Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ  محمود خان کا عوامی مسائل کے حل کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن کچہری کا انعقاد

شیئر کریں:

وزیراعلیٰ  محمود خان کا عوامی مسائل کے حل کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن کچہری کا اجراء کردیا

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے عوامی مسائل کے حل کے لئے ایک اہم قدم کے طور پر صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ آن لائن کچہری کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بدھ کے روز پہلی آن لائن کچہری میں پسماندہ ضلع ٹانک کے عوامی مسائل سن کر آن لائن کچہری کے سلسلے کا باضابطہ اجراءکیا ہے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اس کچہری میں ٹانک کے عوام نے صوبائی محکموں سے متعلق مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا ۔وزیر اعلی نے عوامی مسائل کے حل اور شکایات کے ازالے کے لئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز،ٹانک کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام بھی آن لائن کچہری میں شریک تھے۔ صوبے کی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہے کہ کسی وزیر اعلیٰ نے آن لائن کچہری کا انعقاد کرکے براہ راست عوامی مسائل سنے۔

 

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ایک شہری کی شکایت پر متعلقہ حکام کو ایف آر ٹانک میں 2018 سے محکمہ صحت کے تحت نچلی سطح کی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ نے ضلع ٹانک میں محکمہ صحت میں نچلی سطح کی بھرتیوں پر عائد پابندی اُٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹانک میں صحت کے شعبے میں خالی آسامیوں کو مشتہر کرکے ان پر میرٹ کے مطابق بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ ان بھرتیوں میں معذور افراد اور اقلیتوں کے لئے مختص کوٹے پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ٹانک میں فیمیل ڈینٹل سرجن کی عدم دستیابی کے حوالے سے شکایت پر وزیر اعلی نے جلد سے جلد وہاں پر فیمیل ڈینٹل سرجن کی آسامی تخلیق کرنے اور اُس آسامی پر مقامی فی میل ڈینٹل سرجن کی بھرتی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو صوبے کے تمام پسماندہ اضلاع میں مقامی ڈاکٹروں کی بھرتی کے لئے باضابطہ پالیسی وضع کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ ٹانک ہسپتال میں سہولیات کی کمی کی شکایات پر وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری صحت کو ہسپتال کا دورہ کرکے اگلے ہفتے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ اُنہوںنے ہدایت کی کہ ٹانک میں صحت کارڈ اسکیم کے تحت مفت علاج معالجے کے لئے مزید ہسپتالوں کو بھی پینل میں شامل کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ اُنہوں نے پینے کے صاف پانی کی قلت سے متعلق عوامی شکایات پر محکمہ آبنوشی اور ضلعی انتظامیہ کو فوری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ٹانک سٹی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 750 ملین روپے کا منصوبہ پہلے سے منظور کیا گیا ہے،اس منصوبے پر ٹائم لائنز کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

 

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت دیہی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ٹیوب ویلز بنارہی ہے ،ان ٹیوب ویلز کے لئے علاقے کے عوام موزوں مقامات کی نشاندہی کریں،جہاں پر ٹیوب ویلز تعمیر کئے جائیں گے وہ جگہیں سرکار کی تحویل میں ہونگی، محمود خان نے مزید کہاکہ سرکاری پیسوں سے بننے والے ٹیوب ویلز پر کسی کا ذاتی قبضہ نہیں ہوگا۔اُنہوںنے ہدایت کی کہ پہلے سے قائم سرکاری ٹیوب ویلز پر اگر کسی کا ذاتی قبضہ ہے تو اسے ایک ہفتے میں عوامی استفادہ کیلئے کھول دیا جائے۔اُنہوںنے ناکارہ ٹیوب ویلز کی بحالی کے لئے 21 دنوں کے اندر ضروری کاروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں نئے بننے والے ٹیوب ویلز کے ساتھ ڈسٹریبیوشن لائن کو لازمی قرار دیااور کہاکہ اس کے بعد بغیر ڈسٹریبیوشن لائن کوئی ٹیوب ویل تعمیر نہیں ہوگا۔ ٹانک سٹی میں صفائی ستھرائی سے متعلق شہری کی شکایت پر وزیر اعلی نے محکمہ بلدیات اور ضلعی انتظامیہ کو ایک ہفتے میں پورے شہر کی صفائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلی کی متعلقہ حکام کو ایک مہینے کے اندر ٹانک میں تمام آبی گزرگاہوں پر تجاوزات کو ہٹانے کے لئے کاروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ۔

 

ٹانک سٹی روڈ کی تعمیر کے منصوبے پر کام کی سست روی کی شکایات پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ایکسئین کو فوری طور پر سائیٹ کا وزٹ کرنے اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح ایک مقامی سڑک کی خستہ حالی سے متعلق شکایت پر وزیر اعلی نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو سڑک کی بحالی کے لئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔اُنہوںنے بجلی سے متعلق مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ٹانک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ،اضافی بلنگ اور میٹرائزیشن سے متعلق مسائل چیف پیسکو کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔مزید برآں ٹانک میں منشیات کے استعمال سے متعلق شہری کی شکایت پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کا خصوصی اجلاس بلا کر لائحہ عمل تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور محکمہ سماجی بہبود کو ٹانک میں منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لئے سروے کرکے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس لاک اپس کی خستہ حالی اور پولیس سے جڑی دیگر شکایت پر وزیر اعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی پولیس کو وہاں کے تھانوں کا وزٹ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پرٹانک میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضلع ٹانک کے لئے 70 کروڑ روپے کا اسپیشل ڈویلپمنٹ پروگرام منظور کیا گیا ہے جبکہ ٹانک سڑک کا منصوبہ بھی نئے اے ڈی پی میں شامل کیا گیا ہے جس پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔محمود خان نے تمام متعلقہ حکام کو اس کچہری میں جاری کردہ احکامات پر مقررہ وقت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ 21 دن کے بعد ان احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا جائے گا اور احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔واضح رہے کہ اس طرح کی آن لائن کچہریوں کا انعقاد صوبے کے تمام اضلاع کیلئے منعقد کیا جائے گا اور ہفتے میں دو دفعہ یہ آن لائن کچہریاں منعقد کی جائیں گی ۔


شیئر کریں: