Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز روکنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا آپشن کھلا ہے۔تیمور سلیم

شیئر کریں:

وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز روکنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا آپشن کھلا ہے۔تیمور سلیم جھگڑا
دنیا کا کون سا ملک ہے جہاں وزیر اعظم آفس کی ریکارڈنگ ہوتی ہے؟ ریکارڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔ بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور بیرسٹر محمد علی سیف خان نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو فنڈز نہ ملنے کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد اس پر حتمی رائے دی جا سکے گی۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ 23 مارچ کو عمران خان کے حوالے سے ایک سروے جاری کیا گیا جس پر 51 فیصد لوگوں کا یہ کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت پاپولر لیڈر عمران خان ہے جبکہ حالیہ ایک سروے کیا گیا جس کے تحت پاکستان کے 83 فیصد شہریوں نے یہ کہا کہ عمران خان ہی اس وقت پاکستان کا حقیقی لیڈر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اسی شہرت کو دیکھتے ہوئے امپورٹ حکومت انتخابات کی جانب نہیں بڑھ رہی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ کو ڈاؤن گریڈ کردیا جو ایک انتہائی قابل افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے پیچھے بہت سی وجوہات شامل ہیں ایک طرف وفاق کے دو فنانس کے وزیر آپس میں لڑائی کرتے رہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کی گرتی جی ڈی پی اور دنیا کے سامنے پاکستان کی سیاسی کشیدگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پنشنرز رول تبدیل کیے جس سے سالانہ اربوں روپے کی بچت کی جا سکے گی۔ دو پینشن لینے والوں کے نظام بہتر کرکے ایک پنشن کردی۔

 

اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا ہماری آمدن گزشتہ سال کی نسبت 40 فیصد بڑھ گئی وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب کی مدد میں دس ارب کے فنڈز کا اعلان کیا جو ابھی تک نہیں ملا۔ اس پر خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ محمد علی سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اپنا ہیلی کاپٹر آئین اور قانون کے مطابق استعمال کر رہے ہیں۔ یہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی صوابدید ہے کہ وہ اس میں عمران خان کو بٹھائیں صحافیوں کو بٹھائیں یا کسی وزیر کو انہوں نے اپنا ہیلی کاپٹر کبھی بھی کسی کو ذاتی استعمال کے لیے نہیں دیا۔ اس موقع پر محمد علی سیف نے کہا کہ سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد ہو گا انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سپریم کورٹ ہم پیسے مانگنے نہیں بلکہ ہم سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے کہ وہ وفاق کو حکم دے کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ دنیا کا کونسا ملک ہے جہاں وزیراعظم آفس کی ریکارڈنگ کی جاتی ہے اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے اور عوام کے سامنے حقائق لانے چاہئیں۔

 


شیئر کریں: