Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ کا اجلاس، ضلع چترال اور  دیر میں جاری منصوبوں کا دورہ کرنے کی ھدایات 

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم اور امور نوجوانان کا اجلاس، ضلع چترال اور ضلع دیر میں محکمہ کے زیر انتظام جاری منصوبوں کا دورہ کرانے کے لیے بھی ھدایات

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل اور امور نوجوانان کے چیئرمین و ایم پی اے محمد ادریس نے متعلقہ حکام کو صوبہ میں قائم تمام ریسٹ ہاؤسز، دوبئی ایکسپو 2022،تمام تحصیلوں میں کھیل کے میدانوں کا قیام، ثقافتی پالیسی 2018، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور ثقافتی سرگرمیوں کیلئے محکمانہ اقدامات سے متعلق تمام تفصیلات اگلے کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کے لیے احکامات جاری کیے۔یہ احکامات چیئرمین و ایم پی اے محمد ادریس نے گزشتہ روزاسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے۔

 

اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی احتشام جاوید، زبیر خان، سردارخان، میر کلام وزیر، شگفتہ ملک اور ایم پی اے سمیرہ شمس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری و ڈائریکٹر جنرل محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم، عجائب گھر اور امور نوجوانان، اسسٹنٹ وڈپٹی سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، ڈائریکٹر و ڈپٹی ڈائریکٹر کلچر و امور نوجوانان، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل، سیکشن آفیسر محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔قائمہ کمیٹی اجلاس میں تحصیلوں کی سطح پر کھیل کے میدانوں کا قیام اور ان کے لئے نائب قاصدوں کی بھرتیوں، ثقافتی پالیسی 2018، خیبرپختونخوا کے فنکاروں کے تحفظ، مالی امداد و علاج معالجے کے لیے سہولیات کی فراہمی، مثبت و تعمیری ثقافتی سرگرمیوں کیلئے درکار محکمانہ اقدامات جبکہ دوبئی ایکسپو اور کنڈ پارک نوشہرہ سے متعلق بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

 

کمیٹی کے چیئرمین و ایم پی اے محمد ادریس نے محکمہ کے زیرِ انتظام سال 2018 تا اب تک فنکاروں کی فلاح و بہبود پر خرچ شدہ تقریباً 13ملین روپے، جبکہ ثقافت کے زندہ آمین منصوبہ کے تحت کل 500 فنکاروں کو نو ماہ کے لیے دیے گئے ماہانہ30 ہزار روپے بطور اعزازیہ اور کل 30 ثقافتی سرگرمیوں پر خرچ تقریباً 2کروڑ 5 لاکھ روپے، شمالی وزیرستان میں ثقافتی سرگرمیوں کے لیے محکمانہ کارروائیوں، ضلع دیر میں کھیلوں کے میدانوں سمیت، سٹیڈیم کی تعمیر جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں سیاحت کے فروغ کے لیے درکار اقدامات سے متعلق مکمل تفصیلات اگلے کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کے لیے احکامات بھی جاری کیں۔ انہوں نے اسمبلی انتظامیہ کو کمیٹی ممبران کا ضلع چترال اور ضلع دیر میں محکمہ کے زیر انتظام جاری منصوبوں کا دورہ کرانے کے لیے بھی ھدایات جاری کیے۔ اس موقع پر کمیٹی کا اگلا اجلاس 4 اگست کو بلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
63775