Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

امپورٹڈ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق چھین لیا ۔صوبائی وزیرتیمور سلیم جھگڑا

شیئر کریں:

امپورٹڈ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق چھین لیا جو ووٹ کے لیے ملک نہیں آ سکتے۔صوبائی وزیرتیمور سلیم جھگڑا
امپورٹڈ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ پر کٹ لگا دیا ہے تحریک انصاف حکومت میں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کو ترجیح دی۔صوبائی وزیر کامران خان بنگش
آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو سیاسی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا جا سکتا سپریم کورٹ اس بڑی آئینی خلاف ورزی کا نوٹس لے، بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزراء تیمور سلیم جھگڑا، کامران خان بنگش اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے جمعہ کے روز ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ پر کٹ لگا دیا ہے تحریک انصاف حکومت میں اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کو ترجیح دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن بجٹ میں 50 فیصد کمی کر دی گزشتہ سال 66 ارب روپے ریلیز ہوئے، جبکہ امپورٹڈ حکومت نے صرف 30 ارب ریلیز کیے۔ اس رقم سے یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہیں تک پوری نہیں ہو سکتیں۔

انھوں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی جانب سے اس اقدام کی سخت مذمت کرتا ہوں اس سے نوجوانوں اور ملک کا مستقبل وابستہ ہے امپورٹڈ حکومت کے اس اقدام کے خلاف آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف دور میں 2 روپے اضافے پر واویلا کرنے والوں نے پیٹرول و ڈیزل کی قیمت میں یکمشت 30 روپے اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کی حیثیت ختم کرکے دھاندلی کا راستہ ہموار کیا گیا، کوئی ڈیل یا ڈھیل نہیں ہوئی نہ ہوگی۔ کامران بنگش نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر جامعات کا پورا بجٹ ریلیز کرے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور خان جھگڑا کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں عالمی سطح پر مہنگائی ہوئی تھی یہ نہیں مانتے تھے اب انھیں پتہ چل گیا،

مفتاح اسماعیل کا آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد سوفٹ ویئر اپڈیٹ ہوا ہے امپورٹڈ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق چھین لیا جو ووٹ کے لیے ملک نہیں آ سکتے۔ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ اے این پی، جے یو آئی، پی پی پی اس پر اپنی پوزیشن واضح کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ وزیراعظم کا وفاق پر حملے کا بیان احمقانہ اور مضحکہ خیز ہے آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت یہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے کہ وہ ملک میں کہیں بھی جائے۔ امپورٹڈ وزیراعظم نے اس بنیادی حق کے استعمال کو حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر ایوب، حماد اظہر، یاسمین راشد سمیت کارکنوں پر بہیمانہ تشدد کیا گیا حقیقی آزادی مارچ میں 5 کارکن شہید ہوئے۔

بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ یہ سب جعلی وزیراعلیٰ پنجاب اور کریمنل وزیر داخلہ کے حکم پر کیا گیا۔ تحریک انصاف نے رانا ثناء اللہ کے خلاف مقدمات پراسیکیوٹ کیے ہیں جن پر فیصلے آنا باقی ہے رانا ثناء اللہ کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے متعلق بیان مضحکہ خیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمود خان آئینی اور قانونی وزیراعلیٰ ہیں۔ پولیس اہلکار اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے لیکن وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی۔امپورٹڈ حکومت کے کریمنل وزیر داخلہ بھونڈی حرکتیں چھوڑ دیں۔ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو سیاسی عمل میں حصہ لینے سے نہیں روکا جا سکتا سپریم کورٹ اس بڑی آئینی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ان کا کہنا تھا کہ جعلی مینڈیٹ کے بل بوتے پر قانون سازی کی گئی۔امپورٹڈ حکومت کی کسی گیڈر بھبکی سے نہیں ڈریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کے ساتھ جو بھارت نے کیا وہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ دریں اثناء انہوں نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں سکول وین حادثے پر افسوس ہے معصوم جانوں ضیاع پر دلی دکھ ہوا۔ سوگوار والدین کے غم میں برابر کے شریک اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔


شیئر کریں: