Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کو آفت زدہ قرار دے کر ہنگامی بنیادوں پر 5ارب روپے فراہم کئے جائیں ۔ چترال ڈویلپمنٹ مومنٹ 

شیئر کریں:

چترال میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں اپر چترال اور لویر چترال میں سڑکوں اور جیپ ایبل پلوں سمیت دوسرے انفراسٹرکچروں کی تباہی کے پیش نظر چترال کو آفت زدہ قرار دے کر ہنگامی بنیادوں پر 5ارب روپے فراہم کئے جائیں۔چترال ڈویلپمنٹ مومنٹ

چترال (نمائندہ چترال ٹایمز) چترال ڈیویلپمنٹ مومنٹ کے چیرمین وقاص احمد ایڈوکیٹ نے مومنٹ کے دیگر عمائیدین لیاقت علی، کرم علی سعدی، پیر مختار، مولانا اسرا ر الدین الہلال، شبیر احمد خان، اخلاق حسین، صفدرعلی کاش، حاجی شیر حکیم، سید برہان شاہ ایڈوکیٹ، محمد اسحاق اور دوسروں کے ہمراہ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ چترال میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں اپر چترال اور لویر چترال میں سڑکوں اور جیپ ایبل پلوں سمیت دوسرے انفراسٹرکچروں کی تباہی کے پیش نظر چترال کو آفت زدہ قرار دے کر ہنگامی بنیادوں پر 5ارب روپے فراہم کئے جائیں تاکہ سیلاب برد سڑکوں، پلوں اور ابپاشی وابنوشی کے اسکیموں کو جلد سے جلد بحال اور متاثرین کو دوبارہ آباد کئے جاسکیں۔

انہوں نے کہاکہ وفاق میں پی ڈی ایم کی حکومت کے ساتھ چترال کی مقامی قیادت اور خصوصاً جے یو آئی کے رہنما وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود سے ملاقات کرکے انہیں چترال کی سنگین صورت حال سے آگاہ کرے جبکہ پی ٹی آئی اپر اور لویر چترال کے صدور صاحبان شہزادہ سکندر اور شہزادہ امان عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات کرکے انہیں چترال میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کرکے ہنگامی فنڈز حاصل کرے۔ انہوں نے کہاکہ مستوج تا یارخون روڈ گزشتہ دو ہفتوں سے سیلاب کی وجہ سے بند ہے، کھوژ اور دیوان گول گاؤں کی پانچ ہزار سے ذیادہ آبادی چار ہفتوں سے محصور ہے جہاں بچے اور بچیاں سکول بھی نہیں جاسکتے جبکہ جمعہ کی شام موسلادھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے شیشی کوہ دروش سے لے کر یارخون تک تمام ندی نالے بپھر گئے اور کئی قیمتی جانیں بھی ضائع ہوگئے جبکہ درجنوں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔

انھوں نے مستوج سے دیوانگول تک متبادل سڑک کی تعمیر کا پرزور مطالبہ کرتے ہویے کہا کہ موجودہ مستوج یارخون روڈ آئے روز گلیشیر گرنے اور سیلاب کی زد میں اکر بند ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے علاقے کے عوام انتہائی مصائب کا شکار ہے ، انھوں نے مطالبہ کیا کہ مستوج سے براستہ غورو پرکوسپ کھوژ دیوانگول تک متبادل سڑک تعمیر کرنے سے یارخون ویلی کی تقریبا پچاس ہزار آبادی کو سال بھر سڑک کی سہولت میسر آئیگی۔

انہوں نے کہاکہ چترال کے عوام نے وفاق میں پی ڈی ایم کی حکومت کے نمائندوں کو ووٹ دے کر قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں بھیج دئیے جبکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں چترال کے عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر تین تحصیلوں کی چیرمین شپ پر کامیاب کیا، اس لئے اب پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی حکومت ان کو مشکل اور مصیبت کی اس گھڑی میں تنہا نہ چھوڑ دے بلکہ دونوں مل کر پانچ ارب روپے کی ایمرجنسی ریلیف فنڈ کی فراہمی کے لئے ایک ہفتے کے اندر اندر فراہم کرے۔

چترال ڈیویلپمنٹ مومنٹ کے قائدین نے زور دے کرکہاکہ چترال میں موجود تمام سیاسی جماعتوں پر یہ کڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں سب مل کراپنے اپنے صوبائی اور مرکز ی قیادت سے ہنگامی بنیادوں پر رابطہ کرے اورصوبائی اور مرکزی حکومتوں سے فنڈز حاصل کریں ورنہ چترال میں انسانی المیہ جنم لینے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے یو این ڈی پی کے گلوف۔IIپراجیکٹ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ 8ارب روپے کی خطیر فنڈز کو سیلاب کی روک اور ایسے ایمرجنسی کے مواقع کے لئے استعمال کرنے کی بجائے غیر ضروری کاموں میں اڑارہے ہیں۔ انہوں نے برنس، چترال ٹاؤن اور دوسرے علاقوں میں ابپاشی کے مقامی نہروں کے ہیڈز کی سیلاب بردگی کے نتیجے میں فصلوں، باغات اور سبزیوں کے مکمل طور پرتباہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے مقامی کاشت کاروں کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان لاحق ہوگا۔

انہوں نے این ایچ اے کے کام کی معیار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے سوال کیا کہ اس ادارے سے کوئی پوچھنے والا کیوں نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبات کے منظور نہ ہونے پر دھرنا دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر مستوج پل اور مستوج تا یارخون سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت کی وجہ سے مختلف مواقع پر 24افرادکی زندگیاں تلف ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔اور مطالبہ کیا کہ مستوج سے دیوانگول تک براستہ پرکوسپ متبادل سڑک تعمیرکیا جائے۔

اس موقع پر کرم علی سعدی نے  کہا کہ چودہ دنوں کے اندر مطالبات پر غور نہ ہونے کی صورت میں وہ نوجوانوں کو لیکر مستوج میں  احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا کا اغاز کریں گے۔  جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہیگا۔

chitraltimes cdm press confrence chitral 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
64865