Chitral Times

Mar 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبر پختونخواحکومت نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع اپر چترال، لوئر چترال، ڈیرہ اسماعیل خان اور اپر کوہستان کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی 

Posted on
شیئر کریں:

خیبر پختونخواحکومت نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع اپر چترال، لوئر چترال، ڈیرہ اسماعیل خان اور اپر کوہستان کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی

پشاور( چترال ٹایمز رپورٹ ) خیبر پختونخواحکومت نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، اپر چترال، لوئر چترال اور اپر کوہستان کے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ریلیف نے اس سلسلے میں باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ محمود خان نے عنقریب سیلاب سے متاثرہ ان اضلاع کے دوروں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جونہی موسم کی صورتحال بہتر ہوتی ہے وہ ان اضلاع کا دورہ کرکے وہاں پر سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں کا خود جائزہ لیں گے اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے پیکج کا اعلان کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو کھانے پینے سمیت فوری ضرورت کی تمام اشیاءکی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور ہر متاثرہ گھرانے تک رسائی اور امدادی اشیاءکی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے، اس سلسلے میں متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ضروری احکامات دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعلی نے یقین دلایا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کے تمام نقصانات کا ازالہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی بحالی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
<><><><><><>

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حلقہ این اے 245 کراچی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار، پارٹی قائدین کارکنان اور کراچی کے عوام کو مبارکباددی ہے

پشاور( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حلقہ این اے 245 کراچی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار، پارٹی قائدین کارکنان اور کراچی کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا سے شروع ہونے والا تبدیلی کا سفر پنجاب سے ہوتا ہوا سندھ پہنچ گیا اور بہت جلد یہ سفر بلوچستان تک بھی پہنچ جائے گا اور آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں بھی پاکستان تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور عوام عمران کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے۔
<><><><><><><>

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا آزاد کشمیر کے علاقہ باغ میں پاک فوج کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار

پشاور( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے آزاد کشمیر کے علاقہ باغ میں پاک فوج کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں پاک فوج کے 9 اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حادثے میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

 

 

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا سینئر صحافی اور اینکر پرسن جمیل فاروقی کی گرفتاری کی مذمت

پشاور( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن جمیل فاروقی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ نے اس طرح کے اقدامات کو آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے بزدلانہ اور غیر قانونی اقدام سے حق و سچ کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کے دور میں صحافیوں، میڈیا اور سیاسی مخالفین کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس کی کسی بھی جمہوریت میں مثال نہیں ملتی، یہ جمہوریت ہے اور جمہوریت میں ہر کوئی اپنی رائے کے اظہار کا پورا حق رکھتا ہے۔ موجودہ سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ عمران خان سمیت دیگر پارٹی قائدین اور صحافیوں کے خلاف جو کچھ ہو رہا ہے وہ بالکل غلط، غیر قانونی اور قابل مذمت ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ میں امپورٹڈ حکمرانوں پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں ، یہ آپ جو بھی کر رہے ہیں غلط کر رہے ہیں ایسا نہ کریں اور صاف شفاف انتخابات کروائیں پھر پتہ چل جائے گا کہ عوام آپ کے ساتھ ہیں یا عمران خان کے ساتھ اور کل کراچی کے ضمنی انتخابات سے اس بات کا واضح پتہ چل رہا ہے جس میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں ایک طرف تھیں لیکن عوام نے پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کیا۔


شیئر کریں: