Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری ملازمین کو ایڈہاک ریلیف ملنے کے امکانات، وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کردی

Posted on
شیئر کریں:

سرکاری ملازمین کو ایڈہاک ریلیف ملنے کے امکانات،وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کردی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ) ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بجائے ایڈہاک ریلیف کے امکانات بڑھ گئے۔وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کیلیے قائم پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات جمع کرانے کی تاریخ میں 30 جون2022 تک توسیع کردی ہے جس سے ملازمین میں بے چینی بڑھ گئی، ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بجائے ایڈہاک ریلیف کے امکانات بڑھ گئے۔اس حوالے سے وزارت خزانہ نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی سفارشات تیار کرنے کیلئے 12 نومبر 2021 کو قائم کردہ پے اینڈ پنشن کمیشن کیلئے سفارشات جمع کرنے کی معیاد میں 30 جون تک توسیع کردی ہے، اب یہ کمیشن سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے بارے اپنی سفارشات 30 جون تک جمع کراسکے گا۔پے اینڈ پنشن کمیشن کیلئے ملازمین کی تنخواہوں و پنشن میں اضافے کی سفارشات کیلئے تاریخ میں توسیع کے نوٹیفکیشن کے بعد سرکاری ملازمین میں بے چینی بڑھ گئی۔ملازمین کا کہنا ہے کہ 30 جون تک اگلے مالی سال بجٹ پارلیمنٹ سے منظور ہوچکا ہوگا۔

 

وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کردی، سرکاری فیول میں 40 فیصد کٹوتی کی منظوری

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی کابینہ نے ہفتے کی چھٹی بحال کردی، بازاروں کی جلد بندش سے متعلق سب کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ سرکاری فیول میں 40 فیصد کٹوتی کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جار ی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی کی بچت کیلیے ہفتے میں دو سرکاری تعطیلات کرنے کا اصولی فیصلہ کیا جس کی کابینہ نے منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بازاروں کے اوقات میں تبدیلی کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔ بازاروں کے نئے اوقات کار کے تحت دن کی روشنی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی تجویز ہے۔اجلاس میں سرکاری فیول میں کٹوتی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس پر کابینہ نے سرکاری ملازمین کے فیول میں 40 فیصد کٹوتی کی منظوری دے دی۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے طریقوں اور توانائی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ سپلائی چین میں کمی کا سامنا ہے کیونکہ گزشتہ حکومت کی جانب سے ایندھن کے بہت سے معاہدے نہیں کیے گئے۔وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ان تمام منصوبوں کو چار سال میں نہیں چلاسکی جو ہمارے گزشتہ دورَ حکومت میں شروع کیے گئے تھے۔دوسری جانب کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے تین جون کے فیصلوں کی توثیق ہوگی اور پاور ڈویڑن کی جانب سے لوڈشیڈنگ سے متعلق پلان پیش کیا جائے گا۔

 

وزیراعظم نے خیبر پختونخوا سے دریافت ہونے والے گیس ذخائر سے عوام کو گیس کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا سے دریافت ہونے والے گیس کے ذخائر سے عوام کو گیس کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے فوجی فاؤنڈیشن گروپ کے چئیرمین وقار احمد ملک اور ماڑی پٹرولیم کے سربراہ فہیم حیدر نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور سیکرٹری پٹرولیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعظم نے توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے سابق قبائلی علاقوں سے دریافت شدہ گیس فوری طور پر عوام کو فراہم کرنے کی منظوری دی۔ خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے دس کھرب کیوبک فٹ گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔وزیراعظم نے یہ ذخائر عوام کو گیس کی قلت سے نجات دلانے کیلئے استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔ وزیرِاعظم کو شمالی وزیرستان، بنوں میں نئے دریافت شدہ ذخائر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو گیس کے شعبے کی مجموعی صورتحال، طلب اور رسد سے آگاہ کیاگیا۔وزیراعظم نے متعلقہ علاقوں کے عوام کو بھی دریافت شدہ گیس کے ثمرات فراہم کرنے اور علاقے کی ترقی، سماجی بہبود، تعلیم، صحت کے حوالے سے سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انہیں آگاہ کیا جائے کہ جن علاقوں سے گیس نکلی ہے وہاں کے عوام اور بچوں کو کیا ملے گا۔

 

سابق حکومت نے IMF سے وعدے کے برعکس تیل پر سبسڈی دی، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان، شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے وعدے کے برعکس تیل پر سبسڈی دی۔اسلام آباد میں بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 18 سے 20 لاکھ افراد لیبر مارکیٹ جوائن کرتے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ کسی وزیراعظم کے لیے اس طرح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا آسان نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف سے کیے معاہدے پر چلتے تو پیٹرول 300 روپے لیٹر ہوتا۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان فروری میں روس گئے، گندم اور گیس پر بات ہوئی، تیل کا کہیں ذکر نہیں تھا، حماد اظہر نے 30 مارچ کو تیل کے لیے روس کو خط لکھا، جواب نہیں آیا۔مفتاح اسماعیل کاکہنا تھا کہ عمران خان کو کس نے روکا تھا روس سیسستا تیل لینے سے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے بہت جلد ہمارا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
62085