Chitral Times

Oct 1, 2022

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایمان ،اتحاد اور یقین پاکستان کی ترقی کا استعارہ ہیں۔پاکستان کی مضبوطی اور اتحاد کی بنیاد اس کا نظریہ ہے ۔ دردانہ صدیقی

Posted on
شیئر کریں:

ایمان ،اتحاد اور یقین پاکستان کی ترقی کا استعارہ ہیں۔پاکستان کی مضبوطی اور اتحاد کی بنیاد اس کا نظریہ ہے۔
دردانہ صدیقی
پاکستان کو اسلامی آئین ہی مضبوط اور محفوظ رکھ سکتا ہے ۔ بلقیس مراد
یوم آزادی کے موقع پر کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔ طاہرہ عبد الرحیم

 

چترال (چترال ٹایمز رپورٹ ) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی ،صوبائی ناظمہ بلقیس مراد اور ناظمہ ضلع چترال طاہرہ عبد الرحیم نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن خوشی اور امید کا دن ہے اس کے ساتھ اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ پاکستان کو اس کے نظریہ کے عین مطابق اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا ہے اور اس وژن پر عملدرآمد ہمارے اپنے ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان کی مضبوطی اور اتحاد کی بنیاد اس کا نظریہ ہے، وطن عزیز کی جدوجہد آزادی کی راہ میں بہایا جانے والا قیمتی خون ہر 14 اگست کو یاد دلاتا ہے کہ اس نظریے کی خاطر اپنوں نے جانیں قربان کیں۔پاکستان کی بقاء ، سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے، ہمیں وہ عہد و پیماں پورے کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے رب سے کیے تھے۔

 

جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک نہ ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کر سکتا ہے نہ ہی قومی وقار اور ملکی خودمختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اسلامی آئین ہی اس کو متحد و محفوظ رکھ سکتا ہے اور ایک نظریاتی قیادت اس کے استحکام کی ضرورت ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے ان کشمیری و فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے جو نامساعد حالات میں اپنی آزادی کے لئے محو جدوجہد ہیں۔کشمیر پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے ہم مشکل کی اس گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ ایمان ،اتحاد اور یقین پاکستان کی ترقی کا استعارہ ہیں۔تحریک پاکستان ،تعمیر پاکستان تک جاری رہے گی۔آئیے تمام تعصبات سے بالاتر ہو کر وطن کی ترقی کے لئے متحد ہو جائیں تاکہ علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم کی انتھک جدوجہد کےحاصل اسلامی جمہوریہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بنایا جا سکے۔


شیئر کریں: