Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کیڈٹ کالج چکوال میں چترالی مصنف کی کتاب کی تقریب رونمائی

شیئر کریں:

کیڈٹ کالج چکوال میں چترالی مصنف کی کتاب کی تقریب رونمائی

 

سرگودھا(چترال ٹایمز رپورٹ ) کیڈٹ ہمارے دفاع کے ضامن ہیں۔ زیرِ تربیت کیڈٹس سے توقع ہے کہ وہ پاکستان کے استحکام میں بھرپور کردار اد اکریں گے۔ پروفیسر عزیز الرحمن ایک رول ماڈل استاد ہیں جو بچوں کے اذہان تسخیر کرتے ہیں۔ اُن کا افسانوی مجموعہ” برف کے گالے“ اُن کی تخلیقی صلاحیتوں کا مظہر ہے ۔ اُنھوںنے پاکستانی معاشرے میں ہونے والے تغیر و تبدل کو بڑی خوش اسلوبی سے پیش کیا ہے ۔ اِن خیالات کا اظہار کیڈٹ کالج چوا سیدن شاہ کے یوم تاسیس کے موقع پرپروفیسر عزیز الرحمن کے افسانوی مجموعہ ”برف کے گالے “ کی تقریب رونمائی سے ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے اپنے صدارتی خطبہ میں کیا۔

علاوہ ازیں رئیس ادارہ پروفیسر مہر محمد اعجاز ،صدر قلم کارواں ملک اشرف ذکی اعوان،مدیر اسالیب ذوالفقار احسن ،پروفیسر عزیز الرحمن، پروفیسر رضوان علی رضا، ہاشم صبور اور سعد بیگ نے بھی اظہارخیال کیا۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے مزید کہا کہ عزیز الرحمن تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ذہن کے مالک ہیں۔ لفظ اُن کے سامنے قلم کی وساطت سے سائنسی تجربات کرتے ہوئے حسنِ معانی کا دلکش محلول بنا لیتے ہیں۔ افسانے کا جسم اُس کی روح سے پہچانا جاتا ہے ۔ کہانی افسانے کی کنجی کہلاتی ہے ۔ یہ کہانیاں معاشرے کے مشاہدات اور تجربات سے جنم لیتی ہیں۔

عزیز الرحمن عزیز نے قدرتِ بیان ، علامتی تجربہ اور فنی تصورات سے اپنے افسانوں کو اُردو ادب میں ایک نیا پن دیا ہے ۔ ذوالفقار احسن نے اپنے مقالہ میں کہاعزیز کے افسانوں میں چترال کے دیہی علاقوں کی عکاسی اور وہاں کے کرداروں کو نہایت عمدگی سے افسانے میں لے آئے ہیں چوں کہ افسانہ زندگی کے زیادہ قریب ہوتا ہے اس لیے زندگی کی بہترین عکاسی افسانے میں ہی ممکن ہے۔ عزیز الرحمن کے افسانوں میں ماحول کی عکاسی بدرجہ اتم موجود ہے ۔ عزیز الرحمن عزیز کے ہاں منظر نگاری و جزئیات نگاری اپنے عروج پر دکھائی دیتی ہے ۔ ملک اشرف ذکی اعوان نے کہا کہ عزیز الرحمن عزیز کے افسانے زندگی کی حرارت سے مزین ہیں اُنھوں نے بحیثیت استاد اپنے شاگردوں اور عام قارئین کے لیے سوچ کی راہ ہموار کی ہے ۔ اُن کا ادبی مستقبل درخشاں ہے ۔ پروفیسر رضوان علی رضا نے اُردو افسانے کے نمایاں خد و خال پیش کرتے ہوئے برف کے گالے کتاب کا تعارف کروایا۔ نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے اُنھوں نے کتاب اور اُس کے مصنف کو ہدیہ تحسین پیش کیا۔

پرنسپل کیڈٹ کالج چواں سیداں شاہ پروفیسر مہر محمد اعجاز نے کہا کہ عزیز الرحمن عزیز کے افسانوں میں احمد ندیم قاسمی کا رنگ نمایاں ہے۔ اُنھوں نے قاسمی اور عزیز کے کئی افسانوں کا تذکرہ بھی کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بات جو دل سے نکلتی ہے اثر رکھتی ہے ، کے مصداق عزیز الرحمن عزیز نے افسانوں کو اَدب برائے زندگی کے طور پر پیش کیا ہے ۔ اُنھوںنے کیڈٹس پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی کا راز اتحاد ،ا یمان ، یقین میں مضمر ہے ۔ ادارے کا یومِ تاسیس اس کی کامیابی و کامرانی کی کہانی ہے ۔ کیڈٹس ہماری پیشانی کا جھومرہیں۔ انھیں اپنے روشن مستقبل کے لیے کام کرتے رہنا چاہیے۔ یوم تاسیس کے حوالے سے کیڈٹس نے مختلف پروگرام پیش کیے۔ یہ لمحے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ کیڈٹس اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے تقریب کو رونق بخشی۔ قومی ترانے اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے تقریب کا اختتام ہوا۔

یادرہے کہ عزیز الرحمن کا تعلق واشچ تورکہو سے وہ معروف استاد عبد العزیز بیگ کے فرزند ارجمند ہیں۔اور کیڈٹ کالج چوا سیداں شاہ چکوال میں بحیثیت لیکچرر زوالوجی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

chitraltimes azizur rehman aziz book launched sarghoda2

chitraltimes azizur rehman aziz book launched sarghoda6


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
61493