Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کینسر کے ہزاروں مریضوں کے مفت علاج کیلئے ایک ارب کا پی سی ون منظور

Posted on
شیئر کریں:

کینسر کے ہزاروں مریضوں کے مفت علاج کیلئے ایک ارب کا پی سی ون منظور
پی سی ون کے تحت پشاور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے علاوہ ڈی آئی خان اور ایبٹ آباد میں بھی کینسر مریضوں کے مفت علاج کے لئے سنٹرز قائم کئے گئے ہیں

پشاور (چترال ٹائمز رپور ٹ) کینسر کے ہزاروں مریضوں کے مفت علاج کیلئے ایک ارب کا پی سی ون منظور، پی سی ون کے تحت پشاور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے علاوہ ڈی آئی خان اور ایبٹ آباد میں بھی کینسر مریضوں کے مفت علاج کے لئے سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت کینسر مریضوں کے علاج پر دس فیصد اخراجات حکومت خیبرپختونخوا برداشت کریگی جبکہ 90 فیصد اخراجات کینسر کے علاج کیلئے بین الاقوامی دواساز کمپنی نوارٹس ادا کریگی۔ محکمہ صحت اور دواساز کمپنی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دو سے تین ہفتوں میں دستخط ہوجائینگے جس کے بعد کینسر کے نئے رجسٹرڈ مریضوں کا علاج پھر سے مفت ہوسکے گا جبکہ پہلے سے رجسٹرڈ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔ منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد جمیل ریٹائرڈ ہوچکے ہیں اور ان کی جگہ ڈاکٹر اعجاز نے فرائض سنبھال لئے ہیں۔ تین سال کیلئے ترتیب دئے گئے اس منصوبے سے خون کے کینسر میں مبتلا مریضوں کا مفت علاج ممکن ہوسکے گا۔ تین سال تک اس منصوبے کے تحت ادویات لینے والے مریضوں کو آئندہ پانچ سال کیلئے نوارٹس کمپنی یہ ادویات بلا معاوضہ فراہم کریگی۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق تین سال تک سال کے بارہ مہینوں کی ادویات میں سے دو مہینے کی ادویات کے اخراجات حکومت خیبر پختونخوا برداشت کریگی جبکہ دس مہینوں کی ادویات کی اخراجات دواساز کمپنی برداشت کرے گی۔ خون کے مختلف النوع کینسر کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی پانچ ادویات کی قیمت بالترتیب 1 لاکھ 19 ہزار، 90 ہزار، 3 لاکھ 82 ہزار، 3 لاکھ 76 ہزار اور تین لاکھ روپے ہے۔ جو کہ ہر ماہ ہر مریض کو مفت مہیا کی جاتی ہیں۔ مفاہمتی یادداشت کے ایک مہینے کے اندر اندر محکمہ صحت ادویات کی فراہمی کیلئے آرڈر دیگا جبکہ دواساز کمپنی اپنے متعلقہ ڈیلر کے زریعے ادویات کی بروقت فراہمی ممکن بنائے گی۔منصوبے کے بہتر نفاذ اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے مفاہمتی یادداشت میں سُپروائزری کمیٹی کی تشکیل بھی کی گئی ہے جو کہ ہر چھ ماہ بعد پروجیکٹ کے مختلف امور کا جائزہ لے گی۔اس پروگرام کے تحت جون 2022 تک صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 8 ہزار سے زائد کینسر مریضوں کا مفت علاج کیلئے اندراج ہوچکا ہے۔ جن میں خون کے کینسر میں مبتلا افراد کی تعداد 3764 جبکہ دیگر کینسر میں مبتلا افراد 4850 ہے۔ ان کینسر مریضوں میں 56 فیصد مرد جبکہ 44 فیصد خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 5 سے 97 سال کے مابین ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
67655