Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بارش و سیلاب کی تباہ کاریان اور متوقع جشن گبور۔ فکرو خیال ۔ ۔ فرہاد خان

Posted on
شیئر کریں:

بارش و سیلاب کی تباہ کاریان اور متوقع جشن گبور۔ فکرو خیال ۔ ۔ فرہاد خان

ملک کے اکثر علاقوں سمیت اپر اور لوئر چترال شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کی تباہ کاریان جاری ہیں ۔وزیراعلی خیبر پختونخوا نے صوبے کے جن چند اضلاع کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی کے نفاز کا اعلان کیا ہے اس میں اپر اور لوئر چترال بھی شامل ہیں ۔لوئر چترال کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے جہان قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں وہیں لوگوں کے گھر سیلاب برد ہوگئے اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ۔ارندو سے لیکر گبور تک لوگ اپنے بنے بنائے گھر ،املاک و زرعی اراضی سے محروم ہوگئے ہیں اور اب بھی شدید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے ۔

 

اس شدید اضطراب و بے چینی کے وقت جبکہ چترال اپر و لوئر کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لوئر چترال گرم چشمہ کے دیہی کونسلات کے ساتھ مل کر جشن گبور منانے کی تیاریاں کررہاہے جسے خراب موسم کے باعث دو بار ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ نئے اعلامیے کے مطابق جشن گبور 26 سے 28 اگست تک منعقد ہونا ہے ۔جشن گبور تو ہرسال منایا جاتا ہے اور ہر سال سابق ممبر ضلع کونسل جناب محمد حسین کی کاوشوں اور حکومت و این جی اوز کے تعاون سے کامیابی سے منایا جاتا رہا ہے اور اس سال بھی موصوف اس جشن کو ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور ویلیج کونسلات کے ساتھ منانے کا اہتمام کررہا ہے مگر اس سال حالات مختلف ہیں ۔جناب محمد حسین کی گبور کو چترال سمیت ملک کے دوسرے حصوں سے متعارف کروانے کے اس اقدام کو ہم ہمیشہ سے سراہتے آئے ہیں کہ اس کی کاوشوں سے وادی گبور کے مسائل اجاگر ہوئے اور گبور سیاحتی طور پر متعارف ہوا ۔ مگر اس سال شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے گبور میں حالات نارمل نہیں کئی گھر سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوگئے ہیں اور لوگ بے گھر ہیں ۔

گبور سمیت گرم چشمہ کے تقریبا اکثر دیہات میں گندم کی کھڑی فصلیں شدید بارش کی وجہ سے خراب ہوچکے جو کہ اب استعمال کے قابل نہیں۔ لوگ پریشان ہیں اور اس دوران جشن گبور کا انعقاد کسی طور ٹھیک نہیں ۔چونکہ آغاخان یوتھ اینڈ سپورٹس بورڈ نے حال ہی میں گبور میں نوجوانوں کے لئے فٹبال و کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرچکا ہے جبکہ گرم چشمہ میں بھی فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوچکا اس لئے یکے بعد دیگرے ایسے ایونٹ کا انعقاد طالب علموں کے قیمتی وقت کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں اس لئے مزید ایونٹس منعقد کرنے کے بجائے ضلعی انتظامیہ جشن گبور کے نام پر جو فنڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے اسے اگر گبور کے متاثرین میں تقسیم کیا جائے تو پریشانی کے اس عالم میں لوگوں کے دکھ درد کا کچھ مداوا ہو جائے ۔میں کل ہی گبور سے ہو کے آیا ہوں ۔

 

بارشوں نے گندم کی تیار فصل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے لوگ کسی طور جشن کے موڈ میں نہیں بلکہ انہیں آنے والے سردیوں میں اپنے بال بچوں اور خاندان کے لئے خوراک کی فکر ہے۔جشن گبور اگلے سال شایان شان طریقے سے پھر منائیں گے مگر موجودہ وقت آفت زدہ گبور میں جشن منانے کا نہیں ہے بلکہ لوگوں کے دکھ درد کا مداوا کرنے کا ہے ۔ہم ضلعی انتظامیہ ،چیرمین تحصیل کونسل جناب امان الرحمان ،سابق ناظم جناب محمد حسین اور ویلیج کونسل کے چیرمین صاحبان سے گزارش کرتے ہیں کہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کریں اور موجودہ حالات کے پیش نظر جشن گبور منانے کا ارادہ ترک کرکے متاثرہ لوگوں کے ساتھ ازارہ ہمدردی کے طور پر جشن گبور کے نام پر مختص فنڈ کو ان متاثرین میں تقسیم کرکے لوگوں کے دکھ درد کا مداوا کریں جبکہ جشن گبور کو اگلے سال صوبے کے ایونٹ کلینڈر میں شامل کرکے بھرپور طریقے سے منانے کا اہتمام کریں۔

chitraltimes gobor road blocked


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
65014