Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم، منگلا ڈیم میں صرف دو دن کا پانی رہ گیا

Posted on
شیئر کریں:

تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم، منگلا ڈیم میں صرف دو دن کا پانی رہ گیا

راولپنڈی(چترال ٹایمز رپورٹ)تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم جب کہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف دو دن کا ہے۔ شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کے بعد کاشتکاروں اور دیہی علاقوں میں رہنے والے عوام کے لئے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ تربیلا ڈیم ڈیڈ لیول پر پہنچ چکا ہے اور دریاؤں میں پانی کا بہاؤ کم ہو گیا۔ رواں سال 5 ماہ میں تربیلا ڈیم دوسری مرتبہ ڈیڈ لیول پر پہنچا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت گر گیا ہے اور برف پگھلنے کا عمل سست ہے، جس کے بعد تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے جب کہ منگلا ڈیم بھی ڈیڈ لیول کے قریب ہے، منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف ایک لاکھ ایکڑ فٹ رہ گیا، جس کا مطلب ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف دو دن کا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد 68 ہزار کیوسک اور اخراج 78 ہزار کیوسک ہے، دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد 32 ہزار کیوسک، اخراج 34 ہزار کیوسک ہے، اور آئندہ 48 گھنٹوں میں پانی کا بحران مذید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔

 

25 منحرف PTI ایم این ایز کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(سی ایم لنکس)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے 20 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا تھا کہ منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔ ڈی سیٹ ہونے والے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی میں راجہ صغیر احمد، ملک غلام رسول سنگا، سعید اکبر خان، محمد اجمل، علیم خان، نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، زوار وڑائچ، نزید احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمی کاردار، ملک اسد، اعجاز مسیح، سبتین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم اور فیصل حیات شامل ہیں۔ڈی سیٹ ہونیوالوں میں 5 ارکان کا تعلق علیم خان گروپ سے ہے، 4 ارکان کا تعلق اسد کھوکھر گروپ، جبکہ 16 ارکان کا تعلق ترین خان گروپ سے ہے۔اس کے علاوہ ڈی سیٹ ہوئے راجہ صغیر پی پی 7 راولپنڈی سے، ملک غلام رسول سانگھا پی پی 83 خوشاب سے، سعید اکبر نوانی پی پی 90 بھکر سے منتخب ہوئے تھے۔محمد اجمل چیمہ پی پی 97 فیصل آباد، عبد العلیم خان پی پی 158 لاہور،نذیر چوہان پی پی 167 لاہور، امین ذوالقرنین پی پی 170 لاہور، ملک نعمان لنگڑیال پی پی 202 ساہیوال، سلمان نعیم پی پی 217 ملتان سے منتخب ہوئے تھے۔زوار حسین وڑائچ پی پی 224 لودھراں، نذیر احمد خان پی پی 228 لودھراں، فدا حسین پی پی 237 بہاولنگر، زہرہ بتول پی پی 272 مظفر گڑھ، لالہ طاہر پی پی 282 لیہ، اسد کھوکھر پی پی 168 لاہور سے منتخب ہوئے تھے۔محمد سبطین رضا پی پی 273 مظفر گڑھ، محسن عطا خان کھوسہ پی پی 288 ڈی جی خان، میاں خالد محمود پی پی 140 شیخوپورہ، مہر محمد اسلم پی پی 127 جھنگ، فیصل حیات جبوانہ پی پی 125 جھنگ سے کامیاب قرار پائے تھے۔عائشہ نواز ڈبلیو 322 مخصوص نشست، ساجدہ یوسف ڈبلیو 327 مخصوص نشست، عظمیٰ کاردار ڈبلیو 311 مخصوص نشست، ہارون عمران گل این ایم 364 اقلیتی نشست، اعجاز مسیح این ایم 365 اقلیتی نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

 

وزیر اعلیٰ کا انتخاب کالعدم قرار دینے کی ایک اور درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور(چترال ٹایمز رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کالعدم قرار دینے کی ایک اور درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین سے جواب مانگ لیا، عدالت نے درخواست اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کیساتھ 25 مئی کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے مقامی شہری کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو باور کرایا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں متاثرہ فریقین دائر کر چکے ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ یہ درخواست دیگر درخواستوں سے مختلف ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس طرح پنجاب کے تمام افراد کو درخواستیں دائر کرنے کی اجازت دینا مناسب نہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ وزیر اعلیٰ کابینہ کے بغیر ہی تمام تبادلے کر رہے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جو آتا ہے کیا وہ اپنی مرضی کے تقرر و تبادلے نہیں کرتا، وکیل نے کہا حکومت مکمل ہو تو تقرر و تبادلے ہو سکتے ہیں۔

 

وزیرخزانہ کا پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان

کراچی(سی ایم لنکس) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پرپٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جارہا۔وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے عوام پربوجھ نہ ڈالنے کی ہدایت کی ہے اس لئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف سے جومعاہدے کئے اس کے تحت پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ سو روپے بڑھانے پڑیں گے۔شوکت ترین بتائیں پیسے کہاں چھوڑ کرگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اورشوکت ترین کے معاہدوں کا نتیجہ ہم بھگت رہے ہیں۔ یہ جھوٹ بولتے ہیں اور کوئی پیسہ چھوڑ کرنہیں گئے۔ ہرجگہ بارودی سرنگیں بچھا کرگئے ہیں۔مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے 21 ارب ڈالراگلے سال واپس کرنا ہیں۔ عمران خان ہردورمیں ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالتے رہے۔ سیمنٹ کے 16 لائسنس بیچے گئے۔ شہبازشریف نے 10 سال میں ایک بھی سیمنٹ کا لائسنس نہیں دیا۔لائسنس ان کو دیا گیا جن کا اس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

 

پی ٹی آئی لانگ مارچ: اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینر لگا کر سیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینر لگا کر سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، ڈی چوک کو پہلے ہی کنٹینر رکھ کر سیل کیا جاچکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون جانے والے دیگر تمام راستوں کو بھی آج رات سیل کردیا جائے گا۔ریڈزون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کو کھلا چھوڑا جائے گا۔دوسری جانب پی ٹی آئی نے 25 مئی کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی اجازت کے لیے درخواست تیار کرلی۔پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سری نگرہائی وے پر جلسے، دھرنے کے لیے ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان جگہ دی جائے۔ذرائع ڈی سی آفس کے مطابق ابھی تک پی ٹی آئی کی جلسے یا دھرنے کی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ڈی سی آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد اجازت دینے اور جگہ کا تعین کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرائے جائیں،انہوں نے کہا کہ تیسری کوئی بات ہمیں قبول نہیں پھر اگر قوم ان چوروں کو لانا چاہتی ہے تو بے شک لے آئے مگر کوئی بیرونی ملک ان کو ہم پر مسلط نہ کرے۔بدھ سے لانگ مارچ کا اعلان، عمران کا بیوروکریسی و پولیس کو رکاوٹ نہ ڈالنے کا انتباہ، فوج سے نیوٹرل رہنے کا مطالبہ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ لوگ بار بار کہتے ہیں کہ جان کو خطرہ ہے، کوئی جان کو خطرہ نہیں ہے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، یہ اللّٰہ کا کام ہے، یہ اس کا حکم ہے، پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ ہے، اس کے لیے آخری حد تک جانے کو تیار ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ جتنی دیر بھی اسلام آباد میں رہنا پڑا رہیں گے، جان کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہیں، فوج کو بھی کہتا ہوں کہ آپ نے کہا ہے نیوٹرل ہیں تو نیوٹرل رہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61531