Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم کا سینیر صحافی ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعظم کا سینیر صحافی ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے وڈیو بیان میں کہا کہ کل کینیا میں ہمارے صحافی ارشد شریف کا جو اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے اور عوام اس پر افسردہ ہیں۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی اعلیٰ عدالتی کمیشن سے شفاف تحقیقات کروائیں گے اور اس کے لیے ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے لیے درخواست دیں گے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم کابینہ سے اس فیصلے کی توثیق کروائیں گے۔قوم کو یقین دلاتا ہوں اس واقعہ کی بے لاگ اور شفاف تحقیق ہوگی اورحقائق پوری قوم کے سامنے لائے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کل سعودی عرب روانہ ہونے سے پہلے کینیا کے صدر سے بات کی اور گزارش کی کہ وہ ہمیں تحقیقاتی رپورٹ فورا بھجوائیں اور ارشد شریف کی میت پاکستان بھجوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اورمجھ سے اظہارہمدردی کیا۔سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو اتوار کی رات کینیا میں پولیس نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی میت آج پاکستان پہنچے گی اور تدفین جمعرات کو اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں ہوگی۔

 

افواج پاکستان نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی اعلی سطحی تحقیقات کی جائیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاک فو ج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی اعلی سطحی تحقیقات کی جائیں،بغیر کسی ثبوت کے بار بار کوئی نہ کوئی جواز بنا کر ادارے کی جانب الزام تراشی شروع کی جاتی ہے، حکومت بلا جواز الزام تراشیاں کرنے والے کے خلاف بھی کارروائی کرے، اس معاملے کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ ارشد شریف کیسے پاکستان سے باہر جانے پر مجبور ہوئے اورکہاں رہے، دیکھنا یہ ہے کہ اس سانحے کو بنیاد بنا کر کون فائدہ اٹھا رہا ہیمنگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر تے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ہم نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملیکی اعلی سطحی تحقیقات کی جائیں، کچھ لوگ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں جو کہ بلاجواز ہیں، بدقسمتی سے لوگ بہت زیادہ الزام تراشی کرتے ہیں، سانحے کو جواز بنا کر من گھڑت الزامات لگائے جارہے ہیں اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ارشد شریف کی ناگہانی وفات پر ہم سب کو دکھ ہے، وہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد میں فیلڈ میں جا کر پروگرام کرتے رہے ہیں، اسی لئے زیادہ افسوس ہو رہا ہے کہ ان کی ناگہانی وفات کو جواز بنا کر انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ اس سانحے کو بنیاد بنا کر کون فائدہ اٹھا رہا ہے۔

 

ارشد شریف قتل؛ اس مرحلے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فائدہ نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ ارشد شریف قتل پر اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا فائدہ نہیں۔ہائیکورٹ میں ارشد شریف قتل پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ وزارت خارجہ و داخلہ کے نمائندے پیش ہوئے اور معاملے کی رپورٹ جمع کرائی۔وکیل بیرسٹر شعیب رزاق نے استدعا کی کہ ارشد شریف کی ڈیڈ باڈی بھی آج پہنچ جائے گی، ہماری استدعا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، پاکستانی حکومت نے دبئی حکومت سے ارشد شریف کی ڈی پورٹ کرنے کا کہا تھا، ارشد شریف یہاں سے گئے تو 13 مقدمات ان کے خلاف درج تھے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ کینیا کی حکومت کی جانب سے رپورٹ آ جائے، اگر انہیں اس پر کوئی اعتراض ہوا تو اس کیس کو مزید سن لیا جائے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ریاست کے ادارے بہتر طور پر اس معاملے کو حل کرسکتے ہیں، اس ملک میں صحافیوں کو اٹھایا جاتا رہا ہے، اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
67356