Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ محمود خان کا ضلع ٹانک و کرک کا دورہ، سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم

شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ محمود خان کا ضلع ٹانک و کرک کا دورہ، سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کیے
وزیر اعلیٰ کا ٹانک کی یونین کونسل پائی کیلئے 20 کروڑ، کرک کی تحصیل تخت نصرتی کیلئے 30 کروڑ روپے خصوصی پیکج کا اعلان

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کرک اور ٹانک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹانک کے علاقہ پائی اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں جبکہ ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی میں سیلاب سے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مذکورہ علاقوں کے سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین میں فی کس تین لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیے اور اعلان کیا کہ انہیں مزید پانچ لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔انہوں نے مکمل تباہ شدہ گھروں کے لیے چار لاکھ روپے فی گھر جبکہ جزوی طور پر نقصان زدہ گھروں کے لیے ایک لاکھ 60 ہزار روپے فی گھر دینے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے کرک اور ٹانک کی ضلعی انتظامیہ کو عوامی نمائندوں کی معاونت سے ایک ماہ کے اندر نقصانات کا تخمینہ لگا کر رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تحصیل تخت نصرتی میں سیلاب سے متاثرہ انفرا سٹرکچر کی بحالی کے لیے تیس کروڑ روپے جبکہ ضلع ٹانک کی یونین کونسل پائی کے لیے بیس کروڑ روپے خصوصی پیکج کا اعلان کیا۔

محمود خان نے اس موقع پر سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ موسم کی خرابی کی وجہ سے قدرے تاخیر سے آئے ہیں تاہم عوام مطمئن رہیں۔آ پ کا وزیراعلیٰ آپ کے ساتھ کھڑا ہے، آپ تنہا نہیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی،ہم مشکل مالی حالات کے باوجود حالات کا مقابلہ کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام الناس کے مسائل کا ازالہ پی ٹی آئی کا منشور اور عمران خان کا وژن ہے یہی وجہ ہے کہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی صوبائی حکومت کی شروع سے ترجیح رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹانک شہر کیلئے گومل زام ڈیم سے صاف پانی کی فراہمی ایک سال کے اندر شروع ہو جائے گی جبکہ دیگر جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کے مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں، محمودخان نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ندی نالوں وغیرہ پر تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کرنے کی ہدایت کی اور کہا اگر تجاوزات نہ ہوتیں تو 80 فیصد نقصان سے بچ جاتے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ قدرتی آبی گزرگاہوں پر موجود تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔ محمود خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بہتر انداز میں خدمات کی فراہمی پر محکمہ ریلیف اور دیگر متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صوبائی وزیر برائے ریلیف اقبال وزیر، رکن صوبائی اسمبلی پختون یار، سابق اراکین قومی اسمبلی شاہد خٹک اور علی امین گنڈاپور کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیلا ب متاثرین سے علی امین گنڈا پور اور شاہد خٹک نے بھی خطاب کیا۔

 

دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کوہاٹ سے لائے گئے مریض کے ساتھ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹروں کے نامناسب رویے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو معاملے کی انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ متاثرہ مریض کو فوراً ڈھونڈ کر ہسپتال میں داخل کرکے اس کے مکمل مفت علاج معالجے کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے اورمریض کو علاج کی فراہمی میں دشواری پیدا کرنے والے متعلقہ عملے کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے صحت کارڈ کے تحت پینل میں شامل تمام ہسپتالوں میں مریضوں کے مفت علاج معالجے کو بغیر کسی دشواری کے یقینی بنانے اور مفت علاج معالجے کے سارے عمل کو مریضوں کے لئے سہل بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس طرح کی شکایات سامنے نہ آئیں۔ واضح رہے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں شہری نے ڈاکٹروں کے نامناسب رویے کی شکایت کی تھی جس کا وزیر اعلیٰ نے سختی سے نوٹس لیا ہے ۔

 

chitraltimes cm kpk mahmood khan distributes relief cheques tank chitraltimes cm kpk mahmood khan addressing kark1 chitraltimes cm kpk mahmood khan addressing kark

 

وزیراعلیِ کا باڑہ میں پولیس چیک پوسٹ پر فایرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے فائرنگ سے پولیس اہلکاروں اور ایک شہری کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدائکے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ محمود خان نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔ انہو ں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے امن کی بحالی کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہم اپنے شہدائکی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔


شیئر کریں: