Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی، شوکت خانم اسپتال منتقل، ملزم گرفتار

شیئر کریں:

عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی، شوکت خانم اسپتال منتقل، ملزم گرفتار

وزیر آباد(چترال ٹایمز رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ سے عمران خان سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد بھگڈر مچ گئی۔ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید بھی زخمی ہو گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق 7 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا ہے اور اس واقعے سے متعلق ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔ واقعہ کی تحقیقات مکمل کر کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

 

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ عمران خان کو دونوں ٹانگوں میں گولی لگی ہے اور انہیں فوری طور پر لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے علاج کے لیے 4 ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، عمران خان کی حالت بہتر ہے اور وہ ایک بہادر کپتان ہیں۔سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما احمد چٹھہ بھی زخمی ہوئے۔زخمی ہونے کے بعد سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اللہ تعالی سب کو حفظ و امان میں رکھے اور عمران خان کے لیے دعا ہے کہ اللہ انہیں اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ اللہ کا کرم ہے، سب خیریت سے ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ احمد چٹھہ اور فیصل جاوید کو گولی لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل جاوید کو منہ پر گولی لگی ہے۔پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ احمد چٹھہ کے ساتھ ہوں اور احمد چٹھہ کو 2 گولیاں لگی ہیں۔ زخم گہرا نہیں ہے اور ان کے جسم سے گولیاں نکالی جا رہی ہیں۔عمران خان کو فائرنگ کے فوری بعد روانہ کر دیا گیا۔ فائرنگ کے بعد لانگ مارچ سے ایک مبینہ شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔گرفتار حملہ آور نے پولیس کو دیئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے اور جس نے انہوں نے لانگ مارچ شروع کیا اس دن سے میں عمران خان کو مارنے کا سوچ رہا تھا۔ملزم نے کہا کہ میرے پیچھے کسی کا ہاتھ نہیں ہے اور یہ فیصلہ میں ں ے خود کیا تھا۔ میں صرف عمران خان کو مارنا چاہتا تھا۔

 

موٹر سائیکل قریب ہی اپنے ماموں کی دکان پر کھڑی کی۔پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان نے کہا کہ فائرنگ کی جگہ سے گرفتار ہونے والا شخص میرا گارڈ ہے جو غلطی سے پکڑا گیا۔فائرنگ کا واقعہ اللہ والا چوک پر استقبالیہ کیمپ کے قریب فائرنگ ہوئی۔عمران خان پر فائرنگ کرنے والے شخص کو روکنے والے نوجوان ابتسام کی تصویر بھی سامنے آگئی۔پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے نے عمران خان کے سینے کا نشانہ لیا تھا لیکن ہم سب نے سامنے کھڑے تھے ہو کر ان کی جان بچائی۔حملے بعد فواد چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان پر قاتلانہ حملے کا بدلہ ضرور لیں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو آئی جی اور چیف سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم نے تحقیقات میں پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اور تحقیقات میں پنجاب حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

 

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گجرات سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کی جائے اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کوقانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔عمران خان پر حملے کے بعد ملک بھر کے بیشتر مقامات پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مری روڈ راولپنڈی سمیت خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں سڑکیں بلاک کر دی گئیں۔پی ٹی آئی کنٹینر پر فائرنگ کے خلاف شیخوپورہ میں احتجاج کرتے ہوئے سرگودھا روڈ کو بلا ک کر دیا گیا، میانوالی وتہ خیل چوک پر بھی احتجاج ہوا اور سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔

 

 

عمران خان کی ٹانگ میں گولی لگی، حالت تشویشناک نہیں، اسد عمر

گوجرانوالہ(سی ایم لنکس)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے بتایا ہے کہ عمران خان کو ٹانگ میں گولی لگی ہے، حالت تشویشناک نہیں۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہیں، فیصل جاوید کو پیٹ میں گولی لگی ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گولی لگی ہے، حالت فی الحال بہتر ہے، تشویشناک نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ٹانگ میں گولی لگی ہے، انہیں لاہور منتقل کیا جا رہا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ فائرنگ سے احمد چٹھہ شدید زخمی ہیں، فائرنگ کے وقت میں کنٹینر کے اوپر نہیں اندر تھا۔

 

عمران خان پر فائرنگ، وزیراعظم نے اپنی پریس کانفرنس منسوخ کردی

اسلام آباد(سی ایم لنکس )وزیراعظم شہباز شریف نے گوجرانوالہ میں فائرنگ کے واقعے کے بعد اپنی پریس کانفرنس منسوخ کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کے واقعے کے دوران عمران خان کے زخمی ہونے کے باعث وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی پریس کانفرنس منسوخ کی۔خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت بھی کی ہے۔وزیراعظم نے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ فوری طلب کرلی جبکہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

 


شیئر کریں: