Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایت پر پورے صوبے کے سکولوں نے اتوار کا دن بطور سکول صفائی دن منایا

شیئر کریں:

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی ہدایت پر پورے صوبے کے سکولوں نے اتوار کا دن  بطور سکول صفائی دن منایا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی خصوصی ہدایت پر اتوار کا دن صوبے بھر کے 30 ہزار سے زائد پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں,, سکول صفائی دن،، کے طور پر منایا گیا اور محکمہ تعلیم سے منسلک ایک لاکھ سے زائد انتظامی افسران، پرنسپلز، ٹیچنگ سٹاف اور صفائی کے عملے نے اس میں شرکت کی جس کو سیکرٹری تعلیم معتصم باللہ شاہ نے خود لیڈ کیا۔ اس مہم کا مقصد سکولوں کی ظاہری حالت میں بہتری لانا اور بچوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بچوں کو بہترین معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک پر فضا اور صاف ستھرا ماحول بھی دینا چاہتے ہیں، اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور بچے سب سے زیادہ اپنے اساتذہ کو فالو کرتے ہیں، اس مہم کی وجہ سے طلباء کے اندر بھی صفائی نصف ایمان ہے کا جذبہ نہ صرف بڑھے گا بلکہ وہ خود بھی اپنے سکولوں کو صاف ستھرا رکھیں گے،یہ ہمارے سکول ہیں اور ان سکولوں کی حفاظت، خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کی تمام تر اخلاقی، سماجی اور انتظامی ذمہ داری پرنسپل،ٹیچنگ سٹاف اور صفائی کے عملے پر عائد ہوتی ہے۔ وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ میٹرک امتحانات کے نتائج میں سرکاری سکولوں کے طلباء وطالبات نے بہترین پوزیشنیں حاصل کی ہیں اور جاری داخلہ مہم میں صوبے بھر کے سکولوں میں لاکھوں بچے داخلہ لے چکے ہیں جو اس بات کی عکاسی ہے کہ سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد مزید بحال ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 9 سالوں سے جاری تعلیمی ایمرجنسی کے ثمرات بہترین نتائج اور تعلیمی شرح میں اضافے کی صورت میں ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ سوسائٹی، طلباء اور والدین کی جانب سے محکمہ تعلیم کی اس کاوش کو بہترین انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
64914