Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شہزادی زینب بختیارالدین ۔ از: سیف الرحمن عزیز 

شیئر کریں:

شہزادی زینب بختیارالدین ۔ از: سیف الرحمن عزیز

chitraltimes zainab bakhtiar fcps drosh afaq with afaq award 20

ایک کلی جو بن کھلے مرجھاگئی۔ اللہ نے انہیں صرف سولہ سال کی عمر دی تھی مگر اس عرصے میں انہوں نے صلاحیتوں کے وہ جوہر دیکھائے کہ دنیا دیکھ کر دنگ رہ گئی اور ان کی باتیں انمٹ نقوش بن گئے۔ ایک دم آنکھوں سے اوجھل ہونے والی اس شہزادی کو شائد جانے کی جلدی تھی کہ اس نے وہ کام سرانجام دئیے جس کے لئے ایک عمر دراز کی ضرورت ہوتی ہے۔ بہترین اخلاق سے لے کر پڑہائی تک، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں اپنا لوہا منوانے سے لے کر گھر داری کے حسن انتظام تک اس شہزادی نے حیران کن اور نا قابل فراموش یادیں چھوڑ کر ستاروں میں کہیں کھوگئی اور ایک افسانوی شخصیت کی روپ دھارلی۔

chitraltimes zainab bakhtiar 1

پشاور بورڈ کے منعقدہ نویں کی امتحان میں 550 میں 538نمبرلیکر 98فیصد نمبروں کے ساتھ ضلع بھر میں نمایاں پوزیشن لے چکی تھی اورمیٹرک کے حالیہ امتحان میں 1100نمبروں میں 1049نمبر لے کر چترال (دونوں اضلاع میں) ٹاپ پوزیشن لے لی مگر نتائج کے اعلان کے دن سے چند دن پہلے وہ جنت کے ایک باغ میں منتقل ہوگئی تھی جہاں حوروں کی جھرمٹ میں ڈسٹرکٹ ٹاپ کی مبارک بادی وصول کررہی ہوگی۔ جسے اللہ تعالیٰ غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازدے تو وہ غیرمعمولی کارنامے اور کام سرانجام دیتاہے اور شہزادی زینب بھی اپنی پڑہائی کے کاموں میں اول نمبر پر ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے والدین کے لئے واحد سہارا بن کر ابھر گئی تھی اور والدین کی امیدوں کا مرکزو محور بن گئی۔

 

وہ اپنے ماں با پ کی اکلوتی لاڈلی تھی، وہ شہزادی تھی مگر نرالی تھی، شرافت، صداقت اور اخلاق میں سب سے بڑھ کرتھی، خاکساری اور انکساری ان میں کوٹ کوٹ کر بھری تھی، وہ دوسری بچیوں کے لئے ایک رول ماڈل بن گئی تھی، وہ چترالی ثقافت اور تہذیب کی امین، ایک ہنس مکھ اور ہشاش بشاش شخصیت کی مالکن تھی اورمعاملہ فہمی میں اپنی عمر سے بہت ذیادہ لگ رہی تھی۔ اور یہی وجہ ہے کہ ایف سی پی ایس دروش کے ان کے ٹیچرز نے ان کو آئیڈیل قرار دیتے ہوئے دوسرے بچیوں کو ان جیسی بننے کی ترغیب دیتے تھے اور انہیں اپنے جان سے ذیادہ عزیز رکھتے تھے۔

chitraltimes zainab bakhtiar fcps drosh afaq with afaq award 2 1

لوگوں سے بات کرنے میں مناسب الفاظ کا چناؤ، رشتوں کی پہچان،تہذیب وشرافت کا پیکر، وہ ایک شہزادی، سینکڑوں جریب اراضی کی اکلوتی مالکن، سابق وفاقی وزیرکی بھتیجی، سابق ایم این اے اور موجودہ تحصیل چیرمین کی کزن تھی مگر عاجزی وانکساری ان کی خون میں ہمیشہ دوڑتی تھی۔ وہ میٹرک کے بعد حصول علم کے لئے بہتر سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لئے آبائی گاؤں کالکٹک سے چترال شہر منتقل ہونا چاہتی تھی مگر انگریزی مقولہ Man proposes and GOD disposesکے مصداق یہ سب کچھ ادھورے خواب ثابت ہوئے اور کاتب تقدیر نے ان کے والدین کے لئے دائمی جدائی اور ان کے لئے جنت میں ایک عالیشان محل لکھ دیا تھا۔

وہ ایک پراسرا ر بیماری کا شکار ہوئی، اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال پہنچایا گیا مگر ڈاکٹر ان کی بیماری کو تشخیص کرنے سے قاصر تھے۔ ان میں خون کی انتہائی کمی پائی گئی۔ ہسپتال میں خون دستیاب ہونے کے باوجود ان کے ساتھ کراس میچ نہیں ہورہے تھے جس کی وجہ سے انھیں پشاور ریفر کردیا گیا جوکہ تیمرگرہ تک اپنی ماں کے ساتھ باتیں کررہی تھی کہ اجل کے فرشتے نے آواز دی جس پر انہوں نے لبیک کہہ دیا اور راہی ملک عدم ہوگئی۔

 

ZAINAB BAKHTIAR 1 1

 

زینب بختیار دروش کے فرنٹیر کور پبلک سکول کی نمایان طالبہ تھی جس کی تعلیم کی خاطر ان کے والد گرامی ڈاکٹر شہزادہ بختیار الدین نے دروش میں سکونت اختیار کرلی تاکہ ان کی شہزادی کو سکول جانے اور آنے میں آسانی ہو۔ سکول میں انہوں نے تمام نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کی جان بن گئی اور گزشتہ سال آفاق ادارہ کی طرف سے منعقدہ جنرل نالج کے مقابلے میں انسائیکلوپیڈیا کوئز کے نام سے مقابلے میں ضلع کی سطح پر پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنی مادر علمی کانام روشن کیا تھا۔
شہزادہ محی الدین مرحوم کی بھانجی، سابق ایم این اے شہزادہ افتخارالدین اور تحصیل میر شہزادہ خالد پرویز کی اور شہزادہ ادریس کی کزن، شہزادہ سکندر، شہزادہ سراج الملک، شہزادہ مسعود الملک کے بھی بھانجی تھی۔وہ مستوج کی معروف شخصیت صوبیدار میرزہ آمان کی بھتیجی، معروف پولو پلیر اکثر علی خان،  محمد یوسف خان ایڈوکیٹ، ا نجینیرفداحمد، انجینیر سردار احمد، انسپکٹر مختار احمد ، انجینیر ڈاکٹر تمیز احمد اور فضل احمد کی بھانجی اور بندہ ناچیز کی بھی کزن تھی۔

انکی بے وقت رحلت اور پراسرار موت سے ہر ایک انکھ اشکبار ہے۔ اللہ تعالی انہیں عارق رحمت کرے اور ان کے غمزدہ والدین کو یہ قیامت خیز صدمہ برداشت کرنے کی قوت عطافرمائے۔ آمین

chitraltimes zainab bakhtiar fcps drosh afaq with afaq award1

zainab childhood

chitraltimes zainab bakhtiar afaq result zainab poetry 3 zainab poetry2 zainab poetry 1


شیئر کریں: