Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ، ای پی ائی خیبر پختونخوا کا ہنگامی بنیادوں پر پورے صوبے میں حفاظتی ٹیکہ جات شروع کرنے کا فیصلہ: ڈائریکٹر ای پی آئی

Posted on
شیئر کریں:

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ، ای پی ائی خیبر پختونخوا کا ہنگامی بنیادوں پر پورے صوبے میں حفاظتی ٹیکہ جات شروع کرنے کا فیصلہ: ڈائریکٹر ای پی آئی

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوا اور ضم قبائلی اضلاع میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کے پیش نظر توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات خیبر پختونخوا نے ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی ٹیکہ جات کا بارہ روزہ پروگرام پیر کے روز سے شروع کر دیا ہے جس کا بنیادی مقصد وبائی امراض پر قابو پانا ہے۔اس حوالے سے ڈائریکٹر توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد عارف خان کی سربراہی میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب کی وجہ سے ممکنہ وبائی امراض کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام ڈسٹرک ہیلتھ افسران اور ای پی آئی سٹاف کو ہنگامی بنیادوں پر پورے صوبے میں 12روزہ ویکسینشن مہم چلانے کی ہدایت کی گئی جس کے تحت پیدائش سے سے لیکر 2 سال تک کے بچوں کو ٹی بی، خناق، تشنج، یرقان، گردن توڑ بخار، کالی کھانسی، پولیو، دست اور اسہال کی ویکسین فراہم اور نمونیہ اور خسرہ اور روبیلا سے بچاو کے ٹیکے لگائے جائینگے۔

 

ڈائریکٹر ای پی ائی خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد عارف خان نے اپنے بیان میں کہا ہیموجودہ سیلابی صورتحال میں صوبے کے مختلف علاقوں میں وبائی امراض کا شدید خطرہ ہے جو کہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ حفاظتی ویکسین سے محروم رہنے والے، انکاری، ویکسینیشن مکمل نہ کرنے والے اور نوزائیدہ بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقنی بنائی جائیں گی۔ڈائریکٹر ای پی آئی نے آگاہ کیا کہ اس مہم کے دوران بنیادی مراکز صحت اور مخصوص مقامات پر حفاظتی ٹیکہ جات کے مراکز بھی تشکیل دیئے جائینگے تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکے سے محروم نہ رہ جائے۔اس بارہ روزہ پروگرام میں 103692 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائینگے جس کے لیے تین ہزار ویکسینٹرز اور دو سو سے زائد ڈسٹرکٹ سپروائزر کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔

 

ڈائریکٹر ای پی ائی نے کہا کہ امراض کووسیع آؤٹ ریچ پر مشتمل جامع حکمت عملی کے ذریعے کنٹرول کیا جاسکے گا جس میں ویکسین سے محروم اور کورس مکمل نہ کرنے والے بچوں کو کور کیا جائے گا۔ڈاکٹر محمد عارف نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں آلودہ پانی ہی مختلف بیماریوں کا سبب بن رہا ہے جس سے بچاؤ کیلئے لوگ جتنا ممکن ہو سکے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔انھوں نے خیبرپختونخوا اور خصوصی طور پر ضم اضلاع کے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مہم میں ای پی ائی ٹیموں کیساتھ تعاون کرکے اپنے بچوں کو مذکورہ خطرناک بیماریوں سے بچائیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65494