Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت خیبرپختونخوا نے عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگادی

Posted on
شیئر کریں:

حکومت خیبرپختونخوا نے عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگادی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا حکومت نے چاند رات/ عید الفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے اس سلسلے میں صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو احکامات جاری کیے ہیں۔ پابندی کا مقصد چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی وجہ سے انسانی جانوں کے ممکنہ ضیاع اور امن و امان کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنا ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو مراسلہ جاری کردیا ہے جس میں چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کرنے اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دریں اثناءوزیراعلیٰ محمود خان نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ چاند رات اور عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ اس سلسلے میں جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ کی اندھی گولی کسی کی جان لے سکتی ہے یا کسی کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرسکتی ہے اور یہ ایک قانونی جرم ہے جو کسی کی عید کی خوشیوں کو زندگی بھر کے غم میں بدل سکتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ اپنی چند لمحوں کی خوشی کے لئے کسی کے گھر کو ماتم کدہ نہ بنایا جائے لہذا شہری نہ صرف خود ہوائی فائرنگ سے گریز کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس بات کی تلقین کرکے ذمہ دار اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

<><><><><><><><>

عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلیٰ محمود خان کا پیغام

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں محنت کش طبقے کی عزت وقار اور حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صوبے میں مزدور اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔یوم مئی کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن محنت کی عظمت اورقومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں ، محنت کشوں خصوصاً کانو ں میں کام کرنے والے مزدوروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے موثر قوانین سازی کے ساتھ ساتھ میکینیکل مائننگ متعارف کروانے پر کام جاری ہے۔ صوبائی حکومت نے صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے صنعتوں کے لئے درکار تربیت یافتہ افرادکی تیاری کا اہتمام کیا ہے۔ اس اقدام کامقصد محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے پر کشش صنعتی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ کارخانے لگا کر محنت کشوں کیلئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جا ئیں۔
<><><><><>

 

وزیراعلیِ کا چارسدہ کے علاقے نستہ میں پولیس اسٹیشن کے گیٹ پر بارودی مواد کے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز چارسدہ کے علاقے نستہ میں پولیس اسٹیشن کے گیٹ پر بارودی مواد کے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ دھماکے کو شرپسندی کا واقعہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے، صوبے کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں جس پر صوبے کے عوام کو بجا طور پر فخر ہے۔
<><><><><><><>

 

وزیراعلی کا سوات سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی وقار احمد خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سوات سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی وقار احمد خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وقار احمد خان کے اچانک انتقال کا سن کر انہیں دلی صدمہ ہوا اور وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
<><><><><><>


شیئر کریں: