Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پشاور بورڈ نے میٹرک نتایچ کا اعلان کردیا، وزیراعلیِ نے پوزیشن ہولڈرز کو اعزازی شیلڈز اور انعامات دیئے

Posted on
شیئر کریں:

پشاور بورڈ نے میٹرک نتایچ کا اعلان کردیا، وزیراعلیِ نے پوزیشن ہولڈرز کو اعزازی شیلڈز اور انعامات دیئے

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) ابتدائی و ثانوی تعلیمی بورڈ پشاور کے تحت جماعت دہم کے سالانہ امتحانات برائے سال2022 ءکے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے مطابق سائنس گروپ میں فریال راشد اور مزنہ عالم نے1100 میں سے 1089 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ مریم بی بی ، مشال سبحان اور سید حما د علی شاہ نے 1088 نمبر لے کر دوسری پوزیشن جبکہ درمر جان ، زرلخت ،فاطمہ زرلال اور کنول اختر نے 1087 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔ اسی طرح آرٹس گروپ میں سائرہ گل نے 1043 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔ حافظہ اُمامہ سید 1030 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ سیدہ حلیمہ مسعود 1004 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئیں ۔ مجموی طور پر 80044 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے 67246 طلبہ کامیاب ہوئے اور کامیابی کی مجموعی شرح84 فیصد رہی ہے۔

نتائج کا علان کرنے کیلئے بدھ کے روزوزیراعلیٰ ہاﺅس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان تھے۔صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف ، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز ، چیئرمین پشاور،سوات اور مردان بورڈ ز ، پوزیشن ہولڈرز طلبہ اور اُن کے والدین اور اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں وزیراعلیٰ نے پشاور بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کو اعزازی شیلڈز اور انعامات دیئے ۔

 

اس موقع پرمحمود خان نے سوات بورڈ کے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات براے سال2020,2021 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں بھی میڈلزاور دیگر انعامات تقسیم کئے ۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ ، اُن کے والدین ، اساتذہ اور سکول انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بچے ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور ہم اپنے بچوں کو پڑھانا اور اُنہیں دُنیا کے دیگر ممالک کے بچوں کے برابر لانا چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ اُن کی حکومت کیلئے تعلیم کا شعبہ سب سے اہم ہے کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل جڑا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ تعلیم کے شعبے کو مستحکم کرنے کیلئے مربوط اقدامات کا سلسلہ جاری ہے اور اصلاحات کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ سرکاری سکولوں میں سیکنڈ شفٹ کا اجراءہماری حکومت کا ایک اہم قدم ہے جس کے بہت اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اُنہوںنے کہاکہ سیکنڈ شفٹ کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں محکمہ تعلیم کی پوری ٹیم کی کارکردگی قابل تحسین ہے ۔ اُنہوںنے تعلیم کے شعبے میں اپنی حکومت کے دیگر اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں میں نئے فرنیچر کی فراہمی کے علاوہ سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ ان سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ محکمہ تعلیم کے مختلف اُمور کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بورڈ ز انتظامیہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ تعلیمی بورڈز کے جملہ اُمور کو ڈیجیٹائز کیا جائے تاکہ طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اُنہوںنے کہاکہ پشاور بورڈ کو مادر بورڈ کا درجہ دینے پر غور ہو رہا ہے جبکہ مادر بورڈ کے قیام سے صوبہ بھر کے امتحانی نظام میں یکسانیت آئے گی۔تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی اور دیگرنے بھی خطاب کیا ۔

 

chitraltiems bise position holders cm awards

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے سرکاری ماڈل تعلیمی اداروں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے، ان کے بہتر انتظام و انصرام کو یقینی بنانے اور انہیں ہر لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے اہم اقدام کے طور پر ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی منظوری دیدی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے کے سرکاری ماڈل تعلیمی اداروں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے، ان کے بہتر انتظام و انصرام کو یقینی بنانے اور انہیں ہر لحاظ سے مستحکم بنانے کے لئے اہم اقدام کے طور پر ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی منظوری دیدی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی سربراہی میں یہ ورکنگ گروپ ان تعلیمی اداروں کے انتظامی ڈھانچے کے علاوہ موجودہ انفراسٹرکچر کا جائزہ لے کر ان میں پائی جانے والی کمی خامیوں اور درکار ضروریات کی نشاندہی کرے گا۔ مذکورہ ورکنگ گروپ ان اداروں کے تعلیمی امور میں موجود نقائص کا بھی جائزہ لے گا۔ علاوہ ازیں ورکنگ گروپ ان تعلیمی اداروں میں تدریسی عملے اور دیگر افرادی قوت کی بھرتیوں کے طریقہ ہائے کار اور ضروریات کا بھی جائزہ لے گا۔ ورکنگ گروپ ایک مہینے میں ان اداروں کے مستقبل کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں مالی طور پر خود انحصار بنانے کے لئے ایک پائیدار فنانشل ماڈل تیار کرنے کے علاوہ دیگر قابل عمل تجاویز پیش کرے گا۔ ورکنگ گروپ کے دیگر ممبران میں محکمہ ہائے خزانہ، ابتدائی و ثانوی تعلیم اور اعلی تعلیم کے انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ اسپیشل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ چیف منسٹر سیکرٹریٹ، ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم اور ان تعلیمی اداروں کے پرنسپل صاحبان شامل ہیں۔ ان تعلیمی اداروں میں یونیورسٹی پبلک سکول پشاور، فضل حق کالج مردان، بنوں ماڈل سکول اینڈ کالج، ایبٹ آباد پبلک سکول، سنگوٹھہ پبلک سکول سوات، ایکسلشئیر کالج سوات اور وینسم کالج ڈی آئی خان شامل ہیں۔

 

 

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا حالیہ بارشوں کے باعث صوبے کے بعض حصوں میں مختلف حادثات سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے حالیہ بارشوں کے باعث صوبے کے بعض حصوں میں مختلف حادثات سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے ان واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ دریں اثناء وزیر اعلی نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور متاثرہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی فوری بحال کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے آئندہ دنوں میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
64762