Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

میرٹ کی بالادستی – محمد شریف شکیب

Posted on
شیئر کریں:

میرٹ کی بالادستی – محمد شریف شکیب

شنید ہے کہ حکومت نے محکمہ تعلیم میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے کی دوبارہ ٹھان لی ہے اور اس تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے کہ صوبہ بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعینات 72 ہزار سے زائد اساتذہ کو این ٹی ایس امتحان کی بھٹی سے گذارا جائے گا جو اساتذہ اس آزمائش سے سرخرو ہو کر نکلے وہ باقی زندگی خوش وخرم رہیں گے اور جو اس آزمائش پر پورا نہ اتر سکے انہیں گولڈن ہینڈ شیک کے زریعے باعزت رخصت کیا جائے گا۔ دوڈھائی سال پہلے بھی اس تجویز کی صدائے بازگشت سنائی دی تھی مگر کسی مصلحت کے تحت اس پر عملدرآمد موخر کیاگیا تھا۔

 

محکمہ تعلیم میں اصلاحات کا سلسلہ چند سالوں سے جاری ہے۔ تدریسی سٹاف کی کمی پوری کرنے کے لئے این ٹی ایس کے زریعے ہزاروں اساتذہ بھرتی کئے گئے ہیں سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرایا گیا اور مانیٹرنگ یونٹ بھی قائم کردیا گیا 80فیصد سے زائد سکولوں کو چاردیواری، صاف پانی، بجلی، فرنیچر اور ٹائلٹس کی سہولتیں بھی فراہم کی گئیں قومی خزانے سے سالانہ اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر ہونے کے آثار دکھائی نہیں دیتے۔جس کی بنیادی وجہ ماہریں نے تدریسی عملہ کی کمزوری اور دقیانوسی نصاب کو قرار دیا ہے۔

 

سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار گزشتہ چار عشروں سے انحطاط کا شکار ہے جس کی بنیادی وجہ رشوت اور سیاسی سفارش کے زریعے بھرتیاں ہیں جو نااہل لوگ اوپر سے سفارش کروا کر اور بھاری رشوت دے کر پرائمری ٹیچر بھرتی ہوئے تھے وہ آج ترقی پا کر سکولوں کے انچارج بن چکے ہیں یا گریڈ سترہ اٹھارہ تک پہنچ چکے ہیں۔سرکاری تعلیمی اداروں کے زوال کی وجہ سے پرائیویٹ سکول مشروم کی طرح جگہ جگہ سے اگ آئے ہیں جس کو دوسرا کوئی کام نہیں ملتا وہ پرائیویٹ سکول کھول کر بیٹھ جاتا ہے اور چند سالوں کے اندر کروڑ پتی بن جاتا ہے۔تعلیم ہی قوموں کی ترقی کا پہلا زینہ ہے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں قابل ترین لوگوں کو تدریس کے شعبے میں کھپایا جاتا ہے۔کسی تقریب میں پرائمری ٹیچر آجائے تو امریکہ کا صدر بھی اس کے احترام میں کھڑے ہو کر اس کا استقبال کرتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں نے جب تک تعلیم و تدریس اور تحقیق پر توجہ مرکوز رکھی انہوں نے دنیا پر حکمرانی کی۔ جب سے تعلیم کی اہمیت بھلا دی۔ دنیا میں محکوم و مجبور اور خوارومقہور ہو گئے۔خود جو دوبارہ مہذب اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے لئے میرٹ کی بالادستی قائم کرنا ضروری ہے۔اور تعلیم کے شعبے میں میرٹ کی بالادستی ایک ناگزیر قومی ضرورت ہے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
63716