Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 538 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا

شیئر کریں:

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 538 میگاواٹ سے تجاوز کرگیا

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 538 میگاواٹ سے زائد ہوگیا، شہروں اور دیہات میں گھنٹوں بجلی بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع پاور ڈویڑن کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار465 میگاواٹ ہے جبکہ مجموعی طلب 25 ہزار 997 میگاواٹ سے تجاوز کرچکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پن بجلی سے 4 ہزار 662 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1 ہزار 60 میگاواٹ بجلی بنا رہے ہیں۔ملک کے مختلف علاقوں میں 8 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے تاہم زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔

 

عمران نے خود کو اور اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگا، وزیراعظم

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران نے خود کو اور اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگا، حال ہی میں منظر عام پر آنے والی آڈیو ٹیپ ان کی منافقت اور دوہرے معیار کو بے نقاب کرتی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والی آڈیو ٹیپ عمران خان کی منافقت اور دوہرے معیار کو بے نقاب کرتی ہے، اپنے دعوؤں کے برعکس عمران نے خود کو اور اپنی حکومت کو بچانے کے لیے این آر او مانگا۔شہبازشریف کا ہکنا تھا کہ عمران خان نے تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد غیر ملکی سازش کی جعلی کہانی تیار کی، لیکن اب عمران خان کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔

 

شہبازشریف، حمزہ شہباز اوررانا ثنا اللہ کو کٹہرے میں کھڑا کرکے جیلوں میں ڈالیں گے، عمران خان

چارسدہ(چترال ٹایمز رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف، پنجاب کے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ ان تینوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے جیلوں میں ڈالیں گے اور ہمیں ہمارا حق نہیں دیا گیا تو چھین لیں گے۔چارسدہ میں ورکرز کنویشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ایک تصویر آئی ہے جس میں ایک پاکستانی وفد اسرائیل گیا اور وفد میں ایک پاکستان ٹیلی ویڑن کا تنخواہ دار بھی شامل تھا، جب امریکا کے غلام حکومت کریں گے تو ہر وہ کام کریں گے جو واشنگٹن کہے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت روس سے سستا تیل نہیں خریدے گی اور بھارت سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے خون کا سودا کرے گی، آئی ایم ایف سے حکم ملا توحکومت نے پٹرول کی قیمتوں کو بڑھایا۔عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد کو جہاد سمجھتے ہیں، قوم کرپٹ لوگ اور امپورٹڈ حکومت کے خلاف باہر نکلے گی، حکومت نے پی ٹی آئی مظاہرین پر 35 ہزار آنسو گیس کے شیلز استعمال کیے اس کے باوجود لوگ گھروں سے نکلے، یہ وہ قوم ہے جس نے خوف کی زنجیریں توڑ دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ جائیں گے اور احتجاج کرنے کا اپنا حق مانگیں گے، جو اب ہم نکلیں گے کوئی اس کے سامنے کھڑا نہیں ہو گا کیونکہ کسی صورت ان امریکی غلاموں اور چوروں کو قبول نہیں کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اب میں تیاری کرکے کال دوں گا، کارکنوں پر جو ظلم کیا ہے قوم ان کو معاف نہیں کرے گی، جب تک زندہ ہوں اپنی جدوجہد اور جہاد ان چوروں کے خلاف ختم نہیں کروں گا، اب ہم ایک ایک چیز کی تیاری کریں گے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61754