Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے 273 مستحق افراد کو ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کے چیک دئیے گے ۔وزیرزادہ

شیئر کریں:

  اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے 273 مستحق افراد کو ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کے چیک دئیے۔وزیرزادہ

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتی برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی اگاہ ہے اور اسی سلسلے میں حکومت نے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے 273 مستحق افراد کو ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کے چیک دئیے جبکہ مزید بھی ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت نے اقلیتی برادری کے تمام نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پشاور میں اقلیتی برادری کے غریب اور نادار افرادکو مالی امداد دینے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف حامد گیانی، اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر ظفر خان، سیکشن آفیسر جہانزیب خان سمیت متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر زادہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں وزراء اور عوام میں رابطوں کو نہ صرف آسان بنایا ہے بلکہ اقلیتی برادری کے عوام کو جو صلہ اور انہیں اپنے حقوق کے سلسلے میں شعور دیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس ضمن میں اقلیتی برادری کے نوجوانوں کی تعلیم کے حصول کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقلیتی برادری کی ترقی کا جو سفر شروع کیا ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اقلیتوں کیلئے ایک ارب پنتالیس کروڑ روپے کا خطیر رقم بجٹ میں مختص کیا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے اس کے علاوہ اقلیتی طلباء کو پی ایم ڈی کیلئے دس لاکھ روپے، ایم فل کیلئے دو لاکھ روپے، ایم اے، ایم ایس سی کیلئے ایک لاکھ روپے، بی اے، بی ایس سی کیلئے 70000روپے اور ایف اے، ایف ایس سی کیلئے 50000روپے سکالر شپس کی مد میں دئیے جا رہے ہیں اور یہ سکالر شپس صرف 45فیصد نمبرز پر دئیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اقلیت کے نوجوانوں کو اعلیٰ سرکاری ملازمتیں ملیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے 1500غریب بچوں کی سکول فیس حکومت دے رہی ہے اسی طرح مشنری اساتذہ کیلئے سالانہ کی بنیاد پر 35000روپے جبکہ میرج گرانٹ تقریباً 400لوگوں کو 80000روپے اور 1200بیواؤں کیلئے فنڈز دئیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو کاروبار کیلئے گرانٹ دی جائے گی تاکہ وہ اپنی مرضی کا کاروبار کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے پانچ فیصد کوٹہ مقرر کیا اور نہ صرف اس پر مکمل درآمد کیا جا رہا ہے بلکہ ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے ٹیسٹوں اور انٹرویوز میں بھی رعایت دی جا رہی ہے۔

chitraltimes wazir zada distributing cheques among minorities


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged ,
61727