Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ہنزہ میں پل کی تنصیب ایک ہفتے کے اندر مکمل ہوجائے گی، این ایچ اے

Posted on
شیئر کریں:

ہنزہ میں پل کی تنصیب ایک ہفتے کے اندر مکمل ہوجائے گی، این ایچ اے

گلگت( چترال ٹایمز رپورٹ)نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ہنزہ میں پل کی تنصیب کا عمل ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین این ایچ اے نے انجینئرز کے ہمراہ متاثرہ پل کا دورہ کیا جبکہ چیئرمین این ایچ اے نے چیف سیکریٹری و ایف ڈبلیو او حکام کے ساتھ بحالی کاموں پر تبادلہ خیال کیا۔این ایچ اے کے چیئرمین نے کہا ہے کہ معلق پل پر جلد اسٹیل بیلے پل نصب کیا جائے گا اور عارضی پل کے ساتھ مستقل پل کی تعمیر کا عمل بھی ساتھ شروع کیا جائے گا، پل کی تعمیر میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔اس سے قبل، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے علی الصبح ہنزہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دوبارہ دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا اور ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔چیف سیکرٹری نے منہدم پل کی بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت دی جبکہ متاثرہ علاقے میں پانی، بجلی، انٹرنیٹ و فون سروس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر احکامات جاری کر دیے۔وادی ہنزہ میں شسپر گلیشر پر بنی جھیل کے پھٹنے سے علاقے میں تباہی مچ گئی، نقصانات کا جائزہ لینے و متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے چیف سیکریٹری محی الدین وانی گزشتہ رات بھی متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے ہنزہ پہنچے تھے۔چیف سیکریٹری نے بجلی کی فراہمی کے لیے دو میگا واٹ جنریٹر کی فراہمی اور پانی و ایریگیشن چینل کی فراہمی سے متعلق موقع پر ہی ایڈمن منظوری دے دی جبکہ متاثرہ علاقے میں زمین کا تخمینہ و انٹرنیٹ و فون سروس کی بحالی کے لیے بھی احکامات جاری کر دیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یہ ایک بدقسمت واقعہ پیش آیا جس نے سرکاری و نجی املاک و باغات کو نقصان پہنچایا ہے، حکومت تمام تر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، متاثرہ علاقے میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔چیف سیکریٹری نے متاثرین و ضلعی انتظامیہ کو مکمل مالی و انتظامی تعاون کی یقین کروا دی ہے۔

 

ہنزہ: منہدم پل کی جگہ نصب کرنے کیلئے لوہے کا پل پہنچا دیا گیا

ہنزہ(چترال ٹایمزرپورٹ)گلگت بلتستان کی وادیء ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں واقع پل منہدم ہونے کے بعد متبادل لوہے کا پل ہنزہ پہنچا دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ہنزہ عثمان علی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حسن آباد پل بہہ جانے کے بعد متبادل لوہے کا پل ہنزہ پہنچایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ یہ لوہے کا پل عارضی ہو گا جسے نصب کرنیکے لیے جگہ کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ہنزہ میں حسن آباد میں پانی کے کٹاؤ سے پل منہدم ہونے کے بعد متاثرین پریشان ہیں۔سیلابی ریلے سے متاثرہ شاہراہ قراقرم کا ٹریفک متبادل شاہراہ نگر سے گزارا جا رہا ہے۔ہنزہ کی انتظامیہ کے مطابق شاہراہِ نگر پر سڑک تنگ ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی میں مشکلات کا سامنا ہے، ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں کی گاڑیاں شاہراہِ قراقرم سے گزرتی ہیں۔

 

چیف سیکریٹری جی بی کا سیلاب سے متاثرہ آبی راستوں کا جائزہ

گلگت(سی ایم لنکس)چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے سیلاب سے متاثرہ آبی راستوں کا جائزہ کیا۔کمشنر، ڈی سی،سیکریٹری پاور،ڈی جی این ایچ اے اور سی او ایف ڈبیلو او بھی ان کے ہمراہ تھے۔چیف سیکریٹری جی بی محی الدین نے گلیشیئر سے تباہ زرعی چینلز کی بحالی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے۔محی الدین نے بتایا کہ علاقے میں انٹرنیٹ اور فون کے نظام کو ایف ڈبلیو او بحال کر رہی ہے.ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت، چئیرمین این ڈی ایم اے اور چیئرمین این ایچ اے نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج نے تباہی مچا دی، حسن آباد میں پل گرنے کے بعد 22 گھر خالی کرا لیے گئے۔شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج شروع ہو گیا تھا، پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث شاہراہِ قراقرم پر بنا حسن آباد پل گر گیا۔

 

ہنزہ: پل گرنے کے بعد 22 گھر خالی کرا لیے گئے

ہنزہ( چترال ٹایمزرپورٹ)گلگت بلتستان کی وادیء ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج نے تباہی مچا دی، حسن آباد میں پل گرنے کے بعد 22 گھر خالی کرا لیے گئے۔موسم گرم ہوتے ہی ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج شروع ہو گیا تھا، پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث شاہراہِ قراقرم پر بنا حسن آباد پل گر گیا۔علی آباد شہر اور حسن آباد گاؤں میں زرعی اور پینے کے پانی کا نظام تباہ ہو گیا، 2 بجلی گھر بھی متاثر ہوئے ہیں۔قراقرم ہائی وے پر حسن آباد پل گر گیاحسن آباد کا پل گرنے سے شاہراہِ قراقرم کا ایک حصہ متاثر ہوا ہے جسے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ہنزہ عثمان علی کا کہنا ہے کہ چھوٹی گاڑیوں کو شاہراہِ نگر سے گزارا جا رہا ہے، پانی کے اخراج میں کمی آئی ہے، پانی نکلنے کے بعد عارضی پل تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ شیر آباد گاؤں کے 22 گھروں سے مقامی آبادی کو نکال کر ان گھروں کو خالی کرا لیا گیا ہے، سیلابی ریلے سے ایک جماعت خانے کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ڈپٹی کمشنر ہنزہ نے یہ بھی بتایا کہ علی آباد شہر اور حسن آباد گاؤں میں زرعی اور پینے کے پانی کا نظام تباہ ہو گیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, گلگت بلتستانTagged
61000