
چترال کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ بھرپور امداد کی جائے،قاری جمال عبدالناصر
چترال کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ بھرپور امداد کی جائے، تباہ شدہ انفراسٹرکچر بحال کئے جائیں /قاری جمال عبدالناصر
چترال(نمایندہ چترال ٹایمز) جمعیت علماء اسلام ضلع چترال لوئر کے سنیئر نائب امیر قاری جمال عبدالناصر نے حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ضلع چترال کے مختلف علاقوں میں ہونے والے نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمعیت علماء اسلا م ضلع چترال لوئر کے ضلعی مجلس عمومی کے دستوری اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں قاری جمال عبدالناصر نے مرکزی و صوبائی حکومتوں، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کے ساتھ مکمل معاؤنت کی جائے، انکی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ چند ٹینٹ اور کچھ اشیا ء فراہم کرنے کے بعد متاثرین کو نظر انداز کرنا قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لوگ بے گھر ہوگئے ہیں، انکی تیار فصلیں، باغات، مکانات اور زمینات سیلاب برد ہو چکے ہیں، ان لوگوں کی مکمل بحالی ناگزیر ہے، اسلئے انہیں معقول مالی معاؤنت فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ قاری جمال عبدالناصر نے کہا تحصیل دروش اور تحصیل چترال کے مختلف وادیوں میں جہا ں جہاں سیلاب آیا ہے ان علاقوں کی طرف ے بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر بھی تباہ ہو چکا ہے، پینے کے پانی، آبپاشی، رابطہ سڑکیں اور پلیں متاثر ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،اسلئے ان امور کی طرف فوری توجہ دیکر عوامی مشکلات میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما ء اسلام کے ضلعی مجلس عمومی کے اجلاس میں سیلاب متاثرین کے ساتھ امداد اور تعاؤن کے حوالے سے قرارداد بھی منظور کی گئی ہے۔