Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

امپورٹڈ حکمرانوں نے لوٹ مار کا راستہ ہموار کرنے کیلئے قوانین میں ترامیم کر ڈالی ہیں اور یہ پیغام دیا ہے کہ اگر ڈاکہ ڈالنا ہے تو بڑا ڈاکہ ڈالو۔عمران خان

Posted on
شیئر کریں:

امپورٹڈ حکمرانوں نے لوٹ مار کا راستہ ہموار کرنے کیلئے قوانین میں ترامیم کر ڈالی ہیں اور یہ پیغام دیا ہے کہ اگر ڈاکہ ڈالنا ہے تو بڑا ڈاکہ ڈالو۔عمران خان

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک میں کرپشن کے خلاف اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو معاشرہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا وہ تباہی کا شکار ہو جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ قوم انتظار کرے وہ جلد کال دیں گے اور اس کے بعد واپسی نہیں ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈورڈ زکالج پشاور کے دورے کے دوران طلبائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، سینیٹر شبلی فراز، صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑااور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔عمران خان نے کہا کہ کسی بھی قوم کے تعلیمی ادارے لیڈرشپ پیدا کرتے ہیں۔ جتنا اچھا اور معیاری تعلیمی نظام ہو گا، اُتنی اچھی لیڈرشپ سامنے آئے گی۔

 

اُنہوں نے نظام کی شفافیت، قانون کی حکمرانی اور قیادت کے اوصاف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ریاست کیلئے انصاف پر مبنی نظام اور قانون کی حکمرانی بنیادی ضرورت ہے۔ اس کے سوا ئ کوئی بھی قوم اپنے پاﺅں پر کھڑی نہیں ہو سکتی۔ اُنہوں نے کہاکہ ہمارے نبی دُنیا کے سب سے بڑے لیڈر ہیں جنہوں نے پہلی اسلامی ریاست کی بنیادانصاف اور قانون کی حکمرانی پر رکھی۔ ہمارے نبی نے 15 سو سال پہلے وسائل کی منصفانہ تقسیم کا جوعملی نمونہ پیش کیا تھا،آج دُنیا اُسی زوایے پر سوچنے پر مجبور ہے۔ عمران خان نے کہاکہ ہماری تباہی اور خستہ حالی کی بنیادی وجہ قانون کی عدم حکمرانی ہے۔ اُنہوںنے واضح کیاکہ قانون کی حکمرانی کا مطلب ہے کہ قانون سب کیلئے ایک جیسا ہو۔ طاقتور اور کمزور سب قانون کے سامنے جوابدہ ہوں۔

 

اُنہوں نے کہاکہ یہاں غریب جیل میں اور بااثر لوگ لوٹ مار کرکے بھی آزاد پھرتے ہیں۔1100 ارب روپیہ معاف کیا جارہا ہے جو چند لوگوں کی جیب میں جائے گااور دوسری طرف عام آدمی بدترین مہنگائی سے مررہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے لوٹ مار کا راستہ ہموار کرنے کیلئے قوانین میں ترامیم کر ڈالی ہیں اور یہ پیغام دیا ہے کہ اگر ڈاکہ ڈالنا ہے تو بڑا ڈاکہ ڈالو۔عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک تباہی کی طرف گامزن ہے مگر ان لوگوں کا پیٹ ابھی تک نہیں بھرا۔جب سے امپورٹڈ حکومت آئی، روپیہ 33 فیصد تک گر گیا۔ اُنہوںنے کہاکہ اب صورتحال یہ ہے کہ نہ ہمارے قومی وسائل محفوظ ہیں اور نہ ہی حساس معلومات، سب کچھ داﺅ پر لگ چکاہے۔ عمران خان نے کہاکہ اب قوم کو چوروں کے خلاف نکلنا ہو گا جو معاشرہ ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا،اس میں اور بھیڑ بکریوں میں کوئی فرق نہیں۔ عمران خان نے واضح کیا کہ اُنہیں اﷲ کے سواکسی کا خوف نہیں۔ قوم تیار رہے، وہ جلد حتمی کال دیں گے جس کے بعد واپسی نہیں ہو گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
66479