Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا پشاور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا پشاور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ

پشاور ( چترا ل ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اتوار کے روز صوبائی دارلحکومت پشاور کے مختلف علاقوں کا بغیر کسی سکیورٹی پروٹوکول اچانک دورہ کیا جہاں انھوں نے صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے نجی گاڑی میں رنگ روڈ، یونیورسٹی روڈ، حیات آباداور پشاور شہر کا دورہ کیا اور ان علاقوں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہا ر کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کوصفائی کی صورتحال ایک ہفتے کے اندر اندربہتر بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی دارلخلافہ کی خوبصورتی اور صفائی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں بصورت دیگر کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان علاقوں میں بے ہنگم ٹریفک اور ٹریفک اہلکاروں کی کمی پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو درکار ٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی اور ٹریفک کو منظم انداز میں چلانے کیلئے جامع پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ پشاور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک کے نظام کو کم سے کم وقت میں بہتر بنایا جائے تاکہ غیر ضروری رش سے بچا جائے اور وقت کے ضیاع کو روکا جائے۔

 

وزیراعلیِ محمودخان کا  ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چوکی پر حملے کا نوٹس

پشاور ( چترا ل ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈیر ہ اسماعیل خان میں پولیس چوکی پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔وزیراعلیٰ نے واقعے میں قیمتی جانوں بشمول پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں شہید ہونے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
67517