Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عازمین حج کے لیے اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ پیکیج لازمی قرار

Posted on
شیئر کریں:

عازمین حج کے لیے اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ پیکیج لازمی قرار

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)رواں سال پاکستان سے 81 ہزارعازمین فریضہ حج ادا کریں گے، حجاج کے لیے اسمارٹ فون، انٹرنیٹ پیکج اور مقامی سم کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔وزارت مذہبی امورنے حج سے متعلق فریم ورک مکمل کرلیا۔ رواں سال 81 ہزار پاکستانی حج ادا کریں گے۔اس سے قبل 2019 میں ایک لاکھ 80 ہزارسے زائد پاکستانی عازمین نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔ذرائع کے مطابق 60 فیصد کوٹا پرائیوٹ حج آپریٹراور40 فیصد سرکاری آپریٹرز کودینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری حج کی فیس 9 لاکھ 45ہزارجبکہ پرائیوٹ حج کی فیس 12 لاکھ روپے تک رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ائیرلائن کا کرایہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے سے 2 لاکھ روپے تک مقررکئے جانے کا امکان ہے۔ تمام پاکستانی ائیرلائنز حج آپریشن میں حصہ لیں گی۔حج کے لئے اب تک 30 ہزارسے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 13 مئی ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تمام حجاج کے لئے اسمارٹ فون لازمی قرار دیا گیا ہے۔ادائیگی حج کے لئے سعودی عرب پہنچنے والے عازمین کے لئے انٹرنیٹ پیکج کے ساتھ مقامی سم لینا بھی لازمی ہوگا۔رواں سال 10 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے۔

 

خیبر پختونخوا حکومت عالمی اداروں کی 598 ارب روپے کی مقروض نکلی

پشاور(سی ایم لنکس)خیبرپختونخوا حکومت کے ذمے عالمی اداروں کے 598 ارب روپے واجب الادا ہیں۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں گزشتہ سال کے دوران لئے گئے قرض سے متعلق دستاویزات پیش کردی گئیں۔ دستاویزات کے مطابق خیبرپختنخوا کی حکومت نے گزشتہ 4 سال کے دوران 598 ارب روپے کا قرض لیا۔دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ 30 جون 2021 تک لیا گیا قرض 294 ارب روپے ہے جبکہ 235ارب روپے کے مزید قرضے کی بات ہوچکی ہے۔سب سے زیادہ قرض 120 ارب روپے ٹرانسپورٹ کی مد میں لیا گیا جبکہ معاشی ترقی کے لئے54ارب، توانائی کے منصوبوں کے لئے 23 ارب اورتعلیم کے لئے 10 ارب روپے کا قرض لیا گیا۔کے پی حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک،انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایجنسی سمیت مختلف عالمی اداروں سے قرض لیا۔صوبائی وزیرخزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ قرض لینا کوئی بری بات نہیں۔حکومت نے عالمی اداروں سے قرضہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے لیا اوران قرضوں سے ڈیم اور موٹروے بنایا۔

 

پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کے تحت ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کئے جائیں گے، آخری تاریخ 31 دسمبر 2022ء مقرر کی گئی ہے،وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کے تحت ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کئے جائیں گے،وفاقی کابینہ کے 10 مئی 2022ء کے اجلاس میں پاسپورٹ ایکٹ 1974ء کے تحت ایک سے زائد پاکستانی پاسپورٹس منسوخ کرنے کی منظوری دی گئی،غیر ملکی پاسپورٹس منسوخ کرنے کی خبر غلط رپورٹ ہوئی ہے۔ جمعہ کو اپنے وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دو پاکستانی پاسپورٹس رکھنا جرم ہے، دو پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کرنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2022ء مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا اطلاق بیرون ملک شہریت یا غیر ملکی پاسپورٹس پر نہیں ہوگا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
61138