ کیاجائے گا تاکہ ہر ضلع میں ضرورت کے مطابق سرکاری مراکز میں ہر سطح کی گنجائش موجود ہو۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے تجویز دی کہ مختلف اضلاع میں نشئی افراد کی نشاندہی کیلئے ہیلپ لائن رابطہ مرکز سمیت عوام میں میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹو کمشنر محمد علی خان نے تمام اضلاع میں نشئی افراد سے متعلق اعداد و شمار اور اس سلسلے میں نشئی افراد کی بحالی کیلئے مجوزہ حکمت عملی پر مبنی پریزینٹیشن پیش کی۔

commissioner malakand shaukat yousufzai meeting


شیئر کریں: