Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیر صدارت اضلاع کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس

شیئر کریں:

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیر صدارت اضلاع کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس

سوات (نمایندہ چترال ٹائمز ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیر صدارت کمشنر آفس سیدو شریف سوات میں ڈویژن بھر کے اضلاع کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اضلاع میں سرکاری اراضیات سے متعلق زیرالتوا مقدمات،مختلف سرکاری منصوبہ جات کیلئے اراضیات کے حصول سے متعلق کیسز،سرکاری فیسوں کی ریکوری،میوٹیشن سمیت اراضیات کی کمپیوٹرائزیشن او ردیگر امور کے بارے میں انتظامیہ کی کارکردگی کا سیر حاصل جائزہ لیا گیااور اس ضمن میں دئیے گئے اہداف کے حصول کیلئے مختلف قابل عمل تجاویز زیر غور لائی گئیں۔اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے مجموعی طور پر تمام اضلاع کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تمام انتظامی افسران کو مختلف شعبہ جات میں انتظامی طور پر مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔

 

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنرز کو اضلاع میں مختلف شعبہ جات میں سرکاری منصوبوں کیلئے اراضی کے حصول کی غرض سے خیبرپختونخوا لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 2020 کے تحت تمام درکار دستاویزات متعلقہ محکموں سے طلب کرنے کی ہدایت کی تاکہ ضروری نوعیت کے اراضیات کے حصول میں کسی بھی قسم کی تکنیکی روکاوٹ حائل نہ ہو اور منصوبہ جات کیلئے اراضی کی فراہمی کا طریقہ کار سہل ہو۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ڈویژن کے اضلاع میں مختلف نوعیت کے سرکاری فیسوں کی ریکوری پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ انتظامی افسران کو اس سلسلے میں مزید فعالیت لانے کی ہدایت کی۔انھوں نے پاکستان سیٹیزن پورٹل پر سائلین کی جانب سے درج کردہ گذارشات کی شنوائی اور اس کے حل میں مذکورہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ سرکاری اراضیات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی لائق تحسین ہے تاہم ندی نالوں اور دریاؤں سمیت نجی املاک پر بنائے گئے تجاوزات کے خلاف انتظامیہ کی بلا تعطل کاروائیوں کو بھی پی ایم آر یو کی کارکردگی اعشاریوں میں ڈالا جائے۔

 

اس موقع پر انھوں نے ہدایت کی کہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس سے انکی زیر ملکیت سرکاری اراضیات کی تفصیلات کے سرٹیفکیٹس طلب کئے جائیں تاکہ تمام اضلاع میں کسی بھی جگہ ممکنہ طور پر سرکاری اراضیات پر تجاوزات کا ضلعی انتظامیہ کو ایکشن لینے کیلئے مکمل معلومات حاصل ہوں۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے معمول کے مطابق انتظامی افسران کی انسپکشن دوروں میں مزید تیزی لانے پر زور دیاجبکہ بازاروں میں قائم ٹیکسی اور بس سٹینڈز میں صفائی کے لیے موثر کارروائیاں عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے آبادیوں کے قریب ماحول اور حفظانِ صحت کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی کرش پلانٹس کی بندش اور غیر قانونی مائننگ کو کنٹرول کرنے میں ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔

chitraltimes commissioner malakand chairing dcs meeting swat


شیئر کریں: