Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا بورڈآف ریونیو، نیشنل بینک آف پاکستان اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے درمیان ای۔ سٹامپنگ کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

Posted on
شیئر کریں:

خیبرپختونخوا بورڈآف ریونیو، نیشنل بینک آف پاکستان اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے درمیان ای۔ سٹامپنگ کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
مفاہمتی یاداشت کے تحت صوبے میں دستکارانہ سٹامپنگ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کروایا جائے گا۔
اپنے دور حکومت میں صوبے میں ریونیو کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائینگے جو پورے ملک کے لئے قابل تقلید ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ کے معاؤن خصوصی برائے مال تاج محمد خان ترند

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) خیبرپختونخوا بورڈآف ریونیو، نیشنل بینک آف پاکستان اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے درمیان ای۔سٹامپنگ کے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے حوالے سے ایک تقریب جمعرات کے روز پشاور میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ کے معاؤن خصوصی برائے ریونیو تاج محمد خان ترند اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ذاکر حسین آفریدی نے شرکت کی اس موقع پر معاؤن خصوصی برائے ریونیو کی موجودگی میں خیبر پختونخواہ بورڈ آف ریونیو، نیشنل بینک آف پاکستان اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے درمیان ای۔سٹامپنگ کے منصوبے پر باقاعدہ طور پر مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے، مفاہمتی یاداشت کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا میں دستکارانہ سٹامپنگ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کروایا جائیگا، اس موقع پر ڈی جی پنجاب آئی ٹی بورڈ ساجد لطیف، ایگزیکٹیو سینئر وائس پریذیڈنٹ نیشنل بینک آف پاکستان محمد ہمایون، چیف منیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان اشتیاق احمد، ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ اعجاز الرحمن، پراجیکٹ ڈائریکٹر ای سٹامپنگ شبیر احمد کے علاوہ پی اینڈ ڈی، محکمہ خزانہ اور محکمہ قانون کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاؤن خصوصی برائے مال تاج محمد خان ترند نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں پیپر لیس انوارمنٹ کی طرف عملاً اقدامات اٹھا رہی ہے اور ای۔سٹامپنگ کا منصوبہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس کا مقصدِ صوبے سے کرپشن کا خاتمہ اور عوام کو گھر بیٹھے سہولیات فراہم کرنا ہے، انھوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ریونیو کے نظام میں شفافیت آئے گی اور دستکارانہ نظام سے ہونے والی غلطیوں پر بھی کافی حد تک قابو پایا جائے گا۔ تاج محمد خان ترند نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں صوبے میں ریونیو کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائینگے جو پورے ملک کے لئے قابل تقلید ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ مال نے اس سلسلے میں بڑے منصوبوں پر کام کا آغاز بھی کردیا ہے جن کی تکمیل سے عوام کو کافی حدتک فوائد ملیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
65363