Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی ٹی آئی اپر چترال کے دیرینہ کارکن نور عالم کا انٹرا پارٹی الیکشن میں تحصیل مستوج کے صدارت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار

شیئر کریں:

پی ٹی آئی اپر چترال کے دیرینہ کارکن نور عالم کا انٹرا پارٹی الیکشن میں تحصیل مستوج کے صدارت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار

چترال (نمائندہ چترال ٹایمز) ویلج کونسل اوی کے کونسلر اور پی ٹی آئی اپر چترال کے دیرینہ کارکن نور عالم نے انٹرا پارٹی الیکشن میں تحصیل مستوج کے صدارت کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی صوبائی قیادت اور شہزادہ سکندر الملک سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پارٹی کی بہترین مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے اس متنازعہ فیصلے پر نظر ثانی کیا جائے جس میں ایسے آدمی کو صدر مقرر کیا گیا ہے جو الیکشن سے دستبردار ہوگئے تھے اور صدارت کے لئے چار امیدواروں میں شامل بھی نہ تھے۔

 

مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہزادہ سکندر الملک کے طلب کردہ انتخابی اجلاس میں آٹھ امیدوار بابر، محمد رسول، اسلام شیروانی، عنایت، نور عالم، صادق، امیر اور ممتاز حکیم سامنے آئے جن میں سے چار امیدوار بابر، محمد رسول، امیر اور ممتاز حکیم مقابلے سے دستبردار ہوگئے اور چار امیدوار میدان میں رہ گئے اور انہوں نے ضلعی صدر کو یہ اختیار دے دیا کہ وہ ان میں سے جسے چاہے، تحصیل صدر مقرر کرے لیکن جب نوٹیفیکیشن جاری ہوا تویہ دیکھ حیرانگی اور مایوسی ہوئی کہ اس شخص کو صدر مقرر کیا گیا ہے جوکہ مقابلے میں ہی نہ تھا۔ نورعالم نے کہاکہ خان صاحب نے کبھی بھی بے اصولی اور دھاندلی کو برداشت نہیں کیا ہے تو ہم بھی ان کے سپاہی ہونے کے ناطے یہ الیکشن قبول کرنے کو تیار نہیں اور اس کے خلاف احتجاج کرکے رہیں گے۔ انہوں نے پارٹی کی ضلعی اور صوبائی قیادت پر زور دیا کہ پارٹی کو جمہوری اصولوں پر چلانے کے لئے ایسے قدم نہ اٹھائے جائیں جس سے پارٹی کے کارکنوں میں مایوسی پھیل جائے جس کے نتیجے میں پارٹی کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ تحصیل مستوج کے صدر کی نوٹیفیکیشن کو فی الفور منسوخ کرکے ان چارامیدواروں میں سے کسی کو صدر مقرر کیا جائے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
66332