Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قائمقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی اور وزیر اعلیِ محمود خان کا 75ویں یوم آزادی(ڈائمنڈ جوبلی) پر پیغام

Posted on
شیئر کریں:

قائمقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی اور وزیر اعلیِ محمود خان کا 75ویں یوم آزادی(ڈائمنڈ جوبلی) پر پیغام

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) 75 ویں یوم آزادی پاکستان پر پوری قوم بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمیں اپنے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے بتائے گئے اصولوں پر عمل کرناہوگا اور اس ڈائمنڈ جوبلی کو یاد گار بناتے ہوئے عہدکرناہوگا کہ پاکستان کو دنیاکا سب سے پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک بنائیں گے۔ ہمارے اباواجداد کی کاوشوں اور قربانیوں کی بدولت آج کے دن 1947 میں اللہ تعالی نے ہمیں پاکستان کی شکل میں ایک آزاد خودمختار ریاست کاتحفہ دیاجس پر ہمیں اللہ تعالی کا شکراداکرناچاہئیے۔

آج ملک بھر میں آزادی کی 75ویں سالگرہ ڈائمنڈجوبلی کی پروقار اور شاندار تقریبات جاری ہیں اور پوری قوم آزادی کی حقیقی خوشی کا جشن منارہی ہے جوکہ انتہائی خوشی اور اطمینان کا باعث ہے۔آزادی کے دن سے لیکر آج تک مملکت خداداد پر جتنے بھی مشکل حالات آئے پوری قوم نے متحد ہو کر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انشاء اللہ مستقبل میں بھی اپنی پیاری سرزمین سے محبت کے جذبہ کے تحت ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی ہرچیلنج کا بھرپورمقابلہ کریں گے اور ملک کی سلامتی،خودمختاری اور سبزہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔

بحیثیت پاکستانی قوم ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحادواتفاق پیدا کرناہوگااور ملک دشمن طاقتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناناہوگا۔ آزادی اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئیے، ہمیں ذاتی، گروہی اور تفرقہ بازی سے بالاتر ہوکر یکسوئی، ہم آہنگی اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھناہوگا۔ مملکت خداداد پاکستان ہمارے اکابرین کی جدوجہد وقربانیوں کانتیجہ ہے جس کی حفاظت بحیثیت مسلمان و پاکستانی قوم ہم سب نے متحد ہوکرکرنی ہے۔پاکستان کو جس مقصد کیلئے حاصل کیا گیاتھا اس مقصد کے حصول کیلئے شب و روز محنت کرنی ہوگی اور اقوام عالم کی ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے اوردنیامیں پاکستان کا نام سرخرو کرنے کیلئے ہرطبقہ فکر اوربالخصوص نوجوانوں کو اپناکردار ادا کرناہوگا اور یہی اپنے اباواجداد،اکابرین اورجدوجہدآزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کابہترین طریقہ بھی ہے۔

بدعنوانی
75 ویں یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پیغام

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پوری قوم باالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج وطن عزیز کی بقاءو سلامتی اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے تجدیدِ عہد کا دن ہے، پاکستان بلا شبہ برصغیر کے مسلمانوں کی ایک طویل جدوجہد اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، آج ہم اپنے اسلاف کی ان قربانیوں اور جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اس ملک کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے ان نظریات پر کار بند رہیں گے جو اس مملکت خداداد کے حصول کی بنیاد ہیں۔ پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جن کی وجہ سے آج ہم پر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ یہ بلاشبہ ہمارے اسلاف کا ہم پر ایک عظیم احسان ہے، اس لئے اب اس مملکت خداداد کو حقیقی معنوں میں ایک آ زاد فلاحی ریاست اور ترقیافتہ ملک بنانا بھی ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔

 

اس مقصد کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت کا اولین تقاضا ہے کہ ہم علاقائی ، نسلی اورلسانی امتیازات اور تمام تر ذاتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کی حقیقی آزادی اور ترقی کیلئے یکجا ہو جائیں۔ہم آزادی کیلئے پیش کی گئی لاکھوں قربانیوں کی قیمت تو نہیں چکاسکتے البتہ آزادی کے حقیقی مقاصد حاصل کرکے اپنے اسلاف کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ملک کو داخلی ، خارجی اور مالی بحرانوں سے نکالنے اور معاشی استحکام کیلئے ایک آزادانہ اور دیرپا حکمتِ عملی کی ضرورت ہے کیونکہ مالی خودکفالت اور معاشی استحکام ناقابل تسخیر قومی دفاع کیلئے ناگزیر ہے۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے پاکستانی قوم کو کئی دہائیوں کے بعد عمران خان کی شکل میں ایک مخلص اور نڈر قیادت میسر آئی ہے جو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے حصول کیلئے گامزن ہے۔آئیں آج کے دن ہم سب اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے اپنا کردار بطریق احسن ادا کریں گے اور ہم قومی مفادات کو سیاسی اور ذاتی مفادات پر ترجیح دیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے تحریک آزادی کے شہداءسمیت پاکستان کے دفاع و سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی مسلح افواج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔


شیئر کریں: