Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عید کے دنوں میں قربانی کے جانوروں کا فضلہ فوری ٹھکانے لگانے کیلئے ہدایات جاری, صوبے بھر میں میونسپل افسران و عملہ کی عید کی چھٹیاں منسوخ

Posted on
شیئر کریں:

وزیر بلدیات نے عید کے دنوں میں قربانی کے جانوروں کا فضلہ فوری ٹھکانے لگانے کیلئے ہدایات جاری کر دیں،
ضم اضلاع سمیت صوبے بھر میں میونسپل افسران و عملہ کی عید کی چھٹیاں منسوخ

پشاو(چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے عیدالاضحٰی کے ایام میں قربانی کے جانوروں کے فضلے کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے جبکہ صوبائی سیکرٹری بلدیات سید ظہیر الاسلام شاہ نے وزیر بلدیات سے تفصیلی ملاقات کے بعد ضم اضلاع سمیت صوبہ بھر میں میونسپل، سینی ٹیشن، واٹر سپلائی اور لوکل ایریا اتھارٹیز کے افسران و عملے کی عید کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں۔ انہوں نے تمام بلدیاتی اور میونسپل حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر عمل درآمد کی بذات خود کڑی نگرانی کریں اور عیدالاضحٰی کی نماز کے بعد صبح سویرے گلیوں، شہروں، قصبوں اور دیہات کی سطح پر عید کے پانچویں روز تک جانوروں کے فضلے کو صاف کرنے کے آپریشن کو جاری رکھنے کا عمل یقینی بنائیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری اور وزیر بلدیات نے اس حوالے سے سٹینڈ بائی ہدایات جاری کر دی ہیں اور وہ عید کے دنوں میں وہاں کی صفائی کی صورتحال کو ذاتی طور پر دیکھنے کے لیے صوبے کے مختلف شہروں کے اچانک دورے بھی کریں گے۔

 

دریں اثناء وزیر بلدیات فیصل امین گنڈا پور نے ہفتہ کو صوبے میں عیدالاضحٰی کے دوران صحت و صفائی اور ابنوشی کی صورتحال یقینی بنانے کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس میں واضح کیا کہ عیدالاضحٰی کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرے ماحول میں قربانی کی رسومات ادا کرنے کیلئے 5 جولائی سے آپریشن کلین اپ شروع کر دیا گیا ہے جو عید کے تین ایام سمیت مسلسل 10 روز جاری رہے گا اس مقصد کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اسے 15 جولائی تک برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس خصوصی صفائی مہم کے دوران صوبے بھر میں ٹی ایم ایز، ابنوشی و حفظان صحت کی کمپنیاں (WSSCs) اور لوکل ایریا اتھارٹیز بشمول پشاور ترقیاتی ادارہ (پی ڈی اے) کے علاؤہ ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں کا عملہ دن رات ڈیوٹی پر موجود ہوگا اور انکی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ بڑے شہروں میں میونسپل حکام کے علاوہ گلی محلے کی سطح پر تمام ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں کے سیکرٹریوں کو واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے قصبوں میں صفائی مہم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے منتخب چیئرمینوں کے ساتھ میٹنگز کا اہتمام کریں، علماء اور مساجد کے آئمہ کرام کے ساتھ بھی میٹنگیں کریں تاکہ وہ اپنے عید کے خطبات میں صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالیں اور جانوروں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ شہریوں کا بھرپور تعاون یقینی بنائیں۔

 

فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ میونسپل حکام کو بھی واضح ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی لوگوں کو فضلہ اٹھانے والے مقامات کی نشاندہی کریں تاکہ عید کی صفائی مہم میں ان کا زیادہ سے زیادہ تعاون حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن میونسپل آفیسرز (ٹی ایم اوز) اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اپنے اپنے علاقوں میں قربانی کے جانوروں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے عمل کو ذاتی طور پر چیک کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ پراگریس افسران تحصیل سپروائزرز سے ڈیٹا اور تفصیلات اکٹھا کرنے کے ذمہ دار ہوں گے جو بلدیات سیکرٹریٹ میں سنٹرل آئی ٹی سیل کو جمع کرائے جائیں گے۔ یہ رپورٹس صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام کو روزانہ کی بنیاد پر بھجوائے کے لیے بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے جو عید کے ایام میں 24 شبانہ روز کام کرے گا۔وزیر موصوف نے زور دے کر واضح کیا کہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے علاوہ وہ خود صحت و صفائی اور جانوروں کا فضلہ ٹھکانے لگانے کے عمل کی چوبیس گھنٹے نگرانی کریں گے اور بغیر کسی پیشگی اطلاع مختلف مقامات کا معائنہ بھی کریں گے۔ فیصل امین نے صوبے بھر کے میونسپل حکام کو واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ عید کے دنوں میں صفائی اور قربانی کے جانوروں کا فضلہ ٹھکانے لگانے کی مہم میں کسی قسم کی سستی کا مظاہرہ کرنے والے میونسپل افسران اور اہلکاروں کے ساتھ بلا کسی رو رعایت آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
63404