Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کی جانب سے سرکاری افسران کیلئے پی او ایل، دیکھ بھال و مرمت، ٹی اے/ ڈی اے، تفریح اور دیگر اخراجات کے سلسلے میں اضافی گائیڈ لائنز کی منظوری

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کی جانب سے سرکاری افسران کیلئے پی او ایل، دیکھ بھال و مرمت، ٹی اے/ ڈی اے، تفریح اور دیگر اخراجات کے سلسلے میں اضافی گائیڈ لائنز کی منظوری

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) صوبائی حکومت کی جانب سے افسران کی پی او ایل اخراجات کی مد میں 35 فیصد کٹوتی کے فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا نے فوری طور پر حکومتی سطح پر اسی حوالے سے سخت تعمیل کے لئے کچھ اضافی گائیڈ لائنز کی منظوری دی ہے، اس سلسلے میں چیف سیکرٹری/ ایڈیشنل چیف سیکریٹری پی اینڈ ڈی/ ایس ایم بی آر/ آئی جی پولیس دفاتر کے لئے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق ہر قسم اجلاس / جائزہ اجلاس جس میں فیلڈ افسران جیسے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی موجودگی ضروری ہو، کو ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کیا جائے گا۔پشاور میں تعینات افسران اس سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں جبکہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے ان کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔

 

اسی طرح تمام انتظامی سیکرٹریوں کے لیے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق ہر قسم کے محکمانہ اجلاس جس میں متعلقہ ضلعی محکموں کے سربراہان کی شرکت ضروری ہو وہ افسران بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے پشاور میں تعینات افسران اس فیصلے سے مستثنی ہوں گے اور اجلاس میں بذات خود شریک ہوں گے،اسی طرح اٹیچڈ فارمیشنز / ڈائریکٹوریٹس / خودمختار/ نیم خودمختار اداروں / ڈویلپمنٹ اتھارٹیز بھی مذکورہ بالا گائیڈ لائینز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔جب کہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز کے لیے بھی گائیڈ لائینز جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق ڈی سیز، ڈی پی اوز، اے سیز اور ڈی ایس پیز (ماسوائے ڈویژنل ہیڈکوارٹر) بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاسوں میں شرکت کریں گے، لیکن اگر اجلاس کی جگہ سے فاصلہ پندرہ کلومیٹر زیادہ ہو تو اس پر آن لائن شرکت کی شرط کا اطلاق ہوگا۔تمام آپریشنل ڈیوٹیز، ایمبولینس خدمات، فیلڈ انسپکشنز، افتتاح تقاریب، ضروری معاملات اور عدالتی سماعت پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ریموٹ اسٹیشنز پر کام کرنے والے افسران جن کو اپنے علاقوں میں انٹرنیٹ کا مسئلہ درپیش ہو وہ قریبی سٹیشن/ ضلع جہاں پر انٹرنیٹ دستیاب ہو، پر اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کے لئے جا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ حکومت خیبر پختونخوا نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک و صوبے کے وسیع تر مفاد میں وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور افسران کو پی او ایل (POL) کی مد میں اخراجات پر 35فیصد کٹوتی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62512