Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

رواں ماہ صوبے میں انٹر کالجیٹ گیمز اور ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کا آغاز کیا جائے گا، صوبائی وزیر کھیل

شیئر کریں:

رواں ماہ صوبے میں انٹر کالجیٹ گیمز اور ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں کا آغاز کیا جائے گا، صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان
کھیلوں کے فروغ کے لئے مختلف پلیٹ فارمز پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے، عاطف خان۔

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور خوراک عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو تعلیم کیساتھ ساتھ کھیلوں کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔ انھوں نے مختلف کھیلوں میں صلاحیت رکھنے والے کھلاڑی اور تخلیقی صلاحیت کے حامل نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر صوبے و ملک کا نام روشن کریں اس سلسلے میں رواں ماہ انٹرکالجیٹ گیمز اور ٹیلنٹ ہنٹس پروگرام کاآغاز کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کھیل وامور نوجوانان کے جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس کے دوران کیا جس میں سیکرٹری محکمہ کھیل وامور نوجوانان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر کو متعلقہ حکام نے مختلف منصوبوں پر پیش رفت بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 14 نومبر سے صوبے میں انٹر کالجیٹ گیمز کا آغاز کیا جارہا ہے جن میں لڑکوں اور خواتین کے لئے کرکٹ، والی بال، فٹبال اور بیڈمنٹن کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔

 

لڑکوں کے کھیلوں کے مقابلے پشاور جبکہ خواتین کے مقابلے چارسدہ سپورٹس کمپلیکس میں ہونگے، اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبے کے 290 سرکاری کا لجز کے تقریباً پندرہ ہزار مختلف کھیلوں کے کھلاڑی ان مقابلوں میں حصہ لیں گے اسکے علاوہ صوبے میں فوٹوگرافی،ویڈیو گرافی،نعت،قرات، تھیمیٹک آ رٹ اورگرافک ڈیزائننگ وغیرہ پر مشتمل ٹیلنٹ ہنٹ مقابلے بھی شروع کئے جائیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل عاطف خان نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے مختلف پلیٹ فارمز پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے نہ صرف نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے بلکہ اس سے ایک صحمند معاشرہ بھی جنم لے گا، انھوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں پر تعلیم کیساتھ ساتھ کھیلوں کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے وہ بھرپور فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں گے۔عاطف خان نے کہا کہ نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں بھرپور اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں کیونکہ نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جنھوں نے مستقبل میں اس ملک کی باگ ڈور بھی سنبھالنی ہے۔


شیئر کریں: