Chitral Times

Sep 29, 2022

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

غیر روائیتی آزادی مبارک۱ – پروفیسرعبدالشکورشاہ

Posted on
شیئر کریں:

غیر روائیتی آزادی مبارک۱ – پروفیسرعبدالشکورشاہ

آزادی کسی قوم پر نازل نہیں ہوتی بلکہ اسے حاصل کرنے کے لیے قوم اپنے آپ کو بلند کرتی ہے۔حقیقی آزادی محض نام تک محدود نہیں ہے۔ ہم آزادی کی اصل روح سے کوسوں دور ہیں۔ تاہم جن کاموں میں ہمیں آزاد نہیں ہونا چاہئے تھا ہم ان میں مکمل آزاد ہیں۔ آزادکشمیر کے ساتھ آزاد کا سابقہ لگا کر سارے اختیار ات لینے والے وفاق کو آزادی مبا رک۔ کروڑوں نوکریوں اور اپنے گھر دینے کا کہہ کر بے روزگار اور بے گھر کرنے والوں کوآزادی مبارک۔تبدیلی کے نام پر مہنگائی کی چکی میں پیسنے والوں کوآزادی مبارک۔ پٹرول، گیس اور بجلی مہنگی کرنے والوں کو آزادی مبارک۔آزادی کے پر مسرت موقعہ پر آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن کے التواء کی تلوارلٹکانے والوں کو آزادی مبارک۔ الیکشن میں ووٹ ہارنے والی پارٹی کو دیکر جیتنے والی پارٹی کے جشن منانے والوں کو آزادی مبارک۔کشمیر لبریشن سیل میں اپنے حلقے کے درجنوں افراد بھرتی کرنے والوں کو آزادی مبارک۔ٹورازم اتھارٹی کے نام پر کشمیر کے رقبہ جات ہتھیانے کی سازش کرنے والوں، کشمیر پریمئیر لیگ کے ساتھ کشمیر لگا کر ساری آمدن کھانے والوں کوآزادی مبارک۔ اپوزیشن میں رہ کر اپوزیشن نہ کرنے والوں کو آزادی مبارک۔محکمہ تعلیم اور دیگر سرکاری ملازمین کو سیاسی پارٹیوں کی جیت پرجشن منانے پر آزادی مبارک۔غیر میعاری سڑکیں تعمیر کرنے والوں، ہسپتالوں پر توجہ نہ دینے والوں اور ادوایات غائب کرنے والوں کو آزاد ی مبارک۔ الیکشن سے پہلے پیسے بانٹنے والوں، قربانی کے گوشت سے فریج بھر کر خراب کرنے والوں، جوس کا ڈبہ ٹیڑا کر کے پینے اور پھر پٹاخہ مارنے والوں کو بھی آزادی مبارک۔

 

یوم آزادی پر باجے بجاکر ناک میں دم کرنے والوں کو آزادی مبارک۔ اپنی گاڑیوں اور جسم پر پاکستانی پرچم سجا کر انڈین گانے لگانے والوں، سرکاری دفاتر میں فائلیں دبانے، چھپانے، غائب کرنے اور ریکارڈجلانے والوں کو بھی آزادی مبارک۔ دفتروں میں لیٹ آکر جلدی چلے جانے والوں، پبلک مقامات پر واٹر کولر سے گلاس چرانے، مسجد سے جوتیاں چرانے اورملک سے جنگلات کا صفایا کرنے والوں کو آزادی مبارک۔دودھ میں پانی ملانے، باسی اشیاء کو تازہ بتا کر بیچنے والوں اور خراب فروٹس پر چند صاف فروٹ سجاکر بیچنے والوں، سبزی میں چپکے سے خراب سبزی ڈالنے والوں، مری ہوئی مرغیاں کھلانے والوں، ادرک کو پانی میں ڈال کر وزنی کرنے والوں اور ناقص مال کو ایک نمبر بتا کر بیچنے والوں کو آزادی مبارک۔ گوشت کو پانی کے ٹیکے لگا کر وزنی کرنے والوں،عوام سے مفت ووٹ لیکرآگے کروڑوں میں بیچنے والوں،ملک میں دہائیوں حکومت کرکے کوئی میعاری ہسپتال نہ بنا کر لندن علاج کروانے والوں کو آزادی مبارک۔ پاکستان میں پروٹوکول اور باہر قطار میں لگنے والوں،کمپوڈر کا کورس کر کے ڈاکٹر کہلوانے والوں، دونمبر بوتلیں بیچنے والوں، باسی اور تازہ کھانے مکس کر کے بیچنے والوں،جوس، گنے کا رس اور شیک کم اوربرف زیادہ ڈالنے والوں،ٹرالی میں اینٹوں اور ریت کی کرپشن کرنے اور کالے پائپ، گلی سڑک، ٹوٹی نلکہ، سکیم، کول کے نام پر ووٹ دینے والی عوام کو آزادی مبارک۔ تحریک انصاف کو وفاق اور پی ڈی ایم کو پنجاب سے حکومت کھونے پر آزادی مبارک۔ پوری مزدوری لے کر چند اینٹیں لگانے والے مستریوں، کندھے پر بیلچہ رکھ کر مانگے والے جعلی مزدوروں، کاروں او ر بنگلوں کے مالک بھکاریوں، مفت میں کھانے پینے والے پولیس والوں،عادی لفٹ مانگنے والوں، سکول آکر بچوں کو نہ پڑھانے والوں، ہسپتال میں جا کرمریضوں کو ٹیسٹوں کی دلدل، اپنی کمیشن والی دوائیاں اور لیبارٹریاں تجویز کرنے والوں، جعلی عاملوں،حکیموں اورافسروں کو آزادی مبارک۔مفت پٹرول اور بجلی کے یونٹس استعمال کرنے والوں، کھیل میں سٹے لگانے والوں، جواء کھیلنے والوں کو بھی آزادی مبارک۔

 

ہر مرتبہ حکومت کا حصہ بننے والے شعبدہ بازوں، راتوں رات وفاداریاں بدلنے والے وزیریوں، سول محکموں پر مسلط کرنلوں، برگیڈئیروں اور جنرلوں کو بھی آزادی مبارک۔ چائینہ کٹنگ کے پیسوں سے ویلفئیر فاونڈیشن بنانے، عوامی عطیات پر الیکشن لڑنے اور اسلام کے نام پر کھانے والوں کو بھی آزادی مبارک۔ مخصوص لوگوں کا احتساب کرنے والی نیب، میچ ہارنے والی پی سی بی، لوڈ شیڈنگ کرنے والی واپڈا، پانی گندہ کرنے والی واسا اور کچرے کے ڈھیر لگانے والی کارپوریشن کو بھی آزادی مبارک۔ کپڑا بچا کر اپنے بچوں کے کپڑے سینے والے درزیوں، ایمبولینس کو راستہ نہ دینے والوں، اشارے توڑنے والوں،بیسن میں آٹا ملاکر پکوڑے بنانے والوں، پاوں سے آٹاگوندھنے اور پیسے بڑھا کر وزن کم کرنے والے نان بائیوں، سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگا کر بیرون ملک رہنے والوں، ڈیم فنڈز کے پیسے کھانے والوں، جہیز کے خلاف باتیں کرکے کروڑوں جہیز پر لگانے والوں، غریب کے نعرے لگا کر امیر ہونے والوں کو بھی آزادی مبارک۔ قبضہ مافیا، ٹمبر مافیا، واٹر مافیا، ٹرانسپورٹ مافیا اور ویکسن مافیا کو بھی آزادی مبارک۔ لاکھوں رشوت دے کر استاد بھرتی ہونے والے معماروں،پارٹیوں کی الیکشن کمپین چلانے والے سرکاری ملازمین احساس کمتری کا شکار بڑے لوگوں کے ساتھ سیلفیاں بنانے والوں، منہ چبہ کر کے سیلفیاں بنانے والوں، الٹی سیدھی ویڈیو بنانے والوں جواب یا کمنٹ کے بجائیے ایموجی یا نائیس لکھنے والوں، سبسکرائبر کی ریکوسٹ کرنے والوں، نہ جان نہ پہچان ایویں کی فیس بک ریکویسٹ بھیجنے والوں، اپنی پروفائل لاک کر نے والوں اور برا بھلا کہہ کر گروپ لفٹ کرنے والوں کو بھی آزادی مبارک۔ پیسوں سے جعلی ڈگریاں بنوانے والوں، قرض اتارنے کے بجائے عمرہ کرنے والوں، مس کال مارنے والوں،لڑکی سمجھ کر دوستی کی پیش کش کرنے والوں، دعوت کے چکر میں سارا دن بھوکے رہنے والوں،شادیوں پہ بن بلائے آنے والوں اور بوٹیاں چاولوں کے نیچے چھپا کر کھانے والوں کو بھی آزادی مبارک۔

 

اپنا بن کر چونا لگانے والوں، جلدی دعا مانگ کر اگلی محفل میں شرکت کرنے والے مولویوں،والدین کو بھوکا رکھ کر فوتگی پہ فروٹ کھلانے والوں، دوسرے کے کپڑے پہن کر چوہدری بننے والوں، شہر سے گاوں اور بیرون ملک سے پاکستان آکر نواب زادے بننے والوں، اپنی مادری زبان اور کلچر کو بھول جانے والوں، صرف جمعہ کے دن شلوار قمیض پہننے والوں، مہنگی گاڑی سے جوس اور لیز کے پیکٹ باہر پھیکنے والوں، رات کو کوڑے کے شاپر دوسروں کی چھتوں پر پھیکنے والوں، خالی کپ لیکر چھت پہ گھومنے والوں،موبائل چوری کر کے گیم کھیلنے والوں، خریداری کے پیسوں سے ایزی لوڈ کروانے والوں، ساری رات لمبی کالیں کرنے والوں، کانوں میں ہینڈ فری لگا کر گاڑی چلانے والوں،چوری چھپے دوسروں کے میسج پڑھنے والوں، نوکری کے لیے لمبے لمبے فارم پر کروانے والوں، پراسسنگ فیس کی مد میں لاکھوں بٹورنے والوں اور ایڈ مشن فیس، سیکورٹی، لائبریری فنڈز او ر دیگر نام نہاد فنڈز کے زریعے غریب والدین کو لوٹنے والوں کو بھی آزادی مبارک۔ ماڈل ٹاون، ساہیوال اور دیگر سانحات پر لواحقین کو ڈرانے دھمکانے اور فیصلے نہ کرنے والوں،غریببوں کو سالوں عدالتوں کے چکرلگاوانے اور مقتدرہ کے لیے رات بارہ بجے عدالتیں لگوانے والوں، آئے روز وزارتیں بدلنے اور عوام کو الو بنانے والوں کو بھی آزادی مبارک۔ اپنے ہی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والوں، پندرویں ترمیم پر جھوٹ بولنے والوں، آزادی پسندوں کو ایجنٹ کہنے والوں کو ابھی آزادی مبارک۔ وزارتو ں کے لیے اہلحدیث سے اہلسنت ولجماعت بننے والوں،جعلی شعیہ بن کر ماتم کرنے والوں،محرم کے دوران نیلم روڈ بندکرنے والوں، عہدوں کے لیے کروڑوں کے فنڈز کے نام پر رشوت دینے والوں، اوروں کو بچے لندن میں رکھنے کا طعنہ دیکر اپنے بچے برطانیہ رکھنے والوں،سابقہ کرپٹ لوگوں کو اعلی عہدوں پر تعینات کرنے والوں کو بھی آزادی مبارک۔ لاک ڈاون میں شٹر نیچے کر کے دکانداری کرنے والوں، بیوی سے لڑ کر فوڈ پانڈہ سے کھانے منگوانے والوں، غلط راستہ بتانے والوں، جعلی صحافی بن کر بلیک میل کرنے والوں کو بھی آزادی مبارک۔

 


شیئر کریں: