Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چھٹیوں کے بعد اسکول کھلنے سے تین دن پہلے صوبے کے تمام سکولوں میں درسی کتب پہنچ جانی چا ہئیں۔ صوبائی وزیرتعلیم

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیرصدارت خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ جائزہ اجلاس
چھٹیوں کے بعد اسکول کھلنے سے تین دن پہلے صوبے کے تمام سکولوں میں درسی کتب پہنچ جانی چا ہئیں۔ صوبائی وزیر کی متعلقہ حکام کو ہدایت
کسی بھی بچے تک درسی کتب نہ پہنچنے کی صورت میں کارروائی ہوگی وزیر تعلیم
صوبے کی تمام آئی ٹی لیبز اور آئی ٹی اساتذہ کا ڈیٹا اگلے ہفتے پیش کیا جائے۔ شہرام خان ترکئی

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے ٹیکسٹ بک بورڈ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ چھٹیوں کے بعد اسکول کھلنے سے تین دن پہلے صوبے کے تمام سکولوں میں درسی کتابیں پہنچ جانی چاہئیں۔ کسی بھی کلاس کے کسی بھی بچے تک درسی کتابیں بروقت نہ پہنچانے کی صورت میں کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء و طالبات ہماری اولین ترجیح ہیں۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر بروقت اقدامات کئے جائیں تاکہ نئے تعلیمی سیشن کے آغاز پر ہر بچے کو کتابیں میسر ہوں۔ جو کہ موجودہ حکومت کا وژن ہے کہ ہر بچے تک مفت بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جا ئیں گی۔ انہوں نے یہ ہدایات خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکر ٹری ایجوکیشن معتصم با اللہ شاہ، چئیرمین ٹیکسٹ بک بورڈ ارشد خان آفریدی، ایڈیشنل سیکرٹری ریفارمز اشفاق احمد، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم اور محکمہ تعلیم کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

 

وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے سیکرٹری ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ اگلے پیر تک صوبے کے تمام سکولوں میں موجود آئی ٹی لیبز اور آئی ٹی اساتذہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ جس کی روشنی میں آئی ٹی لیبز کی مزید فعالیت، نئے آئی ٹی لیبز کے قیام کے لئے اقدامات اور اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے اور محکمہ تعلیم کے نئے پروگرام ڈیجیٹل لٹریسی میں ان سے مزید اور بہتر استفادہ حاصل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کو بریفنگ کے دوران ڈائریکٹر ایجوکیشن نے فرنیچر کے حوالے سے بتایا کہ جاری تین ارب روپے کے فرنیچر ٹینڈر میں میں تقریباً 86 فیصد سپلائی مکمل ہو چکی ہے اور مزید سپلائی پر کام جاری ہے۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ صوبے کے ہر بچے تک معیاری فرنیچر کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ جس بھی سپلائر نے فرنیچر کی فراہمی لیٹ کی ہو اس کے خلاف فورآ ایکشن لیں۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کو آوٹ آف سکول چلڈرن کے لیے کیے گئے اقدامات اور نئے منصوبوں پر پر بھی بریفنگ دی گئی۔ شہرام خان ترکئی نے اگلے ہفتے پیر کے دن محکمہ تعلیم کے زیلی اداروں ڈی سی ٹی، ٹیکسٹ بک بورڈ، اور ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے اجلاس بلانے کی ہدایت بھی جاری کیں۔ تاکہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئے منصوبوں کے لئے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جا سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62958