Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی فراہمی کو مقررہ وقت پر یقینی بنایا جائے۔۔وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی

شیئر کریں:

صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی فراہمی کو مقررہ وقت پر یقینی بنایا جائے۔۔وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی فراہمی کو مقررہ وقت پر یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی اور تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم عام کرنا اور طلباؤطالبات کومفت کتابوں کی فراہمی ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اب صوبے کا کوئی بچہ اوربچی تعلیم اور کتاب سے محروم نہیں رہے گا۔ تعلیمی سہولیات دینا موجودہ صوبائی حکومت کا اہم مشن ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی فراہمی کے حوالے سے خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن، ٹیکسٹ بک ٹیم، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیرتعلیم کو صوبے کے سرکاری سکولوں کو مفت کتابوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے سرکاری سکولوں کو مفت کتابوں کی ترسیل کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ ونٹر زون والے وہ سکول جہاں پر سردیوں میں زیادہ چھٹیاں ہوتی ہیں اور انکی موسم گرما کی چھٹیاں 31جولائی کو ختم ہورہی ہیں اور یکم اگست سے سکول کھلیں گے کو کتابوں کی فراہمی مکمل ہے جونہی سکولوں میں طلباء وطالبات آنا شروع ہوجائینگے انکو کتابیں دی جائیگی۔ گرمیوں کے چھٹیوں والے سرکاری سکول جوکہ 15اگست سے کھل رہے ہیں ان کی کتابیں 12اگست تک سکولوں کو فراہم کردی جائیں۔ شہرام خان ترکئی نے سختی سے ہدایت کی کہ کتابوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ داخلہ مہم میں بھی تیزی لائی جائے ہر ضلع کا ایجوکیشن آفیسر اساتذہ کو ٹاسک حوالہ کرے تاکہ کوئی بھی بچہ حصول تعلیم سے محروم نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ اور قوم ترقی نہیں کرسکتے ہماری حکومت کی شروع دن سے یہی کوشش ہے کہ سرکاری سکولوں میں معیاری اور مفت تعلیم کو فروغ دیاجائے اور آج اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس عظیم مقصد میں کافی حد تک کامیاب ہوچکے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
63989