Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

توشہ خانہ ریفرنس؛ الیکشن کمیشن کا عمران خان کو 5 سال کیلئے نااہل قراردیدیا، فوج داری کارروائی کا بھی حکم

شیئر کریں:

توشہ خانہ ریفرنس؛ الیکشن کمیشن کا عمران خان کو 5 سال کیلئے نااہل قراردیدیا، فوج داری کارروائی کا بھی حکم

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی چئیرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو 5 سال کیلئے نااہل قرار دے دیا، ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دے دی ساتھ ہی عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دے دیا۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے متفقہ فیصلہ سنادیا۔اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے جب کہ الیکشن کمیشن کا کمرہ عدالت صحافیوں، وکلاء اور پارٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد سے بھر گیا۔ رہنماؤں میں فواد چوہدری، اسد عمر، عمر ایوب، شاہ محمود قریشی، شیری مزاری، فیصل جاوید، ملیکہ بخاری و دیگر موجود تھے۔

imran khan pm pak speech

اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں اثاثے چھپانے کے جرم میں نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف فوج داری کارروائی کا حکم دے دیا۔ فیصلے کے بعد عمران خان رکن اسمبلی نہیں رہے اور الیکشن کمیشن نے ان کی قومی اسمبلی کی نشست بھی خالی قرار دے دی۔الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے، جھوٹا اسٹیٹمنٹ جمع کرانے پر آرٹیکل 63 ون پی کے تحت انہیں نااہل قرار دیا جارہا ہے، ان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کی جائے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کو مس ڈیکلریشن کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر الیکشن کمیشن میں غلط گوشوارے جمع کرائے اور ملنے والے تحائف گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے، انہوں نے سال 2018-19 میں تحائف کی فروخت سے حاصل رقم بھی ظاہر نہیں کی۔

 

فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان کا پیش کردہ بینک ریکارڈ تحائف کی قیمت سے مطابقت نہیں رکھتا، انہوں نے اپنے جواب میں جو موقف اپنایا وہ مبہم تھا، انہوں نے مالی سال 2020-21 کے گوشواروں میں بھی حقائق چھپائے، جس کے نتیجے میں انہوں نے الیکشن ایکٹ کی دفعات 137، 167 اور 173 کی خلاف ورزی کی۔عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی دستاویز کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ سے 14 کروڑ 20 لاکھ 42 ہزار روپے مالیت کے تحائف حاصل کیے جب کہ 30 ہزار روپے مالیت سے زائد کے تحائف ادائیگی کرکے حاصل کیے۔عمران خان نے ان تحائف کے 3 کروڑ 81 لاکھ 77 ہزار روپے ادا کیے اور 8 لاکھ مالیت کے تحائف کی ادائیگی نہیں کی۔ عمران خان کی اہلیہ نے 58 لاکھ 59 ہزار روپے کے ہار، بْندے، انگوٹھی اور کڑا 29 لاکھ 14 ہزار روپے وصول کیے جب کہ عمران خان نے گھڑی،کف لنکس، پین، انگوٹھی 2کروڑ 27 لاکھ روپے دے کر حاصل کیے۔ریفرنس دستاویز میں عمران خان کی حاصل کی گئی گھڑی کی اصل مالیت 8 کروڑ 50 لاکھ،کف لنکس کی اصل مالیت 56 لاکھ روپے، پین کی اصل مالیت 15 لاکھ اور انگوٹھی کی اصل مالیت 87 لاکھ ہے۔

 

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اگست کے اوائل میں توشہ خانہ کیس کی روشنی میں عمران خان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا۔آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت دائر کیے جانے والے ریفرنس میں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت عمران خان کی نااہلی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس کے سلسلے میں 7 ستمبر کو الیکشن کمیشن میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا تھا، جس کے مطابق یکم اگست 2018ء سے 31 دسمبر 2021ء کے دوران وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کو 58 تحائف دیے گئے۔جواب میں بتایا کہ ان سب تحائف میں صرف 14 چیزیں ایسی تھیں جن کی مالیت 30 ہزار روپے سے زائد تھی، جسے انہوں نے باقاعدہ طریقہ کار کے تحت رقم کی ادائیگی کر کے خریدا تھا۔اپنے جواب میں عمران خان نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم اپنے دور میں 4 تحائف فروخت کیے تھے۔

 

تحریک انصاف کا عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ  چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کا فیصلے  چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر متوقع نہیں ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ آپ کا عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، یہ جمہوریت عمران خان کے بغیر نہیں چل سکتیاسد عمر نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف آج ہی پٹیشن دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کی کاپی آتے ہی پٹیشن دائر کردی جائے گی۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیشہ اندیشہ تھا کہ اس قسم کا ہی فیصلہ آسکتا ہے، الیکشن کمیشن کویہ اختیار ہی نہیں جو انہوں نے آج استعمال کیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام عمران خان کے بغیر چل سکتاہے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، آج ہم سب مل کر کہتے ہیں مائنس ون نامنظور۔خیال رہے الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دے دیا، عمران خان کو آرٹیکل 63ون کے تحت نااہل قرار دیا گیا۔الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس درست قرار دیتے ہوئے فیصلہ میں کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے،عمران خان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قراردی جاتی ہے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کیخلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کرائے جبکہ بعض تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کئے گئے۔

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا آئندہ 5 ہفتوں بعد ریٹائرڈ ہونے کا اعلان

راولپنڈی(سی ایم لنکس) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئندہ 5 ہفتوں بعد ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کردیا اور کہا فوج سیاست میں کوئی کردار ادا نہیں کرے گی۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سینئر صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات میں کہا ہے کہ مدت مکمل ہونے پر سبکدوش ہورہا ہوں، آئندہ 5 ہفتوں بعد ریٹائرڈ ہو جاؤں گا۔ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مدت ملازمت میں مزید توسیع لینے کا ارادہ نہیں، فوج سیاست میں کوئی کردار ادا نہیں کریگی۔یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں غیر رسمی گفتگو میں مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق عمل کریں گے۔آرمی چیف نے کہا تھا کہ لاغر ملکی معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مضبوط معیشت کے بغیر کوئی سفارت کاری نہیں ہو سکتی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
67227