Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں اگلے ہفتے سے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کی پیشن گوئی

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا میں اگلے ہفتے(اتوار 8مئی 2022) سے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کی پیشن گوئی

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) خیبرپختونخوا میں اگلے ہفتے(اتوار 8مئی 2022) سے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کی پیشن گوئی پر صوبائی حکومت نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کیلئے الرٹ جاری کردیا ہے۔پیشن گوئی میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے بیشتر علاقوں بالخصوص جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت میں   07 سے 09 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔صوبائی حکومت نے محکمہ ہائے صحت اور ریسکیو کو ہیلتھ سٹروک مراکز اور سٹاف کی موجودگی جیسی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ساتھ یہ بھی ہدایت کی ہے کہ سیاحوں کو بھی گرمی میں اضافے بارے بروقت مطلع کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اسی طرح محکمہ اطلاعات اور صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ گرمی میں اضافے بارے عوام کو میڈیا کے ذریعے آگاہ کریں اور ان کو تلقین کریں کہ بلاضرورت سورج کی براہ راست روشنی میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور عوام کو پینے اور ٹھنڈا رہنے کیلئے پانی کے صحیح استعمال کی بھی تلقین کریں۔

علاوہ ازیں محکمہ ہائے مواصلات وتعمیرات اور پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ دوران سفر گاڑی والوں کو ٹائروں میں ہوا کا پریشر کم رکھنے اور انجن کو اوورہیٹنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کی تلقین کریں۔ محکمہ زراعت کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کسانوں اور مال مویشی پالنے والوں کو آگاہ کریں کہ فصلوں اور جانوروں کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے پانی کے مناسب انتظامات سمیت دیگر ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔ درجہ حرارت میں اضافے سے صوبے کے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی صورت میں دریاؤں کا بہاؤ  بڑھ سکتا ہے جس کے لئے صوبائی حکومت نے پی ڈی ایم اے کو مستعد رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔اس حوالے سے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو بھی اپنا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عوام ہیلپ لائن 1700 پر کال کرکے ریلیف حاصل کر سکیں، اس کے علاوہ ریسکیو 1122 کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے یا آگ لگنے کی صورت میں قابو پانے کے لئے ہمہ وقت تیار رہے۔

pdma advisory for kp chitral


شیئر کریں: