Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

فیٹف معاملے پر جشن منانا قبل از وقت ہوگا، حنا ربانی کھر

Posted on
شیئر کریں:

فیٹف معاملے پر جشن منانا قبل از وقت ہوگا، حنا ربانی کھر

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ گذشتہ روز برلن جرمنی میں ایف اے ٹی ایف کا جائزہ اجلاس ختم ہوگیا۔ اس موقع پر ایف اے ٹی ایف کے انٹر نیشنل کوآپریشن ریوگروپ (آئی سی آر جی) کی پاکستان کے 2018اور 2021 کے ایکشن پلان کے حوالہ سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ہفتہ کو یہاں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کہاکہ 2018 کے ایکشن پلان کے حوالہ سے ایف اے ٹی ایف کو بھیجی گئی گیارہویں رپورٹ کا جائزہ لیا گیا، انہوں نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف نے متفقہ طور پر تسلیم کیا کہ پاکستان کی جانب سے تمام ایکشن آئٹمز پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے اور 2018 کے ایکشن پلان پر پاکستان کی جانب سے مکمل عملدرآمد کے بعد اس کو بند کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ 2021کا ایکشن پلان زیادہ تر منی لانڈرنگ کے مسائل سے متعلق تھا اور اس پر پاکستان نے تین پراگریس رپورٹس جمع کروائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان نے ایکشن پلان کے تمام تر سات پوائنٹس کو دیئے گئے وقت سے ایک سال پہلے مکمل کر لیا ہے، جس میں پاکستان نے اے ایم ایل / سی ایف ٹی کے حوالہ سے جامع ریفارمز اور اقدامات کو یقنی بنایا۔وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے مثبت اور تیز تر اقدامات کو ایف اے ٹی ایف کے تمام اراکین نے بھرپور انداز میں سراہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف اے ٹی ایف نے تسلیم کیا ہے کہ پاکستان نے دونوں ایکشن پلان کو مکمل کر لیا ہے، اے ایم ایل / سی ایف ٹی سسٹمز کو بہتر بنانے کے حوالہ سے ہماری بہترین کاوشوں اور عزم کو تسلیم کیا گیا ہے۔

 

ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے دوران جامع اور بامعنی گفت وشنیدکے بعد ایف اے ٹی ایف نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پاکستان نے تمام ٹیکنیکل بینچ مارکس کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور دونوں ایکشن پلانز کے حوالہ سے ہماری تمام ضروریات کو مکمل کر لیا ہے۔ اس شاندار کامیابی کے بعد ایف اے ٹی ایف نے تکنیکی ٹیم کے دورہ پاکستان کی منظوری دی ہے تاکہ موقع پر اصلاحات پر عملدرآمد کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جا سکے۔ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلانز کی کامیابی تکمیل اور ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستانی اقدامات کوتسلیم کرتے ہوئے ایف اے ٹی ایف نے کہا ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ایک قدم کی دوری پر ہے۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ موقع پر موجود اقدامات کے جائزہ کے حوالہ سے ایف اے ٹی ایف کی تکنیکی ٹیم کا دورہ باضابطہ طریقہ کار کے تحت ضروری ہے،جس کے بعد پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باقاعدہ طور پر نکل جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایف اے ٹی ایف کے ساتھ باہمی مشاورت کے ذریعے متفقہ مناسب تاریخوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اکتوبر 2022 ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس سے قبل تکنیکی ٹیم کے دورہ کے انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا سکے۔

 

انہوں نے کہاکہ اجلاس کے دوران ایف اے ٹی ایف کے ساتھ سائیڈ لائنز ملاقاتوں میں ہم نے بین الاقوامی معیارات کے مطابق اے ایم ایل / سی ایف ٹی فریم ورک کے حوالہ سے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت کے عزم کا اعادہ کیا ہے، ہم نے قومی اداروں میں بہتری کیلئے پاکستان میں ہونے والے قومی اتفاق رائے کو بھی اجاگر کیا ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری اور ایف اے ٹی ایف کے ساتھ تعاون کا اعادہ کرتا ہے جو ہماری معیشت کے استحکام کے تزویراتی مقاصد اور بین الاقوامی مالیاتی نظام کومزید مربوط اور بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ فیٹف کی جانب سے اس اچھی خبر کے بعد ہماری معیشت پر اعتماد بحال ہوگا اور اس کی انتہائی ضروری ترقی سمیت ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ سے اخراج کے حوالہ سے ہماری مختلف ٹیموں کی شبانہ روز کاوشوں کو تسلیم کرنا بھی ضروری ہے جن کی مدد سے ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکیں اور ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلانز کو مکمل کیا جا سکا۔ انہوں نے کہاکہ یہ پورے ملک،مختلف وزارتوں، شعبوں اور ایجنسیوں سمیت حکومت نے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاکہ قومی مقصد کو حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقصد کے حصول کے لئے متحد ہو کر کام کرنے سے بہترین نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں اپنے بین الاقوامی شراکتداروں اور دوستوں کے تعاون پر شکر گزار ہوں جنہوں نے اس سارے عمل کے دوران ہماری بھرپور معاونت کی۔ حنا ربانی کھر نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان نہ صرف مستقبل میں اصلاحات پر جامع عملدرآمد کو یقینی بنائے گا بلکہ اس حوالہ سے دیگر ممالک کو تکنیکی معاونت اور رہنمائی بھی فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ہم ایف اے ٹی ایف کی تکنیکی ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے مکمل تیار ہونگے اور ان شا اللہ بہت جلد پاکستان گرے لسٹ نکل جائیگا۔

ایف اے ٹی ایف

وزیراعظم محمد شہباز شریف کاپاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کے فاٹف کے اعلان کا خیر مقدم

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کے فاٹف کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کی ”وائٹ لسٹ”کی طرف واپسی بڑی کامیابی ہے۔وزیراعظم نے تمام حکومتی اداروں، شخصیات اور متعلقہ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی کاوشیں رنگ لائی ہیں، میں وزیر مملکت حناربانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاٹف سے متعلق تشکیل کردہ‘بنیادی سیل’، اس میں شامل فوجی اور سول قیادت اور ٹیم کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں، یہ کریڈٹ انہیں جاتا ہے جو مسلسل اس قومی کاوش کے لئے کام کر رہے تھے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ میں پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والی تمام ٹیم کو پھر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ فاٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شااللہ، ایسی مزید خوش خبریاں آنے والے وقت میں پاکستان کا مقدر بنیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی سے معاشی و اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی،ہم سب اسی جذبے سے پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔

 

پاکستان کی طرف سے فیٹف اور سی ایف ٹی ایکشن پلان کی تکمیل بڑی کامیابی ہے،پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی(چترال ٹایمز رپورٹ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے فیٹف اور سی ایف ٹی ایکشن پلان کی تکمیل بڑی کامیابی ہے، سول اور ملٹری ٹیم نے ایکشن پلان پرمضبوط عملدرآمد یقینی بنایا،کور سیل کی کوششوں سے پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔جمعہ کی رات ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کیٹویٹ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ ایکشن پلان پر عمل سے پاکستان کی وائیٹ لسٹ کی طرف راہ ہموار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جی ایچ کیو میں قائم کور سیل اور قومی کاوشوں سے یہ ممکن ہوا، ان کوششوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

 

فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا سارا کریڈٹ عمران خان کی حکومت کو جاتاہے، شیخ رشید

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ عمران خان کی سابق حکومت کو دے دیا۔شیخ رشید نے کہا پوری امید ہے اکتوبر سے پہلے پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا سارا کریڈٹ عمران خان کی حکومت۔ پاک فوج اور ذیلی اداروں کو جاتا ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ اسمبلیوں کی کوئی اہمیت ہے اور نہ ہی پذیرائی ہے۔ اکثریتی افراد ضمانتوں پر ہیں۔ پچاس وزیر ہیں لیکن اسمبلی کوئی نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھارت سے تجارت کے لیے مرے جا رہی ہے۔

 

 

منی لانڈرنگ روکنے کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے بہت کام کیا، حماد اظہر

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے اعلان پر سابق وزیر حماد اظہر نے کہا کہ اصل ہیروز وہ افسران ہیں جو مختلف محکموں میں بیٹھے ہوئے ہیں، ساڑھے تین سال مسلسل یہ افسران کارکردگی دکھاتے رہے ہیں۔تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر حماد اظہر نے گارڈن ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی اس وقت بہت زیادہ خدشہ تھا کہ بلیک لسٹ ہوجاتے۔حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک فیٹف کوآرڈینشن کمیٹی بنائی، کمیٹی میں تمام اداروں کی نمائندگی موجود تھی، کوآرڈینشن کمیٹی میں شامل افسران نے دن رات کام کیا۔انہوں نے کہا کہ آخری سال فیٹف کے 32 نکات پر عمل درآمد میں کامیاب ہوئے، 2 نکات پر رپورٹ اپریل میں جمع کرائی، خوشی کی بات ہے کہ ہم ایف اے ٹی ایف کے تمام 34 نکات پر پورے اترے۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ فیٹف کا مشکل فیز مکمل ہوگیا، فیٹف پر دنیا میں بہترین کام پاکستان میں ہوا، تحریک انصاف کی حکومت نے فیٹف سے متعلق درجنوں قوانین پاس کرائے۔حماد اظہر نے بتایا کہ مالی نظام اپ گریڈ کیا گیا، افسران کی تربیت کی گئی، ساڑے تین سال میں ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، ساڑھے تین سال میں بھارت کی ٹیم کو بے نقاب کرچکے تھے۔انہوں نے کہا کہ صاف نظر آرہا تھا کہ بھارت اس پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کا رول اس میں منفی رہا ہے اس معاملے کو ہم نے اٹھایا بھی۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ یہ ایک ٹیکنیکل فورم ہے، سیاسی فورم نہیں، اسے سیاسی بنانے کی کوشش کی گئی، ہم نے بہت سارے بے نامی اکاؤنٹس پکڑے، یہ پورے پاکستان کی جیت ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ اس سے دنیا کو ہمارے فنانشل سسٹم اور لیگل سسٹم کے متعلق مثبت سگنل گیا ہے، گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد ایف اے ٹی ایف ممبر شپ حاصل کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد فیٹف ممبر شپ حاصل کریں گے، روس فیٹف کی گرے لسٹ میں تھا آج وہ فیٹف کا ممبر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے اس میں عسکری افسران بھی شامل ہیں، ملک اس وقت بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر سے چل رہا ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے دل میں اووسیز پاکستانیوں کے متعلق بغض ہے، موجودہ حکمران سمجھتے ہیں اووسیز پاکستانی عمران خان کے زیادہ قریب ہیں۔واضح رہے کہ وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ فیٹف کا اقدام پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے اقدامات کی کڑی ہے، اس معاملے پر جشن منانا قبل از وقت ہوگا، پاکستان کے ذمہ مزید کوئی اقدامات زیر التوا نہیں۔

 

پاکستان کو گرے لسٹ میں ن لیگ کی دورِ میں شامل کیاگیا، شیریں مزاری

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ قوم یاد رکھے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں ن لیگ کے دورِ حکومت میں شامل کیا گیا، ایف اے ٹی ایف پر جب کام ہو رہا تھا تو اس وقت ان لوگوں نے این آر او کیلئے اس کی مخالفت کی۔وزیر مملکت حناربانی کھر کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو، امپورٹڈ حکومت خصوصاً حنا ربانی کھر کو فیٹف سے نکلنے کی اہمیت معلوم ہوگی۔شیریں مزاری نے کہا کہٓپ میں کچھ شرم و حیا ہوتی تو آپ قوم اور تحریک انصاف سے معافی مانگتے، کیونکہ جب ہم یہ قانون سازی کر رہے تھے تو آپ نے اس کی مخالفت کی تھی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ معافی اب قوم سے مانگو آپ، آپکی جماعت کیونکہ امپورٹڈ سرکار میں شامل دیگر جماعتوں نے اْس وقت ہماری مخالفت کرکے سنگین غلطی کی، آپ نے فیٹف قوانین کی مخالفت کرکے قوم سے زیادتی کی تھی۔شیریں مزاری کا مزید کہنا تھا کہ اعتراف کرو عمران خان نے پاکستان کو بچایا اور گرے لسٹ سے نکلنے کا موقع دیا۔پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اب حنا ربانی کھر جو باتیں کر رہی ہیں ان کی ضرورت ہرگز نہیں، جب کام ہو رہا تھا اس وقت آپ لوگوں نے این آر او کیلئے اس کی مخالفت کی تھی۔واضح رہے کہ وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ فیٹف کا اقدام پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے اقدامات کی کڑی ہے، اس معاملے پر جشن منانا قبل از وقت ہوگا، پاکستان کے ذمہ مزید کوئی اقدامات زیر التوا نہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
62584