Chitral Times

Dec 2, 2023

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سینکڑوں مزدا گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مزدوروں نے محکمہ معدنیات کے اہلکاروں کی طرف سے بے جا تنگ کرنے پر ہڑتال شروع کردی، چترال شہر اور مضافات میں تعمیراتی کام رک گئے

شیئر کریں:

سینکڑوں مزدا گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور کام کرنے والے مزدوروں نے محکمہ معدنیات کے اہلکاروں کی طرف سے بے جا تنگ کرنے پر ہڑتال شروع کردی، چترال شہر اور مضافات میں جاری تعمیراتی سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر پر کام رک گئے

چترال (ظہیرا لدین سے) لویر چترال کے بلچ ریور بیڈ (شوتار) میں تعمیراتی میٹریل جمع کرنے اور سپلائی کرنے والے سینکڑوں مزدا گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور کام کرنے والے مزدوروں نے محکمہ معدنیات کے اہلکاروں کی طرف سے بے جا تنگ کرنے پر ہڑتال شروع کردی جس کے نتیجے میں چترال شہر بھر اور مضافات میں جاری تعمیراتی سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر پر کام رک گئے۔ بلچ شوتار میں ہڑتال کرنے والے مزدا ڈرائیوروں اورمالکان نے مقامی میڈیا کو بتایاکہ وہ مقامی میٹریل ریت، بجری اور پتھر پر عائد قانونی حکومتی ٹیکس کی ادائیگی کے لئے تیارہیں لیکن محکمہ معدنیات کے مقامی اہلکاروں نے ان کاجینا حرام کردیا ہے اور ان پر بھاری جرمانے عائد کرتے ہیں۔

 

بلچ شوتار میں کارکنان کے نمائندے شجاعت، مومن، مسلم، نور عالم اور دوسروں کا کہنا تھاکہ چترال کے طول وعرض میں گزشتہ دنوں سیلاب اور بارشوں نے تباہی مچادی ہے اور لوگوں کی معیشت کو سخت نقصان پہنچ گیا ہے اور اب محنت مزدوری کرنے والوں کو رزق سے محروم کرنے سے ہزاروں گھرانوں میں فاقے پڑسکتے ہیں اور اس کے نتیجے میں کوئی انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے جس سے حکومت کی سخت بدنامی ہوگی۔ انہوں نے محکمہ کی اس ظالمانہ قدم کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ جب محکمہ معدنیات کے چترال میں ایک اہلکار سے اس بات میں موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھاکہ وہ پشاور ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کررہے ہیں جس کے مطابق تمام ریور بیڈز سے تعمیراتی میٹریل اٹھانے پر پابندی عائد ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ بلچ شوتار سے مقامی میٹریل کی ایک سال کے لئے قواعد وضوابط کے مطابق ٹینڈر بھی ہوگئی تھی لیکن عدالتی حکم پر اسے روک دیا گیا ہے۔

chitraltimes mazda driver strike chitral shotar

chitraltimes mazda driver strike chitral shotar balach chitraltimes mazda driver strike chitral shotar2


شیئر کریں: