Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کوئی ہوٹل لانگ مارچ کے شرکاء کو کمرہ نہ دے: اسلام آباد پولیس

Posted on
شیئر کریں:

کوئی ہوٹل لانگ مارچ کے شرکاء کو کمرہ نہ دے: اسلام آباد پولیس

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کی جانب سے شہرِ اقتدار کے تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز کے لیے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔اسلام آباد پولیس کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کوئی ہوٹل یا گیسٹ ہاؤس پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شرکاء کو کمرے نہیں دے گا۔حکم نامے میں اسلام آباد پولیس کا مزید کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز کی چیکنگ ہو گی۔اسلام آباد پولیس کے حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ میں شریک شخص کو کمرہ کرائے پر دینے پر سخت کارروائی ہو گی۔واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین پنجہ آزمائی شروع ہو گئی ہے۔پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز لبرٹی چوک لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔

 

لانگ مارچ سے متعلق پیمرا کی ہدایات جاری

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کی لائیو کوریج اور تقاریر سے متعلق چینلز کو ہدایات جاری کر دیں۔پیمرا کا جاری کیے گئے اعلامیے میں کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی تقاریر کے دوران تاخیری نظام لاگو کیا جائے۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ تاخیری نظام نہ لگانے والے ٹی وی چینلز کے لائسنس کی معطلی سمیت ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔اپنے اعلامیے میں پیمرا کا کہنا ہے کہ تمام چینلز ریاستی اداروں کو بدنام کرنے والا مواد نشر کرنے سے احتراز کریں۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا اعلامیے میں کہنا ہے کہ اعلیٰ عدالتی احکامات اور پیمرا قوانین کے مطابق لائیو کوریج میں تاخیری نظام ہونا چاہیے۔پیمرا کی جانب سے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز کی ٹرانسمیشن میں مشاہدے میں آیا ہے کہ تقاریر میں ریاستی اداروں کے خلاف بیانات لائیو نشر ہوئے، جو ضابطہء اخلاق اور اعلیٰ عدالتوں کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین پنجہ آزمائی شروع ہو گئی ہے۔پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔گزشتہ روز لاہور کے لبرٹی چوک سے شروع ہونے والا لانگ مارچ اپنے پہلے دن داتا دربار پر پہنچ کر ختم ہوا تھا۔آج لانگ مارچ کا آغاز شاہدرہ سے کیا گیا ہے جو مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا گوجرانوالہ پہنچے گا۔

 

شہباز شریف کو نہ کوئی پیغام پہنچایا اور نہ بوٹ پالش کرنے والوں سے بات کی، عمران خان

مریدکے(چترال ٹایمزرپورٹ) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف آپ نے بیان دیا کہ میں نے آپ کو پیغام پہنچایا ہے کہ ہم آرمی چیف کی تعیناتی کریں لیکن شہباز شریف میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا۔مریدکے میں لانگ مارچ میں شریک کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے بات کرتا ہوں جن سے ملنے آپ گاڑی کی ڈگی میں بیٹھ کر جایا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف تمھارے پاس ہے کیا بات کرنے کے لیے، اور میں تمھیں کیوں پیغام پہنچاؤں گا، میں نے ان سے بات کی جو تمھیں اشاروں پر چلاتے ہیں اور ان سے بھی یہی کہا کہ ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کروائے جائیں۔عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف پوری دنیا سے تم پیسے مانگ رہے ہو، مجھے پیسے دے دو، قوم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتی۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کی طرح ایوب خان کو ڈیڈی نہیں کہتا تھا، امریکا سے مدد مانگتا ہوں اور نہ ہی کسی اور سے مدد مانگتا ہوں، میں نے کسی کی منتیں نہیں کیں بلکہ عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا تھا۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مریدکے کے جذبے اور جنون کو سلام پیش کرتا ہوں، رات کو لانگ مارچ اس لیے ختم کیا کیونکہ عوام کا سمندر رات کو نظر نہیں آنا تھا۔دریں اثنا تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا سفر کامونکی کی طرف جاری ہے جو کہ کچھ دیر بعد سادھوکی کے مقام پر پہنچے گا۔ کامونکی میں قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی طرف سے الگ الگ استقبالیہ اسٹیج لگائے گئے ہیں۔ پولیس کی طرف سے دو ہزار سے زائد نفری تعینات کی گئی ہے۔ لانگ مارچ پہنچنے پر عمران خان سٹی چوک میں عوام سے خطاب کریں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
67524