Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اسلامیات کی چند درسی کتابوں میں موجود غلطیوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

Posted on
شیئر کریں:

اسلامیات کی چند درسی کتابوں میں موجود غلطیوں کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد، سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کی شرکت
حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم معتصم با اللہ شاہ

پشاو ر(چترال ٹائمز رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی کی ہدایات کی روشنی میں اسلامیات کی نئی درسی کتابوں میں پائی جانے والی کچھ غلطیوں کے حوالے سے سیکرٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم معتصم با اللہ شاہ نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر تمام علمائے کرام نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، وزیر تعلیم اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اطلاع ملتے ہی اس واقعے کا سختی سے نوٹس لیا اور فوری طور پر تحقیقات کرنے کے لئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی۔ سیکرٹری تعلیم معتصم با اللہ شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ صوبائی حکومت درسی کتابوں میں کوئی بھی ایسی غلطی برداشت نہیں کرے گی جس سے کسی بھی مسلک یا مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔ تمام علمائے کرام نے باری باری اپنے خیالات کا اظہار کر تے ہوئے صوبائی حکومت کے بروقت اور سنجیدہ اقدام کو سراہا اور اپنی طرف سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے کسی کو بھی ملک اور صوبے میں کوئی بے چینی پیدا کرنے کا موقع نہ ملے۔ اجلاس کو سیکرٹری تعلیم نے یقین دلایا کہ انکوائری میں جس کسی کو بھی ذمہ دار پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔ مذکورہ غلطیوں کی تصحیح ہنگامی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور اس بارے میں تمام ضلعی افسروں اور متعلقہ اسکولوں کو ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لئے جامع مشاورت اور بھرپور احتیاط سے کام لیا جائے گا۔

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیرِ صدارت لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے اجلاس

سوات (چترال ٹائمز رپورٹ) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیرِ صدارت لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے اجلاس کمشنر آفس سیدوشریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع سوات، ملاکنڈ، دیر لوئر و اپر کے ڈپٹی کمشنرز، ایریگیشن اور محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ دیر اپر و لوئر، اور کالام کے لئے لینڈ سیٹلمنٹ پرو جیکٹ ڈائریکٹر خالد زمان نے اجلاس کو اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لینڈ سیٹلمنٹ مقامی مسائل کے حل میں نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے، لینڈ سیٹلمنٹ سے جنگلات کے تحفظ میں بھی معاونت ملتی ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے دیر اپر و لوئر اور کالام میں لینڈ سیٹلمنٹ کا کام مزید تیز کرنے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لانے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں بھرپور معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ اجلاس کو بریف کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ سیٹلمنٹ کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے اور سیٹلمنٹ کے مرحلے میں عوامی سہولت کے لئے سروس ڈیلیوری سنٹرز کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔

 

commissioner malakand shaukat yousufzai chairing meeting


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
66434