Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیِ کے زیر صدارت صوبے میں  امن و امان سے متعلق اعلیِ سطح اجلاس 

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلیِ کے زیر صدارت صوبے میں  امن و امان سے متعلق اعلیِ سطح اجلاس

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں منعقد ہوا جس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف، انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری اور پولیس کے دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبے کے مختلف مقامات پر پولیس اہلکاروں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے امن و امان ناگزیر ہے اور صوبائی حکومت کے لیے امن و امان کا قیام سب سے مقدم ہے، صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعات کا موثر تدارک یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ اس مقصد کے لئے پولیس کے اعلی حکام اور ادارے مل بیٹھ کر ایک مربوط اور قابل عمل لائحہ عمل ترتیب دیں۔اُنہوں نے کہا کہ فیلڈ میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں پر ہمیں فخر ہے، پولیس اہلکار بڑی بہادری اور فرض شناسی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں، اس لیے پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات ہونے چاہئیں، محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے پولیس کو درکار تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہم پولیس اہلکاروں کی مزید شہادتوں کے متحمل نہیں ہو سکتے،ہمیں فیلڈ میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے اہلکاروں کے مورال کو ہر صورت برقرار رکھنا ہے، محمود خان نے کہا کہ ریجینل پولیس آفیسرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرزکو ہر وقت دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں نکلنا ہوگا، انہیں اپنے ماتحت اہلکاروں کا مورال بلند کرنا اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ان افسران کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پرپولیس اہلکاروں کی نقل و حرکت کے لئے طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ پولیس اہلکاروں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کا پہلے سے صحیح اندازہ لگانا چاہئے اوراس مقصد کے لئے انٹیلی جنس کے نظام کو مزید موثر اور مضبوط بنایا جائے۔
<><><><><><><>

 

 

سرکاری سکول کے باصلاحیت طالب علم کو وزیراعلیٰ  نے انعام سے نوازا

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) سوشل میڈیا پر ویڈیووائرل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سرکاری سکول کے باصلاحیت طالب علم کو وزیراعلیٰ ہاﺅس بلا لیا۔ محب اﷲ پشاور کے علاقہ سردار کالونی کا رہائشی ہے جو روانی کے ساتھ انگریز ی بولتا ہے اور اپنے محلے کے دیگر بچوں کو بھی مفت انگلش لینگویج سکھاتا ہے ۔ محب اﷲ کے والد زاہد گل ایک محنت کش ہے جو ریڑھی پر آلو چپس بیچ کر گزر بسر کرتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے مذکورہ طالب علم کی حوصلہ افزائی کیلئے اسے نقد انعام دیا اور اس کے بڑے بھائی کو سرکاری نوکری دلانے کی یقین دہانی کرائی ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محب اللہ کو اپنی صلاحیت سے دوسرے بچوں کو بھی مستفید کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت با صلاحیت بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہےاور تعلیم کے حصول کے لئے ایسے با صلاحیت بچوں کی بھر پور معاونت کی جائے گی۔ طالب علم نے وزیر اعلی ہاوس بلانے اور حوصلہ افزائی کرنے پر وزیر اعلی محمود خان کا شکریہ ادا کیا۔

chitraltimes cm kpk giving cheque to a briliant student
<><><><><><><>

 

وزیراعلیِ کا بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر مختلف حادثات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان حادثات میں پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت ان متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ دریں اثناءوزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو ان بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات اکھٹی کرنے اور متاثرین کو امداد کے لئے بروقت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے۔
<><><><><><>

 

وزیراعلی کا باڑہ میں پولیس پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیس پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پولیس انسپکٹر کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پولیس اہلکاروں کی ان قربانیوں پر پوری قوم کو بجا طور پر فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت شہید انسپکٹر کے اہل خانہ کو غم کی اس گھڑی کی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس شہداءہمارے اصل ہیرو ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
<><><><><><>

 

دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مشیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں خلیق الرحمن کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دُکھ کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
َِ<><><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
63800